ٹف ٹائلز کی آڑ میں 24 لاکھ روپے کی چھالیہ کراچی اسمگل کرنے کی کوشش ناکام
اشاعت کی تاریخ: 24th, May 2025 GMT
کراچی:
ٹف ٹائلز کی آڑ میں 24 لاکھ روپے کی چھالیہ کراچی اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی گئی۔
پاکستان کسٹمز انفورسمنٹ نے انسداد اسمگلنگ مہم کے تحت ایک بڑی کارروائی کے دوران مضر صحت اسمگل شدہ چھالیہ کی کراچی منتقلی کی کوشش ناکام بنا دی ہے۔
ترجمان کے مطابق اسمگلرز کی جانب سے چھالیہ کو ٹف ٹائلز کے سانچوں میں مہارت سے چھپا کر کراچی منتقل کیا جا رہا تھا۔
آر سی ڈی ہائی وے موچکو چیک پوسٹ پر کسٹمز حکام نے مشکوک ٹرالر نمبر TKT-427 کو روکا اور مکمل جانچ پڑتال کے بعد 290 بیگز میں چھپائی گئی چھالیہ برآمد کی گئی۔ برآمد شدہ چھالیہ کا مجموعی وزن 3ہزار کلوگرام ہے، جس کی مارکیٹ مالیت 24 لاکھ روپے کے لگ بھگ بتائی گئی ہے۔
کارروائی کے دوران کسٹمز حکام نے نہ صرف چھالیہ ضبط کی بلکہ تقریباً ایک کروڑ روپے مالیت کا اسمگلنگ میں استعمال ہونے والا ٹرالر بھی اپنے قبضے میں لے لیا۔ حکام نے فوری طور پر مقدمہ درج کرتے ہوئے ضبط شدہ مال کو اے ایس او کسٹمز کے گودام میں منتقل کر دیا ہے۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
کراچی، حساس ادارے کی کارروائی، 25 لاکھ کی ڈکیتی میں ملوث 3 ڈاکو گرفتار
کراچی:حساس ادارے نے خفیہ اطلاع پر چھاپہ مار کارروائی کے دوران ڈکیتی کی واردات میں ملوث 3 ڈاکوؤں کو گرفتار کرلیا گیا.
ذرائع کے مطابق ڈسٹرکٹ ملیر کے انتہائی حساس علاقے میں چند روز قبل 5 جولائی کی رات 11 بجے کے قریب 3 ڈاکوؤں نے ضیا اسرار نامی ایزی پیسہ شاپ کے مالک کو گھر کی دہلیز پر اسلحے کے زور پر نقدی سے بھرا ہوا بیگ چھینا تھا جس میں 25 لاکھ روپے کی رقم اور موبائل فون کی سمیں بھی موجود تھی.
واردات کے دوران ڈاکوؤں نے شہری کو خوفزدہ کرنے کے لیے فائرنگ بھی کی تھی اور لوٹ مار کے بعد موقع سے فرار ہوگئے.
واردات کی اطلاع ملتے ہی حساس ادارے متحرک ہوگئے اور کچھ ہی گھنٹوں میں واردات میں ملوث ڈاکوؤں کا سراغ لگا کر انھیں گرفتار کرلیا جن کی شناخت ذیشان ، نعمان اور وجاہت کے نام سے کی گئی.
ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاکوؤں کے قبضے سے چھینی گئی رقم و دیگر سامان ، واردات میں استعمال کی جانے والی لگژری گاڑی فارچونر ، موٹر سائیکل اور اسلحہ برآمد ہوا ہے.
گرفتار ڈاکوؤں میں 2 ڈکیت ماڈل کالونی اور کورنگی کے رہائشی بتائے جاتے ہیں, حساس ادارے نے ابتدائی تفتیش کے بعد تینوں ڈاکوؤں کو مزید قانونی کارروائی کے لیے ملیر کینٹ پولیس کے حوالے کر دیا ہے ۔