کراچی میں ڈکیتی مزاحمت پر آن لائن رائیڈر قتل، 4 ماہ میں ڈاکوؤں نے 34 شہری مار ڈالے
اشاعت کی تاریخ: 26th, April 2025 GMT
مقتول آن لائن موٹرسائیکل رائیڈر، مسجد میں خادم اور 3 بچوں کا باپ تھا۔ واقعے کے وقت نارتھ کراچی سے کورنگی کی جانب جا رہا تھا۔ اسلام ٹائمز۔ شہر قائد میں ڈکیتی مزاحمت پر آن لائن رائیڈر کو قتل کر دیا گیا، 4 ماہ کے دوران ڈاکوؤں نے 34 شہریوں کو مار دیا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں لاقانونیت اور اسٹریٹ کرائمز کا سلسلہ تھم نہ سکا۔ شاہ فیصل کالونی میں باغ کورنگی پل کے قریب ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 50 سالہ موٹرسائیکل سوار جاں بحق ہوگیا۔ واقعہ شرافی گوٹھ تھانے کی حدود میں پیش آیا، جہاں موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں کی فائرنگ سے آن لائن رائیڈر جاں بحق ہوگیا، جس کی شناخت جناح اسپتال میں ندیم احمد کے نام سے ہوئی ہے۔ مقتول آن لائن موٹرسائیکل رائیڈر، مسجد میں خادم اور 3 بچوں کا باپ تھا۔ واقعے کے وقت نارتھ کراچی سے کورنگی کی جانب جا رہا تھا۔
فائرنگ کے بعد زخمی حالت میں ندیم کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ پولیس نے مقتول کی لاش قانونی کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دی۔ واضح رہے کہ رواں سال کے اعداد و شمار کے مطابق 2025ء کے آغاز سے اب تک ڈاکوؤں کے ہاتھوں قتل ہونے والے افراد کی تعداد 34 ہو چکی ہے، جن میں صرف جنوری میں 5، فروری میں 10، مارچ میں 9 اور اپریل میں اب تک 10 شہری لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ شہریوں نے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ کراچی میں بڑھتے ہوئے اسٹریٹ کرائمز کو روکنے کیلئے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: آن لائن
پڑھیں:
کراچی، حب پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کا بریک ڈاؤن کے سبب پانی کی فراہمی معطل
حب مین رائزنگ سے یومیہ تقریباً 8 کروڑ گیلن پانی فراہم کیا جاتا ہے، حب پمپنگ سے ضلع غربی کو پانی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ اسلام ٹائمز۔ شہر قائد میں حب پمپنگ اسٹیشن پر بجلی کا بریک ڈاؤن ہو گیا۔ سی او او واٹر کارپوریشن اسد اللّٰہ خان کے مطابق بجلی کے بریک ڈاؤن کے باعث حب رائزنگ کی مین لائن پھٹ گئی، بجلی کے بریک ڈاؤن کے باعث لائن پھٹنے سے پمپنگ مکمل طور پر بند ہو گئی۔ اسد اللّٰہ خان نے کہا کہ حب مین رائزنگ سے یومیہ تقریباً 8 کروڑ گیلن پانی فراہم کیا جاتا ہے، حب پمپنگ سے ضلع غربی کو پانی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ انہوں نے کہا کہ حب رائزنگ کی مین لائن کی مرمت میں 24 گھنٹے لگیں گے۔