کراچی میں فائرنگ کے تین مختلف واقعات، 2 افراد جاں بحق، ایک زخمی
اشاعت کی تاریخ: 6th, August 2025 GMT
کراچی:
شہر قائد میں ایک بار پھر فائرنگ کے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، لانڈھی، شاہ لطیف ٹاؤن اور محمود آباد میں پیش آنے والے مختلف واقعات میں دو افراد جاں بحق جبکہ ایک نوجوان زخمی ہو گیا۔
لانڈھی 89 ٹمبر مارکیٹ کے قریب موٹر سائیکل سوار نقاب پوش ملزم کی فائرنگ سے 25 سالہ فضیل عرف فیضی ولد رئیس قریشی جاں بحق ہوگیا۔
پولیس کے مطابق مقتول گھر کے قریب گلی کے کونے پر بیٹھا ہوا تھا کہ موٹر سائیکل پر سوار ملزم نے نشانہ بنایا اور فرار ہوگیا۔
ایس ایچ او لانڈھی رضوان پٹیل کے مطابق جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم پستول کے 8 خول برآمد ہوئے ہیں جبکہ مقتول کے جسم کے مختلف حصوں پر گولیاں لگیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ ذاتی رنجش کا نتیجہ لگتا ہے، مقتول کا کرمنل ریکارڈ بھی سامنے آیا ہے اور اس کا بھائی قتل کے الزام میں جیل میں قید ہے۔
سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کرنے کی کوششیں جاری ہیں تاکہ ملزم کی شناخت کی جا سکے۔
شاہ لطیف ٹاؤن کے علاقے عبداللہ گوٹھ میں دو گروپوں کے درمیان جھگڑا خونریزی میں تبدیل ہو گیا، جس کے دوران ہونے والی فائرنگ سے 45 سالہ کلیم اللہ جاں بحق ہو گیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق لاش کو جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس واقعے کی مکمل تفتیش کر رہی ہے۔
ادھر محمود آباد کے علاقے کشمیر کالونی میں ذاتی جھگڑے کے دوران فائرنگ سے 19 سالہ بلال زخمی ہو گیا، جسے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ ذاتی رنجش کا شاخسانہ ہے، مزید تحقیقات جاری ہیں۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
کراچی میں کھلے مین ہول میں گر کر 7 سالہ بچہ جاں بحق
شہر قائد کے علاقے مواچھ گوٹھ میں کھلے مین ہول میں گر کر 7 سالہ بچہ جاں بحق ہوگیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق مواچھ گوٹھ کے نور شاہ محلے میں 7 سالہ بچہ کھلے مین ہول میں گرکر جاں بحق ہوا جس کی شناخت جہانگیر کے نام سے کی گئی۔
ایس ایچ او موچکو واقعے کی تصدیق کی اور بتایا کہ بچہ گھر کے قریب کھیلتے ہوئے کھلے مین ہول میں گرا۔
کھلے مین ہول میں گرکر بچے کی ہلاکت پر اہل خانہ شدت غم سے نڈھال ہوگئے اور واقعے کے بعد علاقہ مکینوں میں شدید اشتعال پھیل گیا۔
مواچھ گوٹھ میں کھلے مین ہول میں گرنے سے بچے کی ہلاکت کے بعد علاقہ مکینوں نے بچے کی میت رکھ کر احتجاج کیا اور حب ریور روڈ و ناردرن بائی پاس پر ٹریفک کو بند کردیا۔