جنوبی وزیرستان میں انسداد پولیو ٹیم پر حملہ، کانسٹیبل شہید اور دہشت گرد ہلاک
اشاعت کی تاریخ: 21st, April 2025 GMT
وارسک: جنوبی وزیرستان میں انسداد پولیو ٹیم پر حملے میں ایک پولیس کانسٹیبل شہید جب کہ جوابی کارروائی میں ایک دہشت گرد ہلاک ہوگیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق انسداد پولیو ٹیم پر حملے کا یہ واقعہ جنوبی وزیرستان کے علاقے اعظم وارسک میں پیش آیا، سینٹرل پولیس آفس نے حملے کی تصدیق کی ہے۔
پولیس کے مطابق دہشت گردوں نے انسداد پولیو ٹیم اور اس کی سیکیورٹی پر مامور پولیس ٹیم پر بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا جس پر پولیس نے جوابی فائرنگ کی، یہ مقابلہ نصف گھنٹے تک جاری رہا جس کے نتیجے میں ایک دہشت گرد مارا گیا اور باقی فرار ہوگئے جب کہ دہشت گردوں کی فائرنگ سے ایک کانسٹیبل شہید ہوگیا۔
پولیس کے مطابق ہلاک دہشت گرد کی شناخت افنان کے نام سے ہوئی جس کے قبضے سے دو شناختی کارڈز، تین اے ٹی ایم کارڈز اور موبائل فون برآمد ہوا جب کہ فرار ہوئے دہشت گردوں کے قبضے سے ایک ایس ایم جی، راکٹ لانچر اور دو موٹر سائیکلیں برآمد ہوئیں۔
عوام دباؤ میں نہ آئیں، پولیو کے خلاف مہم جاری رہے گی، وزیراعظم
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کانسٹیبل کی شہادت پر اظہار افسوس کیا ہے۔ وزیراعظم نے زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ انسداد پولیو مہم کے کارکنوں پر اور ان کے تحفظ پر مامور اہلکاروں پر حملہ کرنے والے دہشت گرد انسانیت اور قوم کے دشمن ہیں، معصوم شہریوں کی جان و مال کو نقصان پہنچانے والے انسانیت کے دشمن ہیں جنہیں کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔
انہوں ںے کہا کہ عوام سے اپیل ہے کہ ان عناصر کے دباؤ میں نہ آئیں، پولیو کے خلاف مہم جاری رکھی جائے گی، حکومت پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے دہشت گردی کی عفریت کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے دن رات محنت کر رہے ہیں۔
مالاکنڈ میں پولیو ڈیوٹی پر مامور لیوی اہلکار سے اسلحہ اور بائیک چھن گئی
اس طرح مالاکنڈ میں بھی انسداد پولیو ٹیم کے ساتھ واقعہ پیش آیا ہے۔ مالاکنڈ میں موٹر سائیکل پر پولیو ڈیوٹی دینے جانے والے لیوی اہلکار سے نامعلوم افراد نے اسلحہ اور موٹر سائیکل چھین لی۔
لیوی ذرائع کے مطابق ملزمان موٹر سائیکل دریا میں پھینک کر اور اسلحہ چھین کر فرار ہوگئے جبکہ اہلکار محفوظ ہے۔
انسداد پولیو مہم پانچ روزہ جاری رہے گی
دریں اثنا خیبرپختونخوا میں پانچ روزہ انسداد پولیو مہم جاری ہے، پولیو مہم صوبے کے 37اضلاع میں شروع کی گئی ہے۔ پانچ روزہ مہم میں 65 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔
پولیو ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے مطابق پولیو مہم میں ٹیمیں گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائیں گی، پولیو ٹیموں کی سیکیورٹی کیلئے 5ہزار پولیس اہلکاروں کو متعین کیا گیا ہے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: انسداد پولیو ٹیم پولیو مہم کے مطابق ٹیم پر
پڑھیں:
خیبر پختونخوا میں پولیو ڈیوٹی پر مامور پولیس پارٹی پر حملہ
پشاور:خیبر پختونخوا میں پولیو ڈیوٹی پر مامور پولیس پارٹی پر حملہ ہوا ہے، تاہم جوابی کارروائی میں حملہ آور زخمی حالت میں گرفتار کرلیے گئے۔
پولیس کے مطابق ڈی آئی خان کے تھانہ شورکوٹ کی حدود میں پولیو ڈیوٹی پر مامور پولیس پارٹی پر 2 نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے فائرنگ کردی، جس پر پولیس کی جوابی فائرنگ سے 2 نامعلوم حملہ آور زخمی حالت میں گرفتار کرلیے گئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او شورکوٹ بھاری نفری سمیت موقع پر پہنچ گئے اور ناکا بندی کرکے سرچ آپریشن شروع کردیا گیا۔ پولیس کی جوابی فائرنگ سے دونوں مشکوک ملزمان زخمی حالت میں گرفتار کیے گئے ہیں۔
ملزمان کے قبضے سے 2 پستول و دیگر اسلحہ،بمعہ موٹر سائکل برآمد کرلی گئی ہے۔
حکام کے مطابق پولیس نے بروقت کارروائی سے ملزمان کے مذموم عزائم کو خاک میں ملادیا۔ گرفتار مشکوک ملزمان سے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔
فائرنگ سے باپ 2 بیٹوں سمیت جاں بحق
علاوہ ازیں ڈی آئی خان کے علاقے ٹانک میں فائرنگ سے باپ 2 بیٹوں سمیت جاں بحق ہوگیا۔ پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ بازار میں پیش آیا۔ واقعے کی تفتیش شروع کردی گئی ہے۔
Post Views: 1