ہم سب کے سنجو بابا 66 سال کے ہوگئے
اشاعت کی تاریخ: 30th, July 2025 GMT
بالی وڈ کے معروف اداکار سنجے دت آج اپنی 66 ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔
مداحوں اور بالی وڈ شخصیات کی جانب سے سوشل میڈیا پر سنجے دت کو سالگرہ کی مبارکباد دی جا رہی ہے۔ ان کے چاہنے والے ان کی صحت، خوشیاں اور مزید کامیابیوں کے لیے دعاگو ہیں۔
66 برس کی عمر میں بھی سنجے دت کا انداز، شخصیت اور انرجی نوجوان اداکاروں کے لیے ایک مثال ہے، اور ان کا فلمی سفر 1981 سے اب تک بھرپور انداز سے جاری ہے۔
بھارتی فلم نگری کے ’بابا‘ کہلانے والے سنجے دت کا شمار ان اداکاروں میں ہوتا ہے جنہوں نے نہ صرف اپنی فلمی صلاحیتوں سے لاکھوں دل جیتے بلکہ اپنی نجی زندگی، تنازعات، جیل، اور واپسی کے سفر کے باعث ہمیشہ خبروں کا مرکز بھی رہے۔
سنجے دت کا فلمی کیریئر اتار چڑھاؤ سے بھرا رہا، لیکن ان کی پرسنالٹی اور اسٹائل ہمیشہ ہی ان کے مداحوں کے لیے متاثرکن رہے۔
فلم ’’روکی‘‘ سے آغاز کرنے والے سنجے دت نے ’’واستو‘‘، ’’کھل نائک‘‘، ’’منّا بھائی ایم بی بی ایس‘‘، ’’لگے رہو منّا بھائی‘‘ اور ’’اگنی پتھ‘‘ جیسی فلموں میں یادگار کردار ادا کیے۔
شاہانہ طرز زندگی کے عادی سنجے دت کے پاس مہنگی گاڑیوں کا ایک شاندار کلیکشن موجود ہے، جن میں رولز روئس، رینج روور، فراری، اور بی ایم ڈبلیو شامل ہیں۔
وہ مہنگی گھڑیاں، جوتے اور کپڑوں کے شوقین بھی ہیں اور اکثر ایونٹس میں اپنے منفرد اسٹائل سے سب کی توجہ کا مرکز بن جاتے ہیں۔
سنجے دت ممبئی کے پوش علاقے میں ایک عالیشان بنگلے میں رہائش پذیر ہیں، جسے انہوں نے اپنی بیوی مانیاٹا دت کے ساتھ مل کر خوبصورتی سے سجایا ہے۔
ان کی رہائش گاہ میں جم، ہوم تھیٹر، اور اوپن ایئر لاؤنج سمیت ہر سہولت موجود ہے جو ان کے شاہانہ ذوق کی عکاسی کرتی ہے۔
سنجے دت کی زندگی پر 2018 میں فلم ’’سنجو‘‘ بھی بن چکی ہے، جس میں رنبیر کپور نے ان کا کردار نبھایا۔ فلم کو خوب پزیرائی ملی اور سنجے دت کی متنازع زندگی کی جھلک سب کے سامنے آئی۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
روس کے یوکرین پر فضائی حملے؛ حاملہ خاتون اور قیدیوں سمیت 27 افراد ہلاک
روس نے یوکرین کے جنوب مشرقی علاقوں پر تابڑ توڑ فضائی حملے کیے جس میں مجموعی طور پر 27 افراد ہلاک اور 50 سے زائد زخمی ہوگئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یوکرین کی فضائیہ کے ترجمان نے بتایا کہ روس نے ایک ہی رات میں 37 ڈرون اور 2 میزائل داغے جن میں سے 32 ڈرونز کو فضا میں ہی تباہ کر دیا گیا تھا۔
روس کے یوکرین پر فضائی حملے میں سب سے زیادہ جانی نقصان زاپوریزہیا میں ہوا جہاں ایک جیل کو نشانہ بنایا گیا تھا۔
روس کے یوکرین کی اس جیل پر فضائی حملے میں کم از کم 16 قیدی ہلاک اور 35 زخمی ہوگئے جن میں 11 کی حالت نازک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
خارکیف کے شمال مشرقی علاقے میں ایک گاؤں میں دکان کو نشانہ بنایا گیا۔ پانچ افراد ہلاک اور تین زخمی ہوگئے۔
جنوبی خرسون علاقے میں بھی ایک شہری ہلاک اور تین زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
علاوہ ازیں شہر کامیانکے میں روسی میزائل حملے میں ایک حاملہ خاتون سمیت تین افراد جب کہ سینیلنیکوو ضلع میں ایک شہری ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔
اسی طرح ادیسا ریجن کے گاؤں ویلیکا میخائیلیوکا میں ایک 75 سالہ خاتون جاں بحق اور ایک 68 سالہ مرد زخمی ہوگیا۔
یوکرین پر یہ تازہ حملے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی روس کو دی گئی نئی مہلت کے ایک دن بعد کیے گئے، جس میں کہا گیا تھا کہ روس کو 10 سے 12 دن میں جنگ ختم کرنے پر آمادہ ہونا ہوگا ورنہ مزید سخت پابندیوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔
دوسری جانب روس کے جنوبی علاقے روستوف میں یوکرین کے ڈرون حملوں میں ایک شخص ہلاک ہو گیا۔
روسی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ رات بھر میں 74 ڈرون مار گرائے گئے، جن میں سے 22 صرف روستوف ریجن میں تباہ کیے گئے۔