کراچی، سپر ہائی وے پر تیز رفتار گاڑی کی موٹر سائیکل کو ٹکر، ایک شخص جاں بحق، بھانجا زخمی
اشاعت کی تاریخ: 29th, April 2025 GMT
کراچی:
سپرہائی وے پر تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار ایک شخص جاں بحق اور اس کا 9 سالہ بھانجہ زخمی ہوگیا ، متوفی کی 6 ماہ قبل شادی ہوئی تھی۔
تفصیلات کے مطابق سہراب گوٹھ کے علاقے سپر ہائی وے خان جی ریسٹورنٹ کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار ایک شخص جاں بحق اور 9 سالہ بچہ زخمی ہوگیا ، جاں بحق ہونے والے شخص کی لاش اور زخمی کو چھیپا ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔
پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت 42 سالہ عدنان خان ولد سعید خان اور زخمی کی 9 سالہ عفان ولد عمیر کے نام سے کی گئی۔
مزید پڑھیں: کراچی: سپر ہائی وے پر ٹریفک حادثہ، نوجوان جاں بحق
جاں بحق ہونے والے شخص کے برادر نسبتی عمیر نے بتایا کہ متوفی عدنان فلیٹ نمبر B-7 ، عصمت کارنر بلاک 7 فیڈرل بی ایریا کا رہائشی تھا اور آن لائن ٹیکسی چلانے کا کام کرتا تھا ، متوفی کی 6 ماہ قبل شادی ہوئی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ زخمی ہونے والا بچہ متوفی کا بھانجہ اور ان کا بیٹا ہے عفان ، انہوں نے بتایا کہ حادثہ کس گاڑی سے ہوا اس کے بارے میں نہ ان کا بیٹا عفان بتا رہا اور نہ اس سلسلے میں پولیس کو علم ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ورثا نے قانونی کارروائی کرانے سے انکار کر دیا ، پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کر دی ۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
لاہور سے اغوا کی گئی 11 سالہ بچی کراچی سے بازیاب
لاہور:لاہور سے اغوا کی گئی گیارہ سالہ بچی کو کراچی سے بازیاب کروا کر والدین کے حوالے کردیا گیا۔
سیف سٹی ورچوئل سینٹر فار چائلڈ سیفٹی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے لاہور کے علاقے کاہنہ سے اغوا ہونے والی 11 سالہ بچی آیت کو کراچی سے بحفاظت بازیاب کروا لیا۔
ترجمان کے مطابق آیت اپنے گھر کے باہر کھیلتے ہوئے لاپتا ہو گئی تھی، جس پر والدین نے فوری طور پر ایمرجنسی ہیلپ لائن 15 پر اطلاع دی۔ بعد ازاں تحقیقات سے معلوم ہوا کہ اغوا کار بچی کو لاہور سے ٹرین کے ذریعے کراچی لے جا رہا تھا، تاہم راستے میں وہ بچی کو ٹرین میں اکیلا چھوڑ کر غائب ہو گیا۔
ہوش میں آنے پر گیارہ سالہ آیت نے خود کو تنہا پایا اور بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے قریبی شہری سے فون لے کر اطلاع دی کہ وہ روہڑی ریلوے اسٹیشن پر موجود ہے۔
اطلاع ملتے ہی سیف سٹی ٹیم نے فوری طور پر ریلوے پولیس سے رابطہ کیا، جس پر ریلوے پولیس نے بچی کو روہڑی اسٹیشن پر اپنی تحویل میں لے لیا۔ بعد ازاں اُسے کراچی کینٹ تھانے منتقل کیا گیا، جہاں لاہور سے والد اور انویسٹی گیشن آفیسر بچی کو لینے پہنچے۔
سیف سٹی، لاہور پولیس اور سندھ پولیس کی بروقت اور مربوط کارروائی کے نتیجے میں آیت کو بحفاظت والدین کے حوالے کر دیا گیا۔
ترجمان سیف سٹی کے مطابق ’’میرا پیارا‘‘ٹیم اب تک 35 ہزار سے زائد گمشدہ یا لاوارث افراد کو اُن کے پیاروں سے ملوانے میں کامیاب ہو چکی ہے۔ عوام سے اپیل ہے کہ کسی بھی گمشدہ یا لاوارث شخص کی اطلاع فوری طور پر 15 پر دیں تاکہ بر وقت مدد ممکن بنائی جا سکے۔