کراچی (نیوز ڈیسک )مقبول اداکار احد رضا میر اور سجل علی کی اداکاری پر مبنی پاکستانی لکھاری عمیرہ احمد کی بھارتی اسٹریمنگ ویب سائٹ کے لیے لکھی گئی ویب سیریز ’دھوپ کی دیوار‘ یوٹیوب پر ریلیز کردی گئی۔

ویب سیریز کو ابتدائی طور پر 2021 میں ’زی فائیو‘ کے چینل ’زندگی‘ پر ریلیز کیا گیا تھا لیکن اب اسے ’زندگی‘ کے یوٹیوب پر بھی ریلیز کردیا گیا۔

یوٹیوب پر 4 نومبر کو ویب سیریز کی پہلی قسط ریلیز کی گئی اور اسے چند ہی گھنٹوں میں ہزاروں افراد نے دیکھا۔

ویب سیریز میں احد رضا میر نے بھارتی جب کہ سجل علی نے پاکستانی لڑکی کا کردار ادا کیا ہے اور دونوں کا تعلق فوجی خاندانوں سے دکھایا گیا ہے۔

ویب سیریز میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کی خلاف ورزیوں پر شہید ہونے والے اہلکاروں کے خاندان کے درد کو سامنے لانے کی کوشش کی گئی ہے۔

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور وہاں 2019 میں ہونے والے پلوامہ حملے کے تناظر میں بنائی جانے والی ویب سیریز کی کہانی پر 2021 میں بھی تنازع سامنے آیا تھا اور شائقین نے اس وقت لکھاری سمیت ٹیم کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

معروف ڈراما اور ناول نگار عمیرہ احمد کی تحریر کردہ کہانی پر بنی ویب سیریز ’دھوپ کی دیوار‘ کی ہدایات حسیب حسن نے دی ہیں۔

اس میں سجل علی، احد رضا میر، منظر صہبائی، زیب رحمٰن، سامعہ ممتاز، سویرا ندیم، ثمینہ احمد اور زارا ترین سمیت دیگر اداکاروں نے اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔

ویب سیریز کی شوٹنگ پاکستان میں ہی کی گئی تھی اور اس کی کاسٹ سمیت اس کی لکھاری اور ہدایت کار بھی پاکستانی ہی ہیں لیکن اسے بھارتی اسٹریمنگ ویب سائٹ کے لیے بنایا گیا تھا اور اسے اب یوٹیوب پر بھی جاری کردیا گیا۔

.

ذریعہ

ذریعہ: Daily Mumtaz

پڑھیں:

’مضبوط رہیں‘، ریپر طلحہ انجم کا بھارتی طلبا کے ساتھ اظہارِ یکجہتی

پاکستان کے معروف ریپر اور گلوکار طلحہ انجم نے نئی دہلی میں تعلیمی نظام کے خلاف احتجاج کرنے والے بھارتی طلبا سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے ان کے حوصلے اور ثابت قدمی کو سراہا ہے۔ انہوں نے طلبا پر ہونے والی پولیس کارروائی کے بعد ایک پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے غصے اور احساسات کو بخوبی سمجھتے ہیں۔

طلحہ انجم نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر بھارتی طلبا کے احتجاج کی ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں مظاہرین پر آنسو گیس اور لاٹھی چارج ہوتے دکھایا گیا۔ ویڈیو کے ساتھ انہوں نے لکھا کہ ’بھارت کے طلبا مظاہرین کے نام، مجھے آپ کی ثابت قدمی کا بے حد احترام ہے، میں آپ کی مایوسی اور غصے کو سمجھ سکتا ہوں، اور یہ بھی جانتا ہوں کہ آپ کے ساتھ کیا کیا جا رہا ہے، مضبوط رہیں۔‘

طلحہ انجم پاکستان کے سب سے زیادہ سنے جانے والے موسیقاروں میں شمار ہوتے ہیں اور اسٹریمنگ پلیٹ فارم اسپاٹیفائی پر ان کی مقبولیت کئی ریکارڈ قائم کر چکی ہے۔ بھارت میں بھی ان کے مداحوں کی بڑی تعداد موجود ہے۔ گزشتہ برس نیپال میں ایک کنسرٹ کے دوران ایک مداح کی جانب سے بھارتی پرچم پیش کیے جانے پر وہ خبروں میں آئے تھے، بعد ازاں انہوں نے پاکستان میں اس معاملے پر وضاحت بھی کی تھی۔

سماجی اور انسانی مسائل پر کھل کر مؤقف اختیار کرنے والے طلحہ انجم اس سے قبل بھی کئی معاملات پر آواز بلند کر چکے ہیں۔ اپریل میں صومالیہ کے ساحل کے قریب قزاقوں کے قبضے میں جانے والے پاکستانی ملاحوں کی رہائی کے لیے انہوں نے حکومت سے مؤثر اقدامات کا مطالبہ کیا تھا اور وزارتِ خارجہ سے متاثرہ خاندانوں کے لیے مستقل ہیلپ لائن قائم کرنے کی اپیل بھی کی تھی۔

دوسری جانب بھارت میں تعلیمی امتحانات کے مبینہ پیپر لیکس کے خلاف احتجاج کا سلسلہ گزشتہ ماہ سے جاری ہے۔ کاکروچ جنتا پارٹی (CJP) کے پلیٹ فارم سے ہونے والے اس دھرنے میں طلبہ وزیرِ تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفے اور تعلیمی نظام میں اصلاحات کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ حالیہ دنوں پارلیمنٹ کی جانب مارچ کی کوشش کے دوران پولیس نے مظاہرین کو روکنے کے لیے طاقت کا استعمال کیا، جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوئے۔
 

متعلقہ مضامین

  • ایک ’’غدارِ وطن‘‘ کی سوانح عمری
  • پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز: ویسٹ انڈیز نے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا
  • ’مضبوط رہیں‘، ریپر طلحہ انجم کا بھارتی طلبا کے ساتھ اظہارِ یکجہتی
  • سلمان خان بیان، بھارتی طلباء کے احتجاج پر دبنگ خان کی کھل کر حمایت
  • گلاسگو کی فضاؤں میں دیو ہیکل ڈریگن کی پرواز، وائرل ویڈیوز نے سب کو دنگ کردیا