مسافروں کو شناختی کارڈ دیکھ کر قتل کرنا انسان دشمنی ہے، علامہ مقصود ڈومکی
اشاعت کی تاریخ: 12th, July 2025 GMT
بلوچستان میں پنجابی مسافروں کے قتل پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ بے گناہ انسانوں کا قتل شرمناک اور ناقابل قبول ہے۔ اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ جیکب آباد میں بڑھتی ہوئی موٹر سائیکل اور موبائل چھیننے کی وارداتیں، بھتہ وصولی کی پرچیاں اور جرائم میں اضافہ باعثِ تشویش ہے۔ امن و امان کے قیام کے لیے شہر کو سیف سٹی پروجیکٹ کے تحت خفیہ کیمروں سے لیس کیا جائے تاکہ شہریوں کو تحفظ فراہم ہو اور مجرموں کا تعاقب کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعۃ المصطفی خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں معززین کا ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں حاجی شاہ مراد ڈومکی، احمد علی خان ٹالانی، رحم دل ٹالانی، ظفر علی ٹالانی، حاجی داد محمد منصب علی ڈومکی، مظفر علی، زوار غلام مصطفیٰ، استاد رفیق احمد و دیگر معززین نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا جیکب آباد 12 لاکھ آبادی پر مشتمل ایک اہم ضلع ہے، جس کے اطراف میں بلوچستان اور سندھ کے کئی اضلاع واقع ہیں۔ یہاں کی قبائلی اور نیم شہری آبادی کی تعلیمی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے جیکب آباد میں فوری طور پر ایک یونیورسٹی کا قیام از حد ضروری ہے تاکہ یہاں کی خواتین اور نوجوان نسل کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کیا جا سکے۔
مزید برآں، بلوچستان میں پنجابی مسافروں کے قتل پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ بے گناہ انسانوں کا قتل شرمناک اور ناقابل قبول ہے۔ قرآن کریم کے مطابق ایک انسان کا ناحق قتل پوری انسانیت کا قتل ہے۔ مسافروں کو شناختی کارڈ دیکھ کر قتل کرنا انسان دشمنی اور اسلام دشمنی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بے گناہ مسافروں کے قتل میں ملوث عناصر کو بے نقاب کیا جائے اور انہیں قانون کے مطابق عبرتناک سزا دی جائے۔ حقوق کے حصول کی جدوجہد جمہوری انداز میں ہونی چاہیے، بے گناہ انسانوں کا قتل ہرگز جائز نہیں۔ علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ عاشور کے دن زخمیوں کے علاج اور عزاداروں کی خدمت کے لیے فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد قابل تعریف عمل تھا۔ جس پر میں منصب علی ڈومکی اور ان کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ خدمت و فلاح انسانیت کا یہ سفر اسی جذبے کے تحت جاری رہے گا۔
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کرتے ہوئے بے گناہ کا قتل
پڑھیں:
اے ایس ایف کا کامیاب آپریشن، 1.5 کلو منشیات ضبط
ایئرپورٹس سیکیورٹی فورس نے پشاور اور ملتان انٹرنیشنل ایئرپورٹس پر کارروائیوں کے دوران 1.5 کلو سے زائد منشیات برآمد کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق اے ایس ایف اہلکاروں نے مسافروں کے سامان کی کمال مہارت سے تلاشی کے دوران منشیات برآمد کیں۔ ترجمان ایئرپورٹس سیکیورٹی نے بتایا کہ پشاور ایئرپورٹ پر ایک مسافر کے جوتوں کے اندر سے خفیہ طور پر چھپائی گئی 823 گرام چرس برآمد کی گئی جبکہ ملتان ایئرپورٹ پر ایک اور مسافر کے سامان سے 926 گرام آئس ہیروئن برآمد کی جو کے بیگ کے اندر بڑی ہوشیاری سے چھپائی گئی تھی۔ دونوں مسافر بیرون ملک، بالترتیب دبئی اور شارجہ، روانہ ہو رہے تھے۔ یہ کامیابیاں اے ایس ایف کے تربیت یافتہ اہلکاروں کی مسلسل نگرانی، مشکوک مسافروں کی پروفائلنگ، سامان کی ماہرانہ تلاشی اور سٹاف کی شاندار تفتیشی تکنیکوں کا نتیجہ ہیں۔ اے ایس ایف قومی مفاد، بین الاقوامی ساکھ اور مسافروں کے اعتماد کے تحفظ کے لیے کسی بھی ممکنہ خطرے اور غیر قانونی سرگرمی کے خلاف فیصلہ کن اقدام سے دریغ نہیں کرے گی۔ گرفتار ملزمان کو ابتدائی تفتیش کے بعد برآمد شدہ منشیات سمیت مزید قانونی کارروائی کے لیے اینٹی نارکوٹکس فورس کے حوالے کر دیا گیا ہے.