ریاست اتراکھنڈ میں دینی مدارس کے خلاف کارروائی جاری، 17 مدارس سیل
اشاعت کی تاریخ: 9th, July 2025 GMT
انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ درست دستاویزات اور اجازت کے بغیر کام کرنے والے کسی بھی ادارے کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ اسلام ٹائمز۔ بھارتی ریاست اتراکھنڈ کے نینی تال ضلع کے رام نگر علاقے میں دینی مدارس کے خلاف انتظامیہ کی کارروائی جاری ہے۔ رام نگر میں اب تک کل 17 مدارس کو سیل کیا گیا ہے۔ رام نگر کے سب ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ پرمود کمار نے جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ یہ کارروائی گزشتہ ڈیڑھ ماہ میں کی گئی ہے، یہ مہم آئندہ بھی جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ جن مدارس کو سیل کیا گیا ہے وہ رام نگر اسمبلی حلقہ کے تحت آتے ہیں۔ انتظامیہ کی طرف سے یہ کارروائی تعلیم اور عمارت کے معیار کی جانچ کی بنیاد پر کی جا رہی ہے۔ مدارس کی درستگی، رجسٹریشن اور آپریشن سے متعلق دستاویزات میں خامیاں پائی گئیں۔ ان کی شناخت کر کے بند کر دیا گیا ہے۔ اب تک سیل کئے گئے مدارس میں مدرسہ انوار القرآن، مدرسہ گلشن گوسیہ، مدرسہ دارالعلوم گلشن رضا، مدرسہ فیضان رضا، مدرسہ مفتۃ العلوم، مدرسہ عربیہ شفاء العلوم اہل سنت بالجماعت، مدرسہ ناصر العلوم ایجوکیشنل سوسائٹی، مدرسہ اسلامیہ عربیہ مصباح العلوم ایجوکیشنل سوسائٹی اور مدرسہ رضا دارالعلوم شامل ہیں۔ انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ درست دستاویزات اور اجازت کے بغیر کام کرنے والے کسی بھی ادارے کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ یہ کارروائی علاقے میں تعلیمی نظام کے قوانین کی شفافیت اور تعمیل کو یقینی بنانے کے لئے کی جا رہی ہے۔
.ذریعہ: Islam Times
پڑھیں:
بھکاری مافیا ملکی امیج تباہ کر رہا ہے
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 جولائی2025ء) وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ بھکاری مافیا ملکی امیج تباہ کر رہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے حوالہ ہنڈی، بھکاری ایجنٹ مافیا، جعلی ادویات اور نان کسٹم پیڈ مصنوعات کے خلاف بلا امتیاز اور مؤثر کارروائی کے احکامات جاری کر دئیے ۔ وزیر داخلہ نے ایف آئی اے کراچی زون کا دورہ کیا اس موقع پر اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے حوالہ ہنڈی، بھکاری ایجنٹ مافیا، جعلی ادویات اور نان کسٹم پیڈ مصنوعات کے خلاف بلا امتیاز اور مؤثر کارروائی کے احکامات جاری کیے۔وزیر داخلہ نے حوالہ ہنڈی میں ملوث بڑے عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ کسی قسم کا دباؤ قبول کیے بغیر اس غیر قانونی نیٹ ورک کا قلع قمع کیا جائے۔(جاری ہے)
انہوں نے کہا کہ یہ مافیا ملکی معیشت کے لیے خطرہ ہے اور اس کے خلاف واضح اور نظر آنے والا ایکشن ضروری ہے۔ محسن نقوی نے بھکاریوں کو بیرون ملک بھجوانے والے ایجنٹ گروہوں کے خلاف بھی سخت کارروائی کی ہدایت کی۔
انہوں نے کہا کہ یہ مافیا نہ صرف انسانی اسمگلنگ میں ملوث ہے بلکہ پاکستان کے عالمی امیج کو بھی نقصان پہنچا رہا ہے۔ بیرون ملک سے ڈی پورٹ ہو کر واپس آنے والے پیشہ ور بھکاریوں کی فوری گرفتاری اور مفرور ایجنٹس کی بین الصوبائی تعاون سے تلاش پر زور دیا گیا۔ جعلی ادویات کے خلاف بات کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے واضح کیا کہ یہ مکروہ دھندہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، اور ایسے عناصر کی اصل جگہ جیل ہے۔ انہوں نے ایف آئی اے کو ہدایت کی کہ اس خطرناک کاروبار میں ملوث تمام افراد کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے۔ مزید برآں، محسن نقوی نے غیرقانونی طریقے سے بیرون ملک 5 ہزار ڈالر سے زائد رقم لے جانے والے مسافروں کے خلاف بھی سخت قانونی کارروائی کی ہدایت دی۔ نان کسٹم مصنوعات کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے بھی مؤثر کارروائی کا حکم دیا گیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے ساوتھ مجاہد اکبر خان، ڈائریکٹر ایف آئی اے کراچی زون نعمان صدیق، ڈپٹی ڈائریکٹرز اور دیگر اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔ ڈائریکٹر کراچی زون نے وزیر داخلہ کو ایف آئی اے کی کارکردگی، جاری کارروائیوں اور درپیش چیلنجز پر تفصیلی بریفنگ دی۔