مطالعہ کیوں اورکیسے کریں؟
اشاعت کی تاریخ: 13th, April 2025 GMT
انسانی زندگی کے ہر دور میں کتاب اور اس کے مطالعے کو ہمیشہ بلند مقام حاصل رہا ہے لیکن موجودہ دور میں مطالعے کا شوق اب خطرناک حد تک زوال پذیر ہے۔ طالب علموں نے صرف نصابی ضروریات کی تکمیل اور امتحانات پاس کرنے کی حد تک خود کو محدود کر لیا ہے وہ نصابی کتب کے علاوہ کچھ پڑھنے پر راضی نہیں، ایسے حالات میں ضروری ہو جاتا ہے کہ طالب علموں پر مطالعے کی اہمیت واضح کی جائے۔
ان پر واضح کیا جائے کہ انسان کے مزاج اور اس کی شخصیت کو متوازن رکھنے میں بہت سے عوامل کلیدی کردار ادا کرتے ہیں مگر سب سے بڑا اور فیصلہ کن کردار مطالعے کا ہوتا ہے۔ منظم مطالعہ انسانی فکر کو پختہ اور گفتگو کو پُر دلیل بنا دیتا ہے مطالعہ فکر اور نظر کو وسعت عطا کرتا ہے۔ اس سے خیالات میں بلندی اور سوچ میں معاملہ فہمی پیدا ہوتی ہے۔ اس طرح مطالعہ انسانی شخصیت کی تعمیر میں غیر معمولی کردار ادا کرتا ہے۔
مطالعے کے ضمن میں طلبا کو ایک مشکل پیش آتی ہے وہ یہ ہے کہ زندگی محدود ہے، علم لامحدود، اس لیے یہ ممکن نہیں کہ انسان اپنی زندگی میں سب کچھ پڑھ ڈالے۔ سوال یہ ہے کہ ایسی صورت میں طالب علم کیا راہ اختیار کرے۔
اس ضمن میں یاد رکھیں کہ کوئی علم بھی اپنی افادیت کے حوالے سے خالی نہیں مثلاً مذہب انسانی تخلیق کا راز بتاتا ہے اور انسان کو زندگی کا صحیح فلسفہ حیات دیتا ہے اور انسان کو فکری انتشار سے محفوظ کرکے اس کی زندگی کو معنی عطا کرتا ہے۔ اس لیے مذہب کی اہمیت اپنی جگہ مسلمہ ہے اس کی اہمیت سے کوئی ذی شعور شخص انکار نہیں کر سکتا۔
تاریخ کا مطالعہ بھی اپنی جگہ اہمیت کا حامل ہے، تاریخ واقعات کا مجموعہ ہوتی ہے۔ واقعات کے رونما ہونے میں سیاسی، معاشی، سماجی اور فکری اسباب پوشیدہ ہوتے ہیں اسی کو سمجھنے کا نام تاریخ ہے اس کے مطالعے سے ہمیں تاریخی شعور حاصل ہوتا ہے اس شعور کی بدولت ہم بحرانوں کا تجزیہ کرکے اس کی اصل وجوہات کی تہہ تک پہنچنے کے قابل ہو جاتے ہیں اور اس کے حل کی صلاحیت حاصل کر لیتے ہیں بشرط یہ کہ ہم نے تاریخ کا مطالعہ تعصب کی عینک اتار کر اور آزادی فکر کے ساتھ مطالعہ کیا ہو۔
نفسیات میں انسان کی ذہنی کیفیت، طرز عمل اور کردار کا مطالعہ کیا جاتا ہے۔ اس کی مدد سے ہمیں فرد اور اس کے طرز عمل کو سمجھنے میں مدد ملتی ہے جس طرح نفسیات میں فرد کے انفرادی طرز عمل کا مطالعہ کیا جاتا ہے بالکل اسی طرح عمرانیات (سماجیات) میں افراد یعنی معاشرے اور سماج کے اجتماعی طرز عمل اور رویے کا مطالعہ کیا جاتا ہے معاشرے یا سماج کو کس طرح اصول اور قوانین کے تحت ضابطے میں لایا جاتا ہے اس مطالعے کا نام سیاست ہے۔ نفسیات، عمرانیات اور سیاست کے مطالعے کے نتیجے میں ہمیں سماجی اور سیاسی شعور حاصل ہوتا ہے۔ اس لیے ان مضامین کے مطالعے کی اہمیت سے انکار ممکن نہیں۔
فلسفہ ہمیں بتاتا ہے کہ ہمیں کس طرح سوچنا چاہیے ادب احساس کی قوت کو جگاتا ہے۔ یہ مذہب کی طرح انسان سے برائے راست مخاطب نہیں ہوتا بلکہ غیر محسوس انداز میں آنکھوں اور کانوں کے راستے آپ کے دل و دماغ میں اتر کر آپ کے زاویہ نگاہ کو بدل دیتا ہے اس سے آپ کو زندگی گزارنے کا سلیقہ حاصل ہوتا ہے۔
فنون لطیفہ مثلاً مجسمہ سازی، رقص، موسیقی اور مصوری وغیرہ ہمارے خیالات اور جذبات کو خوبصورت بناتے ہیں۔ یہ خوب صورت خیالات اور جذبات ہماری خوبصورت زندگی کے ضامن ہوتے ہیں، اس لیے ادب اور فنون لطیفہ کا مطالعہ اپنی جگہ ایک خاص اہمیت رکھتا ہے۔
اب سوال یہ ہے ہر علم اپنی جگہ اپنی ایک افادیت رکھتا ہے کسی کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا تو ایسی صورت حال میں کس علم کو مطالعے کے حوالے سے خصوصی حیثیت دی جائے۔میری ذاتی رائے میں ہر موضوع پر تعارفی کتب کے طور پر واجبی معلومات لازمی حاصل کر لیں تاکہ زندگی کے تمام پہلوؤں سے ضروری آگاہی حاصل ہو جائے جہاں تک خصوصی مطالعے کا تعلق ہے اس ضمن میں اسی علم کا انتخاب کیا جائے جس میں آپ کا رجحان اور دلچسپی ہو۔ کتابوں کے انتخاب میں ہمیشہ احتیاط کی ضرورت پڑتی ہے۔ خام ذہن کے لیے بغیر سوچے سمجھے ہر طرح کی کتابوں کا مطالعہ فائدے کے بجائے نقصان کا باعث بن سکتا ہے۔ اس حوالے سے چند باتوں کا خیال رکھنا ضروری ہے۔
اکثر طالب علم مطالعہ کرنے کے لیے صحیح کتابوں کا انتخاب نہیں کرتے وہ ابتدا میں دقیق اور خشک موضوعات چنتے ہیں نتیجے میں وہ ابتدا میں ہی عدم دلچسپی کا شکار ہو کر مطالعے کے شوق سے دست بردار ہو جاتے ہیں۔ اس لیے ضروری ہے کہ مطالعے کے وقت کتب کی درجہ بندی کر لی جائے۔ ابتدا میں ابتدائی کتب کا مطالعہ کریں اوپر درجے کی وہ کتابیں جو ایک مدت بعد سمجھ میں آسکتی ہیں انھیں ابتدائی کتب کے مطالعے کے بعد زیر مطالعہ لیا جائے۔
ہر انسان کا کسی بھی چیز کو دیکھنے کا اپنا ایک زاویہ نگاہ ہوتا ہے۔ ہمارے یہاں بیشتر لکھنے والے جب کسی موضوعات بالخصوص کسی سیاسی موضوع پر لکھتے ہیں۔تو عموماً تصویر کا ایک رخ پیش کرتے ہیں تصویر کا دوسرا رخ نظرانداز کر دیتے ہیں وہ سمجھتے ہیں کہ تصویر کا دوسرا رخ پیش کرنے سے ان کا موقف کمزور ہو جائے گا۔
یہ بات درست نہیں ہے میری ذاتی رائے میں تصویر کا دوسرا رخ پیش کرنے سے تحریر نہ صرف دلکش ہو جاتی ہے بلکہ پراثر بھی اس لیے پڑھنے والوں کو ایسی کتابوں کا انتخاب کرنا چاہیے جس کے لکھنے والے متوازن سوچ کے حامل ہوں۔ انتہا پسندانہ تحریر کے مطالعے کے نتیجے میں انسان نہ صرف تنگ نظر ہو جاتا ہے بلکہ مطالعے کی افادیت سے بھی محروم ہو جاتا ہے۔ لسانی تعصبات اور فرقہ واریت پر مبنی کتب کے مطالعے سے گریز ضروری ہے ایسی کتب کے مطالعے سے انسان میں منفی جذبات جنم لیتے ہیں اور انسان ایسی چمگادڑ بن جاتا ہے جسے روشنی میں بھی اندھیرا دکھائی دیتا ہے۔
انسان کی ترجیحات میں اس کے معاشی سماجی اور مذہبی فرائض کی ادائیگی کو اولین حیثیت حاصل ہے اس لیے مطالعے کے لیے اپنا مناسب وقت مقرر کریں اس میں اتنا غرق نہ ہوں کہ زندگی کے باقی امور متاثر ہوں ان سب میں توازن ضروری ہے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: مطالعہ کیا مطالعہ کی مطالعے کے مطالعے کا کا مطالعہ کے مطالعے ضروری ہے اپنی جگہ تصویر کا طالب علم کی اہمیت زندگی کے حاصل ہو جاتا ہے دیتا ہے کتب کے اس لیے اور اس
پڑھیں:
دعا کی طاقت… مذہبی، روحانی اور سائنسی نقطہ نظر
دعا ایک ایسی روحانی طاقت ہے جو ہر مذہب، ہر دور اور ہر دل کی گہرائیوں میں زندہ ہے۔ چاہے انسان کسی دین سے ہو، کسی خطے سے ہو، جب دل بیقرار ہوتا ہے، زبان سے نکلا ہوا ایک سادہ لفظ ’’اے خدا!‘‘ پورے آسمان کو ہلا دیتا ہے۔ قرآن، تورات، انجیل، احادیثِ نبویہ، رومی کی تعلیمات اور آج کے سائنسدان سب اس امر پر متفق ہیں کہ دعا میں ایک غیر مرئی طاقت ہے جو انسان کی روح، جسم اور کائنات کے ساتھ گہرے تعلقات پیدا کرتی ہے۔
-1 دعا قرآن کی روشنی میں:قرآن کریم دعا کو عبادت کی روح قرار دیتا ہے:’’وقال ربکم ادعونِی استجِب لکم(سورۃ غافر: 60)’’ اور تمہارے رب نے فرمایا کہ مجھے پکارو، میں تمہاری دعا قبول کروں گا۔‘‘
واِذا سالک عِبادِی عنیِ فاِنیِ قرِیب (سورۃ البقرہ: 186)
’’جب میرے بندے میرے بارے میں تم سے پوچھیں تو (کہہ دو کہ) میں قریب ہوں۔‘‘
-2 احادیث کی روشنی میں:حضرت محمدﷺ نے فرمایا:’’الدعا ء ھو العِبادۃ‘‘ (ترمذی) دعا ہی عبادت ہے۔ایک اور حدیث میں فرمایا:جو شخص اللہ سے دعا نہیں کرتا، اللہ اس سے ناراض ہوتا ہے۔(ترمذی)
-3 تورات اور بائبل میں دعا:تورات میں حضرت موسی علیہ السلام کی دعائوں کا ذکر کئی مقامات پر آیا ہے، خصوصاً جب وہ بنی اسرائیل کے لیے بارش یا رہنمائی مانگتے ہیں۔بائبل میں حضرت عیسی علیہ السلام فرماتے ہیں:مانگو، تمہیں دیا جائے گا؛ تلاش کرو، تم پا ئوگے؛ دروازہ کھٹکھٹا، تمہارے لیے کھولا جائے گا۔(متی 7:7)
-4 مولانا رومی کا نکتہ نظر:مولانا رومی رحمتہ اللہ علیہ فرماتے ہیں:دعا وہ پل ہے جو بندے کو معشوقِ حقیقی سے جوڑتا ہے۔ایک اور مقام پر کہتے ہیں:تم دعا کرو، تم خاموشی میں بھی پکارو گے تو محبوب سنے گا، کیونکہ وہ دلوں کی آواز سنتا ہے، نہ کہ صرف الفاظ۔
-5 سائنسی اور طبی تحقیقات:جدید سائنسی تحقیقات بھی دعا کی اہمیت کو تسلیم کر چکی ہیں: ہارورڈ میڈیکل اسکول کی ایک تحقیق کے مطابق، دعا اور مراقبہ دل کی دھڑکن کو کم کرتے ہیں، دماغی سکون پیدا کرتے ہیں اور قوتِ مدافعت کو بڑھاتے ہیں۔
ڈاکٹر لاری دوسے ، جو کہ ایک معروف امریکی ڈاکٹر ہیں، نے کہا:میں نے اپنی میڈیکل پریکٹس میں ایسے مریض دیکھے ہیں جو صرف دعا کی طاقت سے بہتر ہو گئے، جب کہ دوا کام نہ کر رہی تھی۔
ڈاکٹر ہربرٹ بینسن کے مطابق‘ دعا جسم میں ریلیکسیشن رسپانس پیدا کرتی ہے، جو ذہنی دبائو، ہائی بلڈ پریشر، اور بے خوابی کا علاج بن سکتی ہے۔
-6 دعا کی روحانی قوت اور موجودہ دنیا: آج جب دنیا مادی ترقی کی دوڑ میں الجھی ہوئی ہے، انسان کا باطن پیاسا ہے۔ دعا وہ چشمہ ہے جو انسان کی روح کو سیراب کرتا ہے۔ یہ دل کی صدا ہے جو آسمانوں تک پہنچتی ہے۔ دعا صرف مانگنے کا نام نہیں، بلکہ ایک تعلق، ایک راستہ، ایک محبت ہے رب کے ساتھ۔
دعا ایک معجزہ ہے جو خاموشی سے ہماری دنیا کو بدل سکتی ہے۔ یہ وہ طاقت ہے جو نہ صرف بیماریوں کا علاج ہے، بلکہ تنہائی، خوف، بے سکونی اور بے مقصد زندگی کا حل بھی ہے۔ اگر انسان اپنے دل سے اللہ کو پکارے، تو وہ سنتا ہے، اور جب وہ سنتا ہے، تو سب کچھ بدل جاتا ہے۔
دعا ایک تحفہ ہے جو ہم ایک دوسرے کو دے سکتے ہیں اور دعا کا تحفہ دوسروں کو دے کر اس کا اجروثواب بھی حاصل کرتے ہیں ۔ لیکن شرط یہ ہے کہ دعا حضور قلب و ذہن سے روح توانائی سے کی جائے یعنی پوری توجہ اور اللہ پر کامل توکل کے ساتھ کی جائے۔ دعا پر نہیں مگر طاقت پرواز رکھتی ہے ۔ اللہ ہمیں قلب و روح گہرائیوں سے دعا کرنے کی سمجھ اور توفیق عطا فرمائے اور ایک دوسرے کو یہ عظیم اور مقدس تحفہ بانٹے رہیں۔
اے اللہ ہمیں دعائیں کرنے کی توفیق عطا فرما اور ہماری دعائیں قبول فرما اور ہمیں مستجاب دعا بنا ۔ یا سمیع الدعاء