اسٹیج اور ٹی وی کے معروف اداکار و کامیڈین جاوید کوڈو انتقال کر گئے
اشاعت کی تاریخ: 13th, April 2025 GMT
لاہور:
اسٹیج، فلم اور ٹیلی ویژن کے نامور اداکار و کامیڈین جاوید کوڈو طویل علالت کے بعد 63 برس کی عمر میں لاہور کے جنرل اسپتال میں انتقال کر گئے۔
اداکار جاوید کوڈو کئی عرصے سے مختلف بیماریوں میں مبتلا تھے۔
جاوید کوڈو نے 1980 کی دہائی میں اپنے فنی سفر کا آغاز کیا اور اپنی منفرد اداکاری، مزاحیہ انداز اور چھوٹے قد کی وجہ سے جلد ہی عوام میں مقبولیت حاصل کر لی۔
انہوں نے 150 سے زائد اردو و پنجابی فلموں، سینکڑوں اسٹیج ڈراموں اور ٹی وی شوز میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔
ان کی صحت کے مسائل کئی برسوں پر محیط رہے۔ 2016 میں انہیں دماغ کی شریان میں خرابی کے باعث گنگا رام اسپتال منتقل کیا گیا تھا، جب کہ بعد ازاں ایک ٹریفک حادثے میں زخمی ہونے کے بعد ان کا کولہے کی ہڈی کا آپریشن بھی کیا گیا۔
اہل خانہ کے مطابق جاوید کوڈو شوگر، بلڈ پریشر اور دیگر پیچیدہ امراض میں مبتلا تھے۔
جاوید کوڈو تین بیٹوں اور بیوہ کو سوگوار چھوڑ گئے ہیں۔ ان کی نماز جنازہ کے وقت اور مقام کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
جاوید کوڈو کے انتقال پر فلم، ٹی وی اور اسٹیج سے وابستہ فنکاروں نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے اور ان کی فنی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
TagsShowbiz News Urdu.
ذریعہ: Al Qamar Online
پڑھیں:
معاوضے کا تنازع، کورولش عثمان کے اداکار نے ڈرامے کو خیر باد کہہ دیا
ترک اداکار براق اوزچیویت نے مشہور ڈرامہ سیریز کورولش عثمان کو معاوضے کے تنازع کے باعث خیر باد کہہ دیا ہے۔
ترکی میڈیا ادارے کے مطابق براق گزشتہ پانچ سیزنز سےاس ڈرامے میں ’عثمان بے‘ کا مرکزی کردار ادا کر رہے تھے جوکہ ارتغرل غازی کے بیٹے کا کردار ہیں اب اس ڈرامہ سیریز کو خیر باد کہہ چکے ہیں۔
ترک میڈیا رپورٹس کے مطابق براق اور پروڈیوسر مہمت بوزداغ کے درمیان نئے سیزن کے لیے معاوضے پر اختلافات سامنے آئے۔ اداکار نے فی قسط 40 لاکھ ترک لیرا کا مطالبہ کیا، جو پروڈکشن ٹیم کے لیے قابل قبول نہیں تھا۔
معاملہ کشیدہ ہونے کے بعد دونوں فریقین نے مبینہ طور پر ایک دوسرے کو سوشل میڈیا پر اَن فالو بھی کر دیا، جس سے اختلافات کی خبریں مزید تقویت پکڑ گئیں۔ براق اوزچیویت نے انسٹاگرام پر اسٹوری میں الوداع کہنے کو "عظیم خوبی" قرار دیتے ہوئے ناظرین کا شکریہ ادا کیا اور جلد نئی کہانی میں واپسی کا بھی اعلان کیا۔
نئے سیزن میں کہانی عثمان بے کے بیٹے، اورحان غازی پر مرکوز ہوگی جبکہ بوڑھے عثمان کا کردار بھی متعارف کروایا جائے گا جو کوئی اور اداکار ادا کرے گا۔ نئے مرکزی کردار کے لیے مرت یازجی اوغلو، مرات یلدرم اور ابراہیم چیلیک کول جیسے اداکاروں کے نام زیر غور ہیں۔