اسلام آباد میں امریکہ کے یومِ آزادی کی تقریب، وزیر اعظم شہباز شریف کی خصوصی شرکت، نیٹلی بیکر کا دوستی اور تعاون پر زور
اشاعت کی تاریخ: 4th, June 2025 GMT
اسلام آباد (نیوز ڈیسک) ریاستہائے متحدہ امریکہ کے 249ویں یومِ آزادی کے موقع پر اسلام آباد میں ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف، نائب وزیر اعظم، وفاقی وزراء، سفارتی برادری کے نمائندگان، ممتاز مہمانان اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکہ کی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور پاکستان کے ساتھ دیرینہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے دوستی، اعتماد، باہمی ترقی اور تعاون پر مبنی تعلقات کو سراہا۔
نیٹلی بیکر نے کہا کہ یہ میرے لیے اعزاز ہے کہ میں اسلام آباد میں ایک بار پھر سفارتی خدمات سر انجام دے رہی ہوں۔ پاکستان کے عوام کی گرمجوشی، ثقافت، کرکٹ، فیشن اور مہمان نوازی ہمیشہ سے متاثر کن رہی ہے۔”
انہوں نے امریکی یومِ آزادی کی تاریخی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ چار جولائی صرف آزادی کا جشن نہیں بلکہ مساوات، خودمختاری اور خوشحالی جیسی اقدار کی تجدید کا دن ہے، جو امریکہ اور پاکستان کے درمیان شراکت داری کی بنیاد بھی ہیں۔”
پاکستان کے ساتھ طویل شراکت داری اور مشترکہ کامیابیاں
نیٹلی بیکر نے دونوں ممالک کے درمیان گزشتہ 78 سالوں پر محیط رفاقت کا احاطہ کرتے ہوئے بتایا کہ تعلیم، صحت، زراعت، قدرتی آفات میں مدد، اور کاروبار کے فروغ جیسے شعبوں میں مل کر اہم اقدامات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے یو ایس ایڈ (USAID) کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ:
“یو ایس ایڈ کی بدولت پاکستان میں لاکھوں افراد کی زندگیوں میں بہتری آئی۔ یہ شراکت داری پاکستان کے مستقبل پر مثبت اور دیرپا اثرات مرتب کرے گی۔”
دفاعی تعاون، سیکیورٹی اور انسداد دہشتگردی میں سنگ میل
انہوں نے انسداد دہشت گردی کے میدان میں حالیہ کامیابیوں، خصوصاً ایبےگیٹ حملے کے منصوبہ ساز کی حوالگی پر پاکستان کی کاوشوں کو سراہا اور کہا:
“یہ ہمارے دفاعی تعلقات میں ایک اہم سنگ میل ہے، جس نے دونوں ممالک کو مزید محفوظ بنایا۔”
معاشی تعاون اور ٹیکنالوجی میں شراکت داری کا فروغ
نیٹلی بیکر نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ معاشی ترقی، توانائی، ڈیجیٹل مارکیٹس اور ٹیکنالوجی کے میدان میں بھی شراکت داری کو فروغ دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ:
“ہم پاکستان کو بین الاقوامی سرمایہ کاری، جدید ٹیکنالوجی، کرپٹو، اور ڈیجیٹل فنانس میں ترقی کرتے دیکھنا چاہتے ہیں۔”
ثقافت، کھیل اور عوامی روابط کی اہمیت
انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ، فیشن، موسیقی اور ثقافت کے شعبوں میں قربت کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ:
“ہماری شراکت داری کی کوئی حد نہیں۔ ہم ایک ایسا مستقبل چاہتے ہیں جہاں دونوں اقوام ترقی، خوشحالی اور امن کے راستے پر ایک ساتھ گامزن ہوں۔”
تقریب میں موسیقی، امریکی پکوان، اور روایتی جشن کا اہتمام
تقریب میں امریکی ایئر فورس بینڈ نے دلکش موسیقی پیش کی، جبکہ امریکی روایتی پکوان، باربی کیو اور دیگر کھانوں نے جشن کو مزید پررونق بنایا۔ نیٹلی بیکر نے تقریب کے انعقاد میں معاونت کرنے والی تمام ٹیموں اور حاضرین کا شکریہ ادا کیا۔
آخر میں انہوں نے کہاآج کی تقریب نہ صرف امریکہ کے یومِ آزادی کا جشن ہے بلکہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان دوستی اور شراکت داری کا عہدِ نو ہے۔
.ذریعہ: Daily Ausaf
کلیدی لفظ: نیٹلی بیکر نے اسلام آباد شراکت داری پاکستان کے امریکہ کے کے درمیان انہوں نے نے کہا کہا کہ
پڑھیں:
جنرل ساحر شمشاد مرزا کی 17 ویں بین الاقوامی دفاعی صنعتی میلے میں شرکت
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے ترکیہ کے سرکاری دورے کے دوران استنبول میں 17 ویں بین الاقوامی دفاعی صنعتی میلے میں شرکت کی ہے اور اس دوران انہوں نے ترکیہ اور آذربائیجان کے اعلیٰ عسکری حکام سے اہم ملاقاتیں کیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق جنرل ساحر شمشاد مرزا نے ترکیہ کے وزیر دفاع جنرل (ریٹائرڈ) یاسر گولر، ترک جنرل اسٹاف کے چیف جنرل میٹن گوراک، آذربائیجان کے وزیر دفاع کرنل جنرل ذاکر حسنوف اور نائب وزیر دفاع گربانوف اگل سلیم اوگلو سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔
ان ملاقاتوں میں باہمی فوجی تعاون، دفاع، سلامتی، انسداد دہشت گردی، اور علاقائی ماحول سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقاتوں میں فریقین نے دفاعی تعاون کو وسعت دینے کی اہمیت پر زور دیا اور مستقبل کے جیو اسٹریٹجک ماحول اور تکنیکی ترقی کو مدنظر رکھتے ہوئے اسٹریٹجک پارٹنرشپ کو مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
فریقین نے دوطرفہ فوجی تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے اپنی مشترکہ وابستگی کا اظہار کیا۔