وزیراعظم سے گلگت بلتستان کے وزیراعلیٰ اور گورنر کی الگ الگ ملاقاتیں
اشاعت کی تاریخ: 4th, August 2025 GMT
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے گلگت بلتستان کے دورے کے موقع پر وزیرِ اعلیٰ گلبر خان اور گورنر سید مہدی شاہ سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔ وزیرِ اعلیٰ گلبر خان نے حالیہ شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال پر وزیرِ اعظم کو بریفنگ دی اور ریسکیو و امدادی سرگرمیوں کے حوالے سے حکومتی اقدامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے گلگت بلتستان میں دانش اسکولوں کے قیام کے فیصلے پر وزیرِ اعظم کو خراجِ تحسین بھی پیش کیا۔ ملاقات میں جی بی میں امن و امان کی صورتحال اور جاری ترقیاتی منصوبوں پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیرِ اعظم سے گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے بھی ملاقات کی ۔ گورنر نے بھی بارشوں کے نتیجے میں پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال اور جانی و مالی نقصانات کے بارے میں آگاہ کیا، ساتھ ہی جاری ترقیاتی منصوبوں کی رفتار اور امن و امان سے متعلق تفصیلات بھی پیش کیں۔ ملاقات کے دوران سیلاب میں جاں بحق ہونے والوں کے لیے دعا کی گئی اور ان کے اہلِ خانہ سے اظہارِ ہمدردی کیا گیا۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: گلگت بلتستان
پڑھیں:
مانجھی خیل چیک پوسٹ حملہ، گورنر خیبرپختونخوا نے رپورٹ طلب کر لی
پشاور:گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ضلع ٹانک کے علاقے مانجھی خیل میں قائم چیک پوسٹ پر ہونے والے حملے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ اعلیٰ حکام سے واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔
اپنے بیان میں گورنر فیصل کریم کنڈی نے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ہندوستان کے پروردہ خوارج کی مذموم کارروائی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس بزدلانہ حملے میں ہونے والی شہادتوں پر پوری قوم غمزدہ ہے اور شہداء کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
گورنر خیبرپختونخوا نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ حملے میں زخمی ہونے والے سیکیورٹی اہلکاروں کو ہر ممکن اور بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ ان کے علاج میں کسی قسم کی کوتاہی نہ ہو۔
فیصل کریم کنڈی نے شہداء کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس دکھ کی گھڑی میں غمزدہ خاندانوں اور شہید اہلکاروں کے ساتھیوں کے ساتھ برابر کے شریک ہیں۔
انہوں نے شہداء کے درجات کی بلندی، زخمیوں کی جلد صحت یابی اور ملک میں امن و استحکام کے لیے دعا بھی کی۔