بھارت کیخلاف آپریشن: وزیر اعظم نے نیشنل کمانڈ اتھارٹی کا اہم اجلاس طلب کرلیا
اشاعت کی تاریخ: 10th, May 2025 GMT
وزیر اعظم شہباز شریف نے بھارت کے خلاف "آپریشن بنیان المرصوص" کے آغاز کے بعد ملک کی اعلیٰ عسکری و سیاسی قیادت پر مشتمل نیشنل کمانڈ اتھارٹی (NCA) کا ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے۔ اجلاس موجودہ سیکیورٹی صورتحال اور جوابی کارروائیوں کے جائزے کے لیے بلایا گیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستان نے دشمن کے خلاف بھرپور جوابی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے جسے "آپریشن بنیان المرصوص" یعنی "آہنی دیوار" کا نام دیا گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق فجر کے وقت اس آپریشن کا آغاز کیا گیا، جس میں پاکستان نے بھارت میں 12 اہم اہداف کو نشانہ بنایا۔
ذرائع کے مطابق "فتح ون" میزائل کے ذریعے بھارت کے متعدد اسٹریٹیجک مراکز کو نشانہ بنایا گیا، جن میں ادھم پور اور پٹھان کوٹ ایئربیسز کے ساتھ ساتھ براہموس میزائل اسٹوریج کی تباہی شامل ہے۔ ان حملوں میں دشمن کو بھاری نقصان پہنچایا گیا ہے۔
وزیر اعظم نے صورتحال کی سنگینی کے پیشِ نظر نیشنل کمانڈ اتھارٹی کا اجلاس طلب کیا ہے ، واضح رہے کہ یہ اتھارٹی جوہری اثاثوں اور اسٹریٹیجک پالیسیوں سے متعلق اہم فیصلے کرتی ہے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
ایٹمی امور کا جائزہ لینے والی نیشنل کمانڈ اتھارٹی کا ہنگامی اجلاس طلب
سیاسی و عسکری قیادت نے انتباہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ جوابی کارروائی کے بعد بھارتی حرکت کے سنگین نتائج ہوں گے۔ اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ایٹمی معاملات کا جائزہ لینے والی نیشنل کمانڈ اتھارٹی کا ہنگامی اجلاس طلب کرلیا ہے۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے فوری طور پر نیشنل کمانڈ اتھارٹی کا اجلاس طلب کرلیا ہے، نیشنل کمانڈ اتھارٹی پاکستان کے جوہری معاملات کا جائزہ لیتی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کی جانب سے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے بعد بھارت کی جانب سے مزید کسی قسم کی کارروائی کی گئی تو پاکستان ایسا جواب دے گا جسے تاریخ یاد رکھے گی۔ اس اجلاس میں اہم فیصلے متوقع ہیں۔ پاکستان پہلے ہی واضح کر چکا ہے کہ بھارت نے مزید جارحیت کی تو ہائی ویلیو اہداف کونشانہ بنایا جائے گا، جوابی حملے کی صورت میں بھارت کے معاشی اہداف نشانے پر ہوں گے۔ سیاسی و عسکری قیادت نے انتباہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ جوابی کارروائی کے بعد بھارتی حرکت کے سنگین نتائج ہوں گے، ایسی تباہی ہوگی کہ دنیا ماضی کی تمام جنگیں بھول جائیں گی۔