پشاور ہائیکورٹ؛ پی ٹی آئی رہنماؤں و کارکنان کی ضمانت منسوخ کرنیکی درخواستیں خارج
اشاعت کی تاریخ: 14th, April 2025 GMT
پشاور ہائیکورٹ نے صوبائی حکومت کی جانب سے پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنان کی ضمانت منسوخی کے لیے دائر درخواستیں خارج کر دیں۔
پی ٹی آئی رہنما و ممبر قومی اسمبلی اسد قیصر، صوبائی وزیر آفتاب عالم، فیصل خان، شکیل خان اور دیگر 200 سے زائد ممبران اسمبلی اور کارکنان کی ضمانتیں منسوخ کرنے کے لیے دائر درخواستوں پر سماعت ہوئی۔
جسٹس صاحبزادہ اسداللہ نے کیس کی سماعت کی۔ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نیاز محمد اور اے اے جی عبد الروف آفریدی عدالت میں پیش ہوئے۔
ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نیاز محمد نے کہا کہ 2023 میں نگراں دور حکومت میں یہ ضمانتیں خارج کرنے کی درخواستیں دائر ہوئیں، ملزمان پر الزام ہے کہ انھہں نے احتجاج کیا تھا اور سڑک کو ٹریفک کے لیے بند کیا تھا۔ ملزمان پر الزام ہے کہ انہوں نے اسٹیٹ اور سیکیورٹی فورسز کے خلاف نعرے لگائے، ملزمان پر جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ کے بھی الزامات ہیں اور ٹرائل کورٹ میں اب ان کے کیسز چل رہے ہیں۔
عدالت نے استفسار کیا کہ ان کو ضمانتیں کس بنیاد پر ملی ہیں؟ اے اے جی نے بتایا کہ ان کیسز میں ملزمان کی شناخت پریڈ نہیں ہوئی اور ان سے کوئی غیرقانونی مواد برآمد نہیں ہوا، یہ اس وقت کی نگراں حکومت نے کیسز بنائے تھے، کسی بھی قسم کی سی سی ٹی وی فوٹیج موجود نہیں ہے۔
ہائیکورٹ نے صوبائی حکومت کی جانب سے ملزمان کی ضمانتیں منسوخ کرنے کی درخواستیں خارج کر دی۔
سانحہ 9 مئی کے بعد پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنان کے خلاف مقدمات درج کیے گئے جبکہ ملزمان کو مختلف ماتحت عدالتوں نے ضمانتیں دیں تھیں۔
نگراں حکومت نے ضمانتیں منسوخ کرنے کے لیے درخواستیں دائر کی تھیں تاہم پشاور ہائیکورٹ نے صوبائی حکومت کی درخواستیں خارج کر دی۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: درخواستیں خارج کی درخواستیں کے لیے
پڑھیں:
عوام کو قدرتی آفات سے پہنچے ہر نقصان کا ازالہ کریں گے، وزیراعلیٰ کے پی
پشاور:وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت قدرتی آفات سے ہونے والے نقصانات کا مکمل ازالہ کرے گی، انشاءاللہ ہم سب مل کر بہت جلد اس صورتحال پر قابو پا لیں گے۔
صوبے میں موجودہ ہنگامی صورتحال سے متعلق اپنے ویڈیو بیان میں انہوں نے کہا کہ صوبے خصوصاً مالاکنڈ اور ہزارہ ریجنز میں کلاوڈ برسٹ اور بارشوں کی وجہ سے بھیانک قسم کے سیلابی ریلے آئے ہیں جس کے نتیجے میں مختلف حادثات ہوئے جس میں بہت زیادہ جانی و مالی نقصانات ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس صورتحال میں لوگوں کو ریسکیو کرنے کے لئے صوبائی حکومت کے دو ہیلی کاپٹرز کام کر رہے تھے، ان میں سے ایک ہیلی کاپٹر خراب موسم کی وجہ سے افسوسناک حادثے کا شکار ہوا جس کے نتیجے میں عملے کے پانچ افراد شہید ہوئے، اس ہنگامی صورتحال میں ضلعی انتظامیہ اور صوبائی حکومت کے تمام متعلقہ محکمے اور ادارے ریسکیو اور ریلیف کاروائیوں میں مصروف ہیں، اس صورتحال میں ہم لوگوں کے جان و مال کے تحفظ کے لئے تمام اقدامات یقینی بنا رہے ہیں۔
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ وزیر اعلیٰ ہاؤس میں کنٹرول روم کے ذریعے تمام صورتحال کی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے، متاثرہ اضلاع کے ساتھ ساتھ دیگر اضلاع کی انتظامیہ کو بھی ہائی الرٹ کیا گیا ہے، دیگر اضلاع میں بھی حفاظتی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں، متاثرہ علاقوں میں ریسکیو کارروائیوں اور بند سڑکوں کو کھولنے کے لئے ہیوی مشینری لگا دی گئی ہے، املاک کو پہنچنے والے نقصانات کے ازالے کے لئے بھی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔
وزیراعلی نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں صوبائی حکومت اپنی عوام کے ساتھ کھڑی ہے، صوبائی حکومت ان قدرتی آفات سے ہونے والے نقصانات کا مکمل ازالہ کرے گی، عوام سے اپیل ہے کہ احتیاطی تدابیر اپنائیں اور اس سلسلے میں انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں، ہمارے منتخب عوامی نمائندے بھی اس وقت متاثرہ علاقوں میں موجود ہیں، منتخب نمائندے بھی مقامی انتظامیہ کے ساتھ کوارڈینیشن رکھیں، انشاءاللہ ہم سب مل کر بہت جلد اس صورتحال پر قابو پا لیں گے۔