لیاری میں ٹارگٹ کلنگ کا واقعہ، فائرنگ سے 3 بچوں کا باپ جاں بحق
اشاعت کی تاریخ: 8th, May 2025 GMT
کراچی:
لیاری کےعلاقے آگرہ تاج میں نجی اسپتال کے قریب فائرنگ سے 3 بچوں کا باپ جاں بحق ہوگیا ، ابتدائی اطلاعات کے مطابق واقعہ ٹارگٹ کلنگ کا شاخسانہ بتایا جاتا ہے ۔
کلری تھانے کی حدود لیاری سلمان آزاد روڈ پر نجی اسپتال کے سامنے بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب بینچ پر بیٹھے شخص پر نامعلوم موٹرسائیکل پر سوار ملزمان نے فائرنگ کر دی، جس سے وہ موقع پر جاں بحق ہوگیا جب کہ ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ۔
مقتول کی لاش ایدھی ایمبولینس کے ذریعے سول اسپتال منتقل کی گئی، جہاں اس کی شناخت 38 سالہ سلیم سومرو ولد رحیم سومرو کے نام سے کی گئی ۔ مقتول کو ماتھے پر لگنے والی گولی جان لیوا ثابت ہوئی ۔
مقتول جائے وقوع سے کچھ فاصلے پر رہائش پزیر تھا اور اکثر اس مقام پر آکر بیٹھا کرتا تھا۔
مقتول کے کزن نے سول اسپتال میں ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سلیم سومرو محنت کش تھا اور کورنگی میں نجی کمپنی کی کرین چلانے کا کام کرتا تھا جب کہ وہ 3 بچوں کا باپ تھا ۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ملزمان مقتول کی موٹرسائیکل یا پرس وغیرہ نہیں لے کر گئے ۔ مقتول کے کزن اور ورثا کو شبہہ ہے کہ سلیم کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ دشمنی کے بارے میں ورثا نے لاعلمی کا اظہار کیا۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
بورے والا ، نامعلوم افراد نے نوجوان کو گھرسے بلا کر ویرانے میں لےجا کر قتل کردیا، مقدمہ درج
بورے والا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2025ء) نامعلوم افراد نے نوجوان کو گھر سے بلا کر فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔ پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت ذیشان مصطفیٰ کے نام سے ہوئی ہے جو حساس ادارے کے ریٹائرڈ ملازم کا بیٹا تھا، قتل کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی۔(جاری ہے)
تفصیلات کے مطابق بورے والا تھانہ شیخ فاضل کی حدود نواحی گاوں 120/ ای بی میں قتل کا افسوس ناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں نامعلوم افراد گھر سے بلا کر نوجوان کو ویرانے میں لے گئے اورفائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا، مقتول کی شناخت ذیشان مصطفیٰ کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق مقتول حساس ادارے کے ریٹائرڈ ملازم غلام مصطفیٰ کا بیٹا تھا فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے نوجوان کی نعش پوسٹ مارٹم کے لئے اسپتال منتقل کر دی گئی ہے۔ تھانہ شیخ فاضل پولیس نے مقتول کے باپ کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی تاہم قتل کی وجہ تاحال سامنے نہیں آ سکی۔