پاکستان کے خلاف ٹی 20 سیریز کے لیے بنگلا دیشی اسکواڈ کا اعلان
اشاعت کی تاریخ: 5th, May 2025 GMT
ڈھاکا:
بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے 16 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا۔
وکٹ کیپر بلے باز لٹن داس کو باضابطہ طور پر ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا کپتان مقرر کردیا گیا ہے۔ وہ نجم الحسن شانتو کی جگہ ٹیم کی قیادت کریں گے جنہوں نے رواں سال کے آغاز میں کپتانی سے استعفیٰ دے دیا تھا، آف اسپنر مہدی حسن اسکواڈ میں نائب کپتان کے طور پر شامل ہیں۔
لٹن داس نے گزشتہ برس دسمبر میں شانتو کے انجرڈ ہونے پر ویسٹ انڈیز کے خلاف تین میچز پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بھی ٹیم کی قیادت کی تھی، 30 سالہ لٹن داس ایک ٹیسٹ، سات ون ڈے اور چار ٹی ٹوئنٹی میچز میں بنگلہ دیش کی قیادت کر چکے ہیں۔
حال ہی میں لٹن داس پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 10 میں کراچی کنگز کا حصہ تھے تاہم تربیت کے دوران انگلی کی چوٹ لگنے کے باعث وہ لیگ سے باہر ہوگئے تھے۔
نجم الحسن شانتو ان پانچ کھلاڑیوں میں شامل ہیں جو اسکواڈ میں واپس آئے ہیں۔ دیگر واپسی کرنے والے کھلاڑیوں میں توحید ہردوئے، تنویر اسلام، مستفیض الرحمان اور شرف الاسلام شامل ہیں۔
واضح رہے کہ بنگلہ دیش پہلے متحدہ عرب امارات کا دورہ کرے گا جہاں 17 اور 19 مئی کو شارجہ میں دو ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جائیں گے۔ اس کے بعد بنگلہ دیشی ٹیم پاکستان روانہ ہوگی جہاں وہ 25 مئی سے 3 جون تک پانچ میچوں پر مشتمل سیریز کھیلے گی۔
بنگلہ دیش کا ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ:
لٹن داس (کپتان)، تنزید حسن، پرویز حسین، سومیہ سرکار، نجم الحسن شانتو، توحید ہردوئے، شمیع حسین، جاکر علی، رشاد حسین، مہدی حسن (نائب کپتان)، تنویر اسلام، مستفیض الرحمان، حسن محمود، تنزیم حسن سقیب، ناہید رانا اور شرف الاسلام۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: بنگلہ دیش ٹی ٹوئنٹی لٹن داس
پڑھیں:
ایشیا کپ: بنگال ٹائیگرز آگے جائیں گے یا افغانستان، فیصلہ سری لنکا افغان میچ پر منحصر
ایشیا کپ میں جمعرات کو سری لنکا اور افغانستان کی ٹیمیں صف آرا ہوں گی۔ افغان ٹیم کی جیت کی صورت میں اگلے مرحلے میں رسائی کا فیصلہ نیٹ رن ریٹ پر ہوگا۔
گروپ بی میں صورتحال خاصی دلچسپ ہے، سری لنکا دونوں میچز جیت کر چار پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ بنگلہ دیش نے تین میچز میں دو فتوحات سمیٹ کر چار پوائنٹس لے رکھے ہیں۔
افغان ٹیم اب تک کھیلے گئے دو میچز میں ایک کامیابی حاصل کرپائی ہے تاہم اس کا نیٹ رن ریٹ 2.150 ہے جبکہ بنگلہ دیش کا نیٹ رن ریٹ منفی 0.270 ہے۔
آج سری لنکا کے خلاف افغان ٹیم کی کامیابی بنگال ٹائیگرز کو خالی ہاتھ واپس لوٹنے پر مجبور کرسکتی ہے کیونکہ سری لنکن ٹیم 1.546 کے نیٹ رن ریٹ کے ساتھ قدرے بہتر پوزیشن میں ہے۔
ہانگ کانگ کی ٹیم تینوں میچز ہارکر پہلے ہی باہر ہوچکی ہے۔
اگر سری لنکا افغانستان کو شکست دیتا ہے تو وہ اپنے ساتھ بنگلہ دیش کو بھی سپر فور میں لے جائے گا۔
دوسری جانب اگر افغانستان فتح حاصل کرتا ہے تو وہ سپر فور میں رسائی حاصل کرلے گا۔ تاہم بنگلہ دیش کی رسائی اس بات پر منحصر ہوگی کہ افغانستان سری لنکا کو 65 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے یا ہدف کو کم از کم 11 اوورز میں حاصل کرے۔