لیجنڈز لیگ: 47 سالہ سعید اجمل کی تباہ کن بولنگ، نیا ریکارڈ قائم
اشاعت کی تاریخ: 30th, July 2025 GMT
ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز میں پاکستان چیمپئنز نے سعید اجمل کی تباہ کن بولنگ کے بدولت آسٹریلیا چیمپئنز کو 10 وکٹوں سے ہرا دیا۔انگلینڈ میں جاری ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز میں پاکستان نے ٹاس جیت کر آسٹریلیا کو بیٹنگ کی دعوت دی۔آسٹریلیا کی بیٹنگ لائن پاکستان کی بولنگ کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور 12 ویں اوور میں صرف 74 رنز پر ڈھیر ہوگئی، پاکستان کی جانب سے سعید اجمل نے تباہ کن بولنگ کی اور 16 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کیں۔اس کارکردگی کے ساتھ 47 سالہ سعید اجمل نے ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز ٹورنامنٹ میں نئی تاریخ رقم کردی۔سعید اجمل ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز کی تاریخ میں 5 وکٹیں لینے والے پہلے بولر بن گئے، آف سپنر کی 16 رنز کے عوض 6 وکٹیں اب تک ٹورنامنٹ کی بہترین بولنگ فگرز ہیں۔اس سے قبل ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز میں بہترین بولنگ فگرز کا ریکارڈ ویسٹ انڈیز چیمپئنز کے ایڈورڈز کے نام تھا، جنہوں نے انگلینڈ چیمپئنز کے خلاف 3 اوورز میں 11 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کی تھیں۔واضح رہے کہ آسٹریلیا کا 75 رنز کا ہدف پاکستان نے با آسانی 8 ویں اوور میں بغیر کسی نقصان کے حاصل کرلیا، شرجیل خان 32 اور صہیب مقصود 28 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
چیف آف دی نیول اسٹاف آل پاکستان اسکواش چیمپئن شپ اختتام پذیر
ٹاپ سیڈ ناصر اقبال نے تیسری چیف آف دی نیول اسٹاف آل پاکستان اسکواش چیمپئن شپ جیت کر اپنے اعزاز کا کامیاب دفاع کیا۔
پی این روشن خان جہانگیر خان اسکواش کمپلیکس میں منعقدہ چیمپئن شپ کے فائنل میں ناصر اقبال نے سیکنڈ سیڈ طیب اسلم کو 1-3 سے شکست دی۔
ویمنز ایونٹ کے فائنل میں پشاور کی ماہ نور علی نے اپنی بڑی بہن سحرش علی کو 0-3 سے شکست دی۔
چیمپئن شپ کے اختتام پر کھلاڑیوں میں 20 لاکھ روپے کی مجموعی انعامی رقم تقیسم کی گئی۔
اختتامی تقریب میں مہمان خصوصی پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف نے انعامات تقسیم کیے۔
کموڈور مدثر خورشید نے استقبالیہ کلمات ادا کیے۔
تقریب میں کمانڈر کراچی فیصل عباسی، اسکواش لیجنڈ جہانگیر خان، اولمپیئن سمیع اللہ خان و دیگر بھی موجود تھے۔