کرسٹیانو رونالڈو کا فیفا کلب ورلڈ کپ میں کھیلنے سے انکار
اشاعت کی تاریخ: 7th, June 2025 GMT
پرتگال کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے تصدیق کی ہے کہ وہ امریکا میں 14 جون سے شروع ہونے والے فیفا کلب ورلڈ کپ 2025 میں حصہ نہیں لیں گے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق کرسٹیانو رونالڈو نے بتایا کہ انھیں کھیلنے کے لیے کئی کلبوں کی جانب سے آفرز موصول ہوئیں مگر سب کو مسترد کر دیا ہے۔
انھوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت کلب ورلڈ کپ پر بات کرنا بے معنی ہے میری پوری توجہ قومی ٹیم پر ہے۔
کرسٹیانو رونالڈو نے مزید کہا ہے کہ مجھے اپنی قریبی، درمیانی اور طویل المدتی بنیادوں پر صحت کا بھی خیال رکھنا چاہیے۔ میں نے فیصلہ کرلیا ہے کہ میں کلب ورلڈ کپ میں حصہ نہیں لوں گا۔
ان کے اس فیصلے سے فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو کو یقینی طور پر مایوسی ہوئی ہے کیونکہ وہ ٹورنامنٹ میں رونالڈو جیسے عالمی ستارے کی شرکت کے خواہشمند تھے۔
کرسٹیانو رونالڈو نے کہا ہے کہ کچھ باتیں ہوتی ہیں جن پر غور کیا جا سکتا ہے اور کچھ ایسی ہوتی ہیں جو غیر ضروری ہوتی ہیں۔ ہر چیز میں حصہ لینا ضروری نہیں۔
یقینی طور پر کرسٹیانو رونالڈو کے مداحوں کے لیے یہ ایک مایوس کن خبر ہے خاص طور پر وہ لوگ جو انھیں ایک اور عالمی اسٹیج پر ایکشن میں دیکھنے کے خواہشمند تھے۔
تاہم 40 سالہ فٹبالر کی طرف سے اپنی صحت اور مستقبل پر توجہ دینا ایک دانشمندانہ فیصلہ سمجھا جا رہا ہے۔
.
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: کرسٹیانو رونالڈو نے کلب ورلڈ کپ
پڑھیں:
پلیئنگ الیون میں ہوں یا نہ ہوں کوشش ہوتی ہے اچھا پرفارم کروں، سلمان مرزا
پاکستان ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے نوجوان فاسٹ بولر سلمان مرزا کا کہنا ہے کہ پلیئنگ الیون میں ہوں یا نہ ہوں کوشش ہوتی ہے کہ اچھا پرفارم کروں اور پھر میچ وننگ کارکردگی ہو تو مزہ دوبالا ہوجاتا ہے۔
لاہور میں جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں میچ وننگ کارکردگی دکھانے والے سلمان مرزا نے پریس کانفرنس میں کہا کہ ہمیشہ کوشش رہتی ہے کہ جب بھی موقع ملے اور کوچز کی طرف سے جو پلان ملے اس کے مطابق کارکردگی دکھائیں۔
سلمان مرزا کا کہنا تھا کہ آج کی پرفارمنس میں اپنی والدہ کے نام کرتا ہوں جن کی دعاؤں کی بدولت میں اس مقام تک پہنچا ہوں۔
فاسٹ بولر نے کہا کہ آپ کسی بھی جگہ کھیل رہے ہوں، جگہ کا دباؤ نہیں ہوتا، گراؤنڈ میں اترتے ہیں تو اندازہ ہوجاتا ہے کہ کیسی بولنگ کرنی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مجھے لاہور قلندرز کی طرف سے ہوم گراؤنڈ پر کھیلنے کا وسیع تجربہ ہے، لہٰذا ہوم کنڈیشن اور ہوم کراؤڈ کا بہت فائدہ ہوا، ہوم کراوڈ سے حوصلہ افزائی ہوتی ہے۔
قومی فاسٹ بولر کا مزید کہنا تھا کہ ہاں کیچ ڈراپ ہو اور پھر چوکا یا چھکا بھی پڑجائے تو اس سے تھوڑا بہت دباؤ آنا لازمی ہے لیکن اس کے باوجود سنبھلنا بہت ضروری ہوتا ہے۔
واضح رہے کہ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے دوسرے ٹی20 انٹرنیشنل میں پاکستان نے جنوبی افریقہ کو 9 وکٹ سے شکست دی ہے۔
جنوبی افریقا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو جیت کیلئے 111رنز کا ہدف دیا، جو اس نے ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
پاکستان کے فہیم اشرف نے 23 رنز کے عوض 4، سلمان مرزا نے 14رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ نسیم شاہ نے 2 اور ابرار احمد نے ایک وکٹ حاصل کی۔