قربانی کا جانور دیکھنے آیا فوڈ ڈلیوری بوائے ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر قتل
اشاعت کی تاریخ: 30th, May 2025 GMT
کراچی:
قربانی کا جانور دیکھنے کے لیے آنے والا فوڈ ڈلیوری بوائے ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر قتل کردیا گیا، مقتول ایک بیٹی کا باپ تھا۔
پولیس کے مطابق عزیزآباد کے علاقے میں ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر فائرنگ سے فوڈ سپلائی کرنے والا ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔ افسوسناک واقعہ حسین آباد فوڈ اسٹریٹ کے قریب پیش آیا، جہاں نامعلوم ملزمان نے موبائل فون چھیننے کی کوشش کے دوران فائرنگ کر دی۔
مقتول کی شناخت 32 سالہ حارث ولد عبدالعزیز کے نام سے ہوئی ہے، جو حسین آباد کا رہائشی اور ایک کم سن بچی کا باپ تھا۔
علاقہ مکینوں کے مطابق حارث آن لائن موٹرسائیکل کے ذریعے فوڈ ڈیلیوری کا کام کرتا تھا اور روزانہ اپنے دوستوں کے ساتھ صبح کے وقت قربانی کے جانور دیکھنے جایا کرتا تھا۔
واقعے کے روز بھی وہ صفا مسجد کے قریب بندھی ہوئی گائے دیکھنے آیا تھا کہ اسی دوران ملزمان نے اسے موبائل فون چھیننے کی کوشش میں مزاحمت پر گولی مار دی۔
فائرنگ سے شدید زخمی ہونے والے حارث کو فوری طور پر ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکا۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ ملزمان واردات کے بعد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
پولیس نے جائے وقوع سے شواہد اکٹھے کر کے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور ملزمان کی تلاش جاری ہے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
کراچی: ڈاکٹر آکاش قتل کیس میں گرفتار 3 ڈاکو ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک
کراچی (نوائے وقت رپورٹ) ڈاکٹر آکاش قتل کیس میں گرفتار تینوں ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگئے۔ سپیشل انویسٹی گیشن (ایس آئی ایو) نے دعویٰ کیا کہ گلشنِ معمار، عمر بروہی گوٹھ میں گرفتار ڈاکوؤں کی نشاندہی پر ان کے فرار ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مارا تو ملزموں نے فائرنگ کردی جس سے پولیس اہلکار بھی زخمی ہوگیا۔ ڈاکٹر آکاش قتل کیس میں گرفتار تینوں ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے مارے گئے۔ 13 جولائی کو کراچی کے علاقے کلفٹن میں بنک کے باہر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے نوجوان ڈاکٹر آکاش جاں بحق ہوگیا تھا جب کہ ملزم بنک سے نکالے گئے 50 لاکھ روپے میں سے 25 لاکھ لوٹ کر فرار ہو گئے تھے۔