مصری وزیر خارجہ کا ایرانی عوام کیساتھ اظہار یکجہتی
اشاعت کی تاریخ: 28th, April 2025 GMT
بدر عبد العاطی سے اپنی ایک ٹیلیفونک گفتگو میں ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ اس وقت ضروری ہے کہ غزہ اور مغربی کنارے سے فلسطینیوں کی جبری نقل مکانی کے صیہونی منصوبے کو روکا جائے۔ اسلام ٹائمز۔ ایرانی وزیر خارجہ "سید عباس عراقچی" سے اُن کے مصری ہم منصب "بدر عبد العاطی" نے ٹیلیفونک گفتگو کی۔ اس موقع پر مصری وزیر خارجہ نے شہید رجائی پورٹ پر دھماکے کا نشانہ بننے والے افراد سے اظہار ہمدردی کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی۔ اپنی گفتگو کے دوران بدر عبد العاطی نے صیہونی جرائم کو روکنے اور غزہ کی بے گناہ عوام تک انسانی امداد کی رسائی کے لئے مصر کی کوششوں سے ایرانی وزیر خارجہ کو آگاہ کیا۔ دوسری جانب سید عباس عراقچی نے غزہ میں خوراک اور ادویات کو روکنے اور اس کے ساتھ ساتھ بے گناہ لوگوں کے قتل کو انسانیت کی تاریخ میں ایک ایسا جرم قرار دیا جس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینیوں کی نسل کشی اور اسرائیلی جرائم میں امریکہ و صیہونی رژیم کے حواری ملک برابر کے شریک ہیں۔ ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ اس وقت ضروری ہے کہ غزہ اور مغربی کنارے سے فلسطینیوں کی جبری نقل مکانی کے صیہونی منصوبے کو روکا جائے۔ انہوں نے اِن انسانیت سوز جرائم پر عالمی برادری کی خاموشی کو حیرت انگیز قرار دیا۔ آخر میں سید عباس عراقچی نے اپنے مصری ہم منصب کو امریکہ کے ساتھ ہونے والے غیر مستقیم مذاکرات میں تازہ ترین پیش رفت سے آگاہ کیا۔
.ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: ایرانی وزیر خارجہ
پڑھیں:
پاکستان ہائی کمیشن لندن میں یوم دفاع کی تقریب، سیلاب متاثرین سے اظہارِ یکجہتی
لندن: پاکستان ہائی کمیشن لندن میں یوم دفاع پاکستان کے موقع پر ایک پروقار اور سادہ تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں وطن کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے ساتھ ساتھ پاکستان میں حالیہ سیلاب متاثرین کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا گیا۔
تقریب کا آغاز برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل کی جانب سے قومی ترانے کی دھن پر پاکستانی پرچم کشائی سے ہوا۔ اس موقع پر ہائی کمیشن کے افسران، عملہ اور کمیونٹی کے دیگر افراد بھی موجود تھے۔
شہداء کو خراجِ عقیدت، سیلاب متاثرین سے یکجہتی
اپنے کلیدی خطاب میں ہائی کمشنر ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ یوم دفاع صرف ایک دن نہیں، بلکہ جذبے کا نام ہے جو ہر پاکستانی کو اپنے وطن کے لیے خدمت اور وفاداری کے عہد کی یاد دہانی کراتا ہے۔ انہوں نے وطن عزیز کے شہداء اور غازیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں پاکستان کو مضبوط اور مستحکم بناتی ہیں۔
ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے ہمیشہ ملک کے دفاع میں شاندار کردار ادا کیا ہے، اور ان کی پیشہ ورانہ مہارت کو دنیا بھر میں سراہا گیا ہے۔ انہوں نے خاص طور پر آپریشن “بنیان مرصوص” کا ذکر کیا، جسے پاکستان کی عسکری تاریخ کا ایک سنہرا باب قرار دیا۔
مسلح افواج کے ساتھ قوم کا پختہ عزم
تقریب کے دوران یہ عہد دہرایا گیا کہ پوری قوم اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور وطن کی خودمختاری پر آنچ نہیں آنے دے گی۔ کسی بھی اندرونی یا بیرونی سازش کو اتحاد اور قومی یکجہتی سے ناکام بنایا جائے گا۔
سیلاب متاثرین کے لیے دعا اور سادگی
اس سال تقریب کو سادگی سے منانے کا فیصلہ کیا گیا تاکہ پاکستان میں حالیہ سیلاب سے متاثرہ افراد کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا جا سکے۔ تقریب کے اختتام پر ملک کی سلامتی، شہداء، ہیروز اور سیلاب متاثرین کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔
یاد رہے کہ دنیا بھر میں پاکستان کے سفارتخانے ہر سال یوم دفاع کے موقع پر تقریبات کا انعقاد کرتے ہیں، جن میں مقامی کمیونٹی، ڈیفنس اتاشی، اور دیگر معزز مہمانوں کو مدعو کیا جاتا ہے۔ تاہم، اس سال کی تقریبات کو قومی سانحے کے پیشِ نظر انتہائی سادگی سے منایا گیا۔