پہلی بار سیاستدان، حکومت اور ملٹری اسٹیبلشمنٹ اکٹھے ہیں تو کچھ لوگوں کو تکلیف ہے، وزیر داخلہ
اشاعت کی تاریخ: 5th, July 2025 GMT
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے صدر مملکت آصف علی زرداری کو ہٹائے جانے سے متعلق زیر گردش خبروں پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پہلی دفعہ سیاستدان، حکومت اورملٹری اسٹیبلشمنٹ اکٹھی ہے تو کچھ لوگوں کو تکلیف ہوتی ہے۔
سکھر میں میڈیا سے گفتگو میں محسن نقوی نے کہا کہ ملک بھر میں 2700 جلوس نکالے جا رہے ہیں، سکھر میں آج پاکستان کا سب سے بڑا جلوس نکالا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے سب سے بڑے جلوس کو ہینڈل کرنے کا کریڈٹ پوری ٹیم کو جاتا ہے، خیریت سے شام تک سارے جلوس اختتام پذیر ہوجائیں گے۔
اس موقع پر ایک صحافی نے سوال کیا کہ افواہیں کہ آصف زرداری کو صدر کے عہدے سے ہٹایا جارہا ہے اورنئی ترمیم لائی جارہی ہے؟
اس پر محسن نقوی نے جواب دیا کہ میری درخواست ہے کہ 2 دن سیاست نہ کریں توبہت اچھی بات ہے، سوشل میڈیا کی خبروں پربالکل یقین نہ کریں، بعض لوگوں کو تکلیف ہے کہ ہم سب اکٹھے کیوں ہیں۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے ان کا کہنا تھاکہ پہلی دفعہ سیاستدان، حکومت اورملٹری اسٹیبلشمنٹ اکٹھے ہیں تو کچھ لوگوں کو تکلیف ہوتی ہے، سب اکٹھے ہیں اس لیے جن لوگوں کو تکلیف ہورہی ہے وہ ایسی باتیں کررہے ہیں۔
صحافی کی جانب سے سوال کیا گیا کہ کیا سندھ کے اضلاع شکارپور، کشمور، کندھ کوٹ کے حالات کی اطلاع وفاقی حکومت کو نہیں ہے؟
اس پر جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمیں اطلاع ہے اور جس طرح خیبر پختونخوا میں دہشت گردوں کومار بھگایا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اسی طرح سندھ کے ڈاکوؤں کا بھی بندوبست کرلیں گے، ڈاکوؤں کا بندوبست وفاقی حکومت اورصوبائی حکومتیں مل کریں گی۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
وزیر داخلہ محسن نقوی کی چودھری شجاعت حسین سے ملاقات، بہنوئی کے انتقال پر تعزیت
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے مسلم لیگ ق کے سربراہ چودھری شجاعت حسین سے انکی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور انکے بہنوئی جاوید چٹھہ کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔ صوبائی وزیر چودھری شافع حسین بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے چودھری شجاعت حسین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کرتے ہوئے مرحوم کی روح کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے داخلی سیکیورٹی کے اقدامات کے حوالے سے بریف کیا۔ چودھری شجاعت حسین نے سیکیورٹی کی مجموعی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا اور وزارت داخلہ کے انتظامات کو سراہا۔ محسن نقوی اور شجاعت حسین نے شہدائے وطن کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔