پرو ہاکی لیگ میں شرکت سے پاکستان کی عالمی رینکنگ میں اضافہ ہوگا، سابق قومی کپتان
اشاعت کی تاریخ: 12th, August 2025 GMT
لاہور:
پاکستان ہاکی ٹیم کے سابق کپتان رانا غضنفر علی نے کہا ہے کہ بھارت کا کھیلوں میں سیاست لانا پرانا وطیرہ ہے جس سے پاکستان سے زیادہ خود بھارت کو نقصان ہوگا۔
ایکسپریس نیوز کے مارننگ شو ’’ایکسپریسو‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے ایف آئی ایچ کوچ انسٹرکٹر رانا غضنفر علی نے کہا کہ ایشیا کپ ورلڈ کپ کا کوالیفیکشن ضرور ہے مگر سب سے پہلے پاکستانی کھلاڑیوں کی حفاظت اہم ہے، پرو ہاکی لیگ میں شرکت سے نہ صرف پاکستان کی عالمی رینکنگ میں اضافہ ہوگا بلکہ پاکستان کو ورلڈ کپ کوالیفکیشن کا موقع بھی ملے گا۔
رانا غضنفر علی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ہاکی کے زوال کے بہت سےفیکٹرز ہیں، جن پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ کھلاڑیوں کو خود بھی ذمہ داری دکھانا ہوگی۔ قومی کھیل کے فیصلہ سازوں کو اس بات کا احساس کرنا ہوگا کہ پرولیگ میں شرکت کتنی اہم ہے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا کی نو بہترین ٹیموں کے ساتھ کھیلنے سے پاکستان کو رینکنگ پوائنٹس ملیں گے بلکہ کھلاڑیوں کو تجربہ بھی ملے گا۔ پاکستان ہاکی کے معاملات کو درست کرنے کے لیے کوچ کو کم از کم چارسال دینا ہوں گے، طاہر زمان بہترین کام کررہے ہیں، ان کو پورا موقع ملنا چاہیے، بار بار کوچز کی تبدیلی سے کھلاڑی کنفیوزڈ ہوجاتے ہیں جس سے مسائل پیدا ہوتے ہیں۔ پاکستان میں نیشنل کوچنگ پروگرام متعارف کرانے کی ضرورت ہے۔
یاد رہے کہ رانا غضفنر ایک طویل عرصہ سے برطانیہ میں کوچنگ کے شعبے سے وابستہ ہیں۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
یوم آزادی قومی جشن منانے کا موقع ہے، رانا ثنا کی پی ٹی آئی سے احتجاج مؤخر کرنے کی اپیل
وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے پی ٹی آئی سے احتجاج مؤخر کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ یوم آزادی قوم کے لیے جشن منانے کا موقع ہے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ تحریک انصاف یوم آزادی کے موقع پر اپنے ملک گیر احتجاج کی کال واپس لے اور اسے کسی دوسرے دن کے لیے مؤخر کردے۔ انہوں نے کہا کہ 14 اگست کو رواں سال معرکہ حق کی کامیابی کے طور پر منایا جا رہا ہے، لہٰذا بہتر یہی ہے کہ احتجاج کو اس سے ایک دن قبل منتقل کردیا جائے یا بعد میں، تاکہ یوم آزادی کی تقریبات پر اثر نہ پڑے۔
انہوں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف ایکسٹینشن (مدت ملازمت میں توسیع) کے مخالف ہیں۔ رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ 27ویں آئینی ترمیم اس وقت زیر غور نہیں ہے، تاہم آئین میں کسی بھی ترمیم کا اختیار پارلیمنٹ کے پاس ہے۔
یاد رہے کہ 6 اگست کو بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) اکاؤنٹ سے ایک پیغام جاری ہوا تھا، جس میں پارٹی کو ہدایت کی گئی تھی کہ وہ ملک میں جاری فاشزم کے خلاف پوری قوت کے ساتھ سڑکوں پر نکلے۔ یہ بیان 5 اگست کو پی ٹی آئی کے احتجاج کے ناکام ہونے کے ایک روز بعد سامنے آیا تھا۔