پشاور؛ 2 خاندانوں میں فائرنگ سے خواتین سمیت 6 افراد جاں بحق
اشاعت کی تاریخ: 19th, May 2025 GMT
پشاور:
2 خاندانوں کے درمیان فائرنگ کے واقعے میں خواتین سمیت 6 افراد جاں بحق ہو گئے۔
ریسکیو 1122 کے مطابق فریقین کے مابین خٹکو پل کے علاقے میں فائرنگ سے 6 افراد جاں بحق ہوئے جن میں 3 خواتین بھی شامل ہیں جب کہ ایک خاتون زخمی ہوئی، جسے علاج کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق تھانہ ارمڑ کی حدود میں فائرنگ کے واقعے میں ملزمان نے کلاشنکوف کا استعمال کیا اور فائرنگ کے بعد ملزمان فرار ہیں۔ واقعہ گھریلو تنازع کا شاخسانہ لگتا ہے۔ دونوں خاندانوں کے گھر قریب ہیں۔
پولیس نے فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپا مار ٹیمیں تشکیل دے کر کارروائیاں شروع کردی ہیں۔
طبی ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں فضل امین ، حضرت امین ، احمد ، مسماۃ (ش)، مسماۃ (ن)، مسماۃ (ح) شامل ہیں جب کہ مسماۃ (ب) زخمی ہے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
فیصل آباد؛ 2 خواتین کے قتل کا ڈراپ سین، مدعی خود قاتل نکلا
پولیس نے قتل کے واقعے کا سراغ لگاتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کرلیا، جس میں مدعی خود ہی قاتل نکلا۔
ترجمان سی سی ڈی (کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ) کے مطابق کچھ عرصہ قبل ملت ٹاؤن فیصل آباد کے علاقے میں ہونے والی قتل کی واردات کا سراغ لگا لیا گیا، جس میں مقتولہ اقصیٰ بی بی کے دیور نے شوٹرز کے ساتھ مل کر بھابی کو قتل کیا۔
ملزم نے خود قتل کرکے اپنے مخالفین پر قتل کا مقدمہ درج کروادیا تھا۔
سی سی ڈی فیصل آباد نے پیشہ ورانہ مہارت سے اصل ملزمان کو ٹریس کرکے گرفتار کرلیا۔ ملزمان نے اقصیٰ بی بی (مقتولہ) کی والدہ سے ایک کروڑ 10 لاکھ روپے رقم بھی ہتھیالی تھی۔ گرفتار ملزمان میں علی رضوان، سیف اللہ، پرویز عرف بوٹا مسیح اور عثمان عرف شیبی شامل ہیں۔
ترجمان کے مطابق گرفتار ہونے والے ملزمان نے شہر میں ہونے والے ایک اور اندھے قتل اور اقدام قتل کا بھی انکشاف کیا ہے۔ سی سی ڈی نے ملزمان سے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں گے۔