کے پی اور بلوچستان میں معدنیات کے شعبے میں بے پناہ مواقع موجود ہیں، فیصل کریم کنڈی
اشاعت کی تاریخ: 28th, May 2025 GMT
پشاور:
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں معدنیات کے شعبے میں بے پناہ مواقع موجود ہیں، تیل اور گیس سمیت دیگر قدرتی وسائل سے بھرپور ہیں اور اس سے فائدہ اٹھا کر ملک کی معیشت کو مضبوط کیا جا سکتا ہے۔
گورنر ہاؤس پشاور میں امریکی نژاد پاکستانی انجنیئر ذیشان شاہد، کینیڈا کے ہائی کمیشن میں ٹریڈ کمشنر ذوہیب احمد خان اور معروف سماجی شخصیت احتشام سمیت ایک وفد نے فیصل کریم کنڈی سے ملاقات کی۔
اے پی پی کی رپورٹ کے مطابق وفد کی ملاقات کے دوران ملک میں توانائی کے مختلف شعبوں، خاص طور پر گرین انرجی، مائننگ اور آئل سیکٹر میں سرمایہ کاری کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پاکستان میں قدرتی وسائل کے بڑے ذخائر موجود ہیں جنہیں بروئے کار لا کر توانائی بحران پر قابو پایا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے پہاڑی اور معدنیاتی علاقوں میں قیمتی دھاتوں اور معدنیات کے ذخائر موجود ہیں، جن کی تلاش اور ترقی سے مقامی روزگار کے مواقع بڑھائے جا سکتے ہیں۔
گورنر کے پی نے گرین انرجی کے شعبے میں سرمایہ کاری کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ماحول دوست توانائی کے ذرائع سے نہ صرف ملک کی توانائی کی ضروریات پوری ہوں گی بلکہ ماحولیاتی آلودگی میں بھی کمی آئے گی۔
ملاقات میں خیبرپختونخوا کے طلبہ کے لیے بیرون ممالک اسکالر شپ کے حصول اور سیلاب متاثرین کو سہولیات کی فراہمی کی تجاویز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: فیصل کریم کنڈی موجود ہیں
پڑھیں:
الیکٹرک گاڑیوں کیلیے چارجنگ اسٹیشنز کا قیام، شرجیل میمن کی چینی کمپنی کے حکام سے ملاقات
کراچی:سندھ کے سینیئر وزیر شرجیل انعام میمن اور صوبائی وزیر توانائی سید ناصر حسین شاہ سے چینی الیکٹرک چارجنگ کمپنی اے ای آٹو کے حکام کی ملاقات ہوئی۔
ملاقات میں صوبے بھر میں الیکٹرک گاڑیوں کے لیے چارجنگ اسٹیشنز کے قیام پر تفصیلی تبادلہ کیا گیا۔ کمپنی حکام نے سینیئر وزیر شرجیل انعام میمن اور سید ناصر حسین شاہ کو جدید چارجنگ ٹیکنالوجی سے متعلق بریفنگ دی۔
سینیئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کمپنی حکام کو سندھ کے شہری و دیہی علاقوں میں چارجنگ پوائنٹس کے وسیع نیٹ ورک کے قیام سے متعلق اپنے منصوبے پر آگہی دی۔
شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ ٹرانسپورٹ کا مستقبل صاف توانائی اور الیکٹرک گاڑیوں سے جڑا ہے، سندھ اس تبدیلی میں پیچھے نہیں رہ سکتا، صوبے بھر میں الیکٹرک گاڑیوں کے چارجنگ اسٹیشنز کا قیام ماحول کے تحفظ کے لیے اہم ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت متبادل توانائی شعبے میں سرمایہ کاری کرنے والی کمپنیوں کو ہر ممکن تعاون اور سہولت فراہم کرے گی، ہمارا مقصد فوسل فیول پر انحصار کم کرنا، فضائی آلودگی میں کمی لانا اور گرین ٹیکنالوجی کے ذریعے معیشت میں نئے مواقع پیدا کرنا ہے۔
سید ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ توانائی اور ٹرانسپورٹ آج کی دنیا میں ایک دوسرے کے ساتھ جڑے ہوئے شعبے ہیں، سندھ پہلے ہی قابلِ تجدید توانائی کے میدان میں نمایاں اقدامات کر چکا ہے، اب الیکٹرک موبیلٹی اگلا اہم قدم ہے۔
صوبائی وزیر توانائی کا کہنا تھا کہ الیکٹرک گاڑیوں سے نہ صرف روایتی ایندھن پر دباؤ کم ہوگا بلکہ موسمیاتی تبدیلی کے چیلنج سے بھی نمٹنے میں مدد ملے گی۔