جرمن قونصل خانے نے کراچی سے ویزا سروس دوبارہ شروع کردی
اشاعت کی تاریخ: 5th, August 2025 GMT
کراچی:
جرمنی کے قونصل خانے نے کراچی میں ویزا سروسز دوبارہ شروع کردی۔
جرمن قونصل خانے سے جاری کردہ بیان کے مطابق (آج) منگل سے ویزا سیکشن معمول کے مطابق درخواست گزاروں کو سروس کی فراہمی شروع کردی گئی ہے، ویزا سروسز اب مکمل طور پر معمول کے مطابق جاری رہے گی اور درخواست گزار اپنی اپائنٹمنٹس کے مطابق قونصل خانے سے رجوع کر سکتے ہیں۔
بیان میں ترجمان نے کہا ہے کہ قونصل خانے کی بندش کے دوران جن افراد کی اپائنٹمنٹ رہ گئی تھیں انھیں ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ویزا پورٹل کے ذریعے دوبارہ اپائنٹمنٹ حاصل کریں۔
جرمن قونصل خانے کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ نان یورپین شہریوں کے لیے بھی سروس مکمل طور پر بحال کر دی گئی ہے اور اب تمام متعلقہ افراد دوبارہ سے ویزا کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ جرمن قونصل خانہ کی کچھ عرصے کے لیے سیکیورٹی اور انتظامی وجوہات کے باعث ویزا سروسز معطل کی ہوئی تھی جس کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: کے مطابق
پڑھیں:
سندھ حکومت نے موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کیلئے کسانوں کی تربیت شروع کردی
کراچی:سندھ حکومت نے موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے اور صوبے کے زرعی شعبے کو محفوظ بنانے کے لیے جامع منصوبہ تیار کر لیا ہے۔
وزیر زراعت سندھ سردار محمد بخش مہر کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے نہ صرف کسانوں کی آمدنی میں اضافہ ہوگا بلکہ صوبے میں غذائی تحفظ کو بھی یقینی بنایا جا سکے گا۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ محکمہ زراعت سندھ نے موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے اور فی ایکڑ پیداوار بڑھانے کیلئے کسانوں کو تربیت دینے کیلئے کلائمٹ اسمارٹ ایگریکلچر منصوبہ کے تحت سندھ واٹر اینڈ ایگریکلچر ٹرانسفارمیشن (SWAT) پروگرام شروع کیا ہے۔
اس پروگرام کے تحت کسانوں کو جدید زرعی طریقے سکھائے جا رہے ہیں جن میں فصل کی پیداوار میں اضافہ، پودے کی اونچائی، شاخوں کی تعداد، کیڑوں کے خاتمے اور کم پانی میں کاشت جیسے عملی طریقے شامل ہیں۔
سردار محمد بخش مہر نے بتایا کہ یہ منصوبہ 5 سالہ ہے جو 2028 تک جاری رہے گا۔ اس دوران 180 فیلڈ اسکول قائم کیے جائیں گے اور 4500 کسانوں کو تربیت فراہم کی جائے گی۔ پہلے مرحلے میں رواں سال 750 کسانوں کو جدید زرعی تکنیکوں کی تربیت دی جا رہی ہے۔
محکمہ زراعت کی جانب سے ابتدائی طور پر سکھر، میرپور خاص اور بدین میں 30 ڈیمو پلاٹس اور فیلڈ اسکولز قائم کیے گئے ہیں۔ ان ڈیمو پلاٹس پر لیزر لینڈ لیولنگ، گندم کی قطاروں میں کاشت اور متوازن کھاد کے استعمال جیسے طریقوں کا عملی مظاہرہ کیا گیا۔
وزیر زراعت کے مطابق بدین کے کھورواہ مائنر میں زیرو ٹلج تکنیک کے تحت دھان کے بعد زمین میں بچی ہوئی نمی پر گندم اگائی گئی، جس سے اخراجات، پانی اور محنت میں نمایاں بچت کے ساتھ ماحولیات کو بھی فائدہ ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ تربیت مکمل ہونے کے بعد تمام کسانوں کو سبسڈی فراہم کی جائے گی تاکہ وہ اپنی زمینوں پر یہ جدید طریقے اپنائیں اور دوسروں کے لیے مثال قائم کریں۔
سردار محمد بخش مہر نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی پاکستان کے زرعی شعبے کے لیے بڑا خطرہ بن چکی ہے، جس کے باعث فصلیں متاثر ہو رہی ہیں اور کسان نقصان اٹھا رہے ہیں۔ اسی صورتحال سے نمٹنے کے لیے سندھ حکومت نے کسانوں کی تربیت کے ذریعے عملی اقدامات شروع کیے ہیں۔