ایشیا کپ، سلیکٹرز پیچھے مڑ کر دیکھنے پر ہچکچاہٹ کا شکار
اشاعت کی تاریخ: 6th, August 2025 GMT
کراچی:
ایشیا کپ سے قبل سلیکٹرز پیچھے مڑ کر دیکھنے کے حوالے سے ہچکچاہٹ کا شکار ہیں،فخرزمان کے انجرڈ ہونے پر بابر اعظم کی واپسی کیلیے صدائیں بلند ہونا شروع ہو چکیں، البتہ سلیکشن کمیٹی ذرائع کے مطابق ابھی اس حوالے سے کوئی بات ہوئی نہ ہی فخر کا ایونٹ میں حصہ نہ لینا یقینی ہے.
تفصیلات کے مطابق دورئہ ویسٹ انڈیز میں تیسرے ٹی 20 سے قبل فخر زمان انجرڈ ہوکر وطن واپسی پر مجبور ہو گئے، وہ ون ڈے سیریز میں بھی حصہ نہیں لے سکیں گے، گوکہ ابھی یہ واضح نہیں کہ وہ کب تک فٹ ہوں گئے لیکن ابھی سے بابر اعظم کے چاہنے والے ان کی واپسی کیلیے آوازیں اٹھا رہے ہیں.
البتہ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایسا ہونا فی الحال یقینی نہیں، اب تک ایشیا کپ میں بابر کی واپسی کے حوالے سے کوئی بات ہوئی نہ ہی کسی کی جانب سے کوئی ہدایت دی گئی ہے،ابھی یہ نہیں کہا جا سکتا کہ فخر ایونٹ سے باہر ہو گئے ہیں، ان کی بحالی فٹنس کا کام جاری ہے، بابر پر ٹی 20 اسکواڈ کے دروازے کھلے ہیں،اگر فخر دستیاب نہ ہوئے تو ان کی واپسی پر غور ممکن ہوگا۔
دورہ ویسٹ انڈیز کے بعد میٹنگ میں معاملات کا جائزہ لیا جائے گا، ورلڈکپ 2024 میں بابر کی زیر قیادت قومی ٹیم کی کارکردگی انتہائی غیرمعیاری رہی تھی، اس کے بعد پی سی بی نے مستقبل کو مدنظر رکھتے ہوئے نوجوان کھلاڑیوں کو متواتر مواقع دینے کی پالیسی اپنائی۔
حکام کو خدشہ ہے کہ سابق کپتان کی واپسی سلمان علی آغا پر غیرضروری پریشر ڈال سکتی ہے،البتہ بعض حلقے بھارت سے میچز کو دیکھتے ہوئے ٹیم میں بابر کو شامل ہوتا دیکھنا چاہتے ہیں۔
یاد رہے کہ بابر اعظم آخری بار دسمبر 2024 میں جنوبی افریقہ کیخلاف ٹی 20 میچ کھیلتے نظر آئے تھے، انھوں نے اپنے آخری 10 میچز میں26 کی اوسط سے 236 رنز بنائے جس میں کوئی نصف سنچری شامل نہیں تھی،آخری5 میں سے 3 میچز میں وہ ڈبل فیگر میں بھی داخل نہیں ہو سکے تھے، انھوں نے آخری بار ورلڈکپ 2024 میں قیادت کی تھی۔
دوسری جانب 31 سالہ سلمان علی آغا نے نومبر 2024 میں محمد رضوان کی زیرقیادت ٹی ٹوئنٹی ڈیبیو کیا تھا، اسی سیریزکے تیسرے میچ میں رضوان کی عدم موجودگی میں وہ بطور کپتان میدان میں اترے تھے مگر ٹیم ناکامی کا شکار ہوئی۔
سینئرز کے عدم موجودگی میں سلمان کی زیر قیادت دورہ زمبابوے میں گرین شرٹس نے 1-2 سے فتح حاصل کی، پھر نیوزی لینڈ میں 4-1 سے مات ہوئی، رواں برس بنگلہ دیش کو ہوم گراؤنڈ پر تینوں میچز میں ہرایا جبکہ جوابی دورے میں 2-1 سے ناکامی ہوئی، اب اسی مارجن سے ویسٹ انڈیز میں کامیابی حاصل کی۔
کیریئر کے 20 میں سے 18 میچز سلمان نے بطور کپتان ہی کھیلے ہیں، مختصر طرز میں انھوں نے اب تک 380 رنز بنائے جس میں تین ففٹیز شامل ہیں، چار وکٹیں بھی ان کے ریکارڈ کا حصہ ہیں۔
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: کی واپسی
پڑھیں:
کولپور، جعفر ایکسپریس کے پائلیٹ انجن پر فائرنگ، کوئی نقصان نہیں ہوا
ریلوے ذرائع کے مطابق سکیورٹی کلیئرنس کے لئے جعفر ایکسپریس سے قبل پائلٹ انجن سبی تک چلایا جاتا ہے۔ جس پر کولپور کے قریب فائرنگ ہوئی ہے۔ اسلام ٹائمز۔ بلوچستان کے ضلع کچھی میں کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس کے پائلیٹ انجن پر فائرنگ ہوئی ہے۔ خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ ریلوے ذرائع کے مطابق سکیورٹی کلیئرنس کے لئے جعفر ایکسپریس سے قبل پائلٹ انجن سبی تک چلایا جاتا ہے۔ جس پر کولپور کے قریب فائرنگ ہوئی ہے۔ فائرنگ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ واقعہ کے بعد جعفر ایکسپریس ٹرین کو کولپور اسٹیشن پر روک لیا گیا ہے۔