پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج بھی ریکارڈ قائم؛ انڈیکس نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا
اشاعت کی تاریخ: 12th, August 2025 GMT
کراچی:
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج بھی ریکارڈ ساز تیزی دیکھی جا رہی ہے، جہاں ہنڈرڈ انڈیکس نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔
کاروباری ہفتے کے دوسرے روز (منگل کو) بھی بازارِ حصص میں زبردست تیزی دیکھی جا رہی ہے، جہاں کاروبار کا آغاز 687 پوائنٹس کی تیزی کے ساتھ ہوا، جس کے نتیجے میں کے ایس ای 100 انڈیکس بڑھ کر ایک لاکھ 47 ہزار 617 پوائنٹس کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔
بعد ازاں مارکیٹ پر تیزی کا غلبہ رہا اور انڈیکس 803 پوائنٹس کی تیزی کے نتیجے میں ایک لاکھ 47 ہزار 733 پوائنٹس کی بلندی کو چھو گیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی کاروباری ہفتے کے آغاز پر پی ایس ایکس میں شاندار تیزی کا رجحان رہا تھا اور انڈیکس تاریخ ساز تیزی کے ساتھ ایک لاکھ 46 ہزار 929 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر بند ہوا تھا۔
گزشتہ ہفتے بھی پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی دیکھی گئی تھی اور پانچوں کاروباری دنوں میں بازارِ حصص میں انڈیکس نے بلندی کے نئے ریکارڈ رقم کیے تھے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: پوائنٹس کی
پڑھیں:
ایشین شاٹ گن گرینڈ پریکس 2025: عثمان چاند اور امام ہارون نے پاکستان کا سر فخر سے بلند کیا
پاکستان کے شوٹرز عثمان چاند اور امام ہارون نے 2025 کے ایشین شاٹ گن گرینڈ پریکس میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سلور اور برونز میڈلز جیت کر ملک کا نام روشن کیا۔
نیشنل رائفل ایسوسی ایشن آف پاکستان کے سیکریٹری جنرل رضی احمد خان کے مطابق، کویت میں ہونے والے ایشیائی شوٹنگ مقابلوں میں عثمان چاند نے اسکیٹ ایونٹ میں دوسری پوزیشن حاصل کی اور سلور میڈل جیتا۔ عثمان چاند عالمی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کرنے والے تجربہ کار شوٹر ہیں اور وہ چار بار عالمی چیمپئن شپ میں پاکستان کا حصہ رہ چکے ہیں۔
دوسری طرف، 21 سالہ امام ہارون نے اولمپک ٹریپ ایونٹ میں تیسری پوزیشن حاصل کی اور برونز میڈل جیتا۔ امام ہارون نے عالمی چیمپئن شپ 2023 میں بھی قومی ٹیم کی نمائندگی کی تھی اور اب وہ 2025 ایشین چیمپئن شپ کے لیے قومی اسکواڈ کا حصہ بنیں گے۔
پاکستان کے تیسرے شوٹر، فرخ ندیم، جنہوں نے پاکستان آرمی کی نمائندگی کی، مشترکہ طور پر چھٹی پوزیشن پر رہے۔ تاہم، وہ شوٹ آؤٹ مقابلے میں ناکام رہنے کے باعث فائنل میں جگہ نہ بنا سکے۔
اس شاندار کامیابی پر پاکستان بھر میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے اور اس بات کا اعتراف کیا جا رہا ہے کہ قومی شوٹرز نے عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔