بوگیوں کی کمی مسافروں کیلیے درد سر، دوسری ٹرینوں میں ایڈجسٹ کیا جانے لگا
اشاعت کی تاریخ: 4th, September 2025 GMT
لاہور:
پاکستان ریلوے کے پاس بوگیوں کی کمی مسافروں کے لیے درد سر بن گئی، سیکڑوں مسافروں کو ریلوے اسٹیشن پہنچ کر معلوم ہوتا ہے کہ جس ٹرین کی ٹکٹ لی اس کے بجائے دوسری ٹرین میں سفر کرنا پڑے گا۔
مسافر حیران و پریشان ہو کر ٹکٹ چیکر سے الجھنے لگتے ہیں۔ درجنوں مسافر اسی چکر میں لیٹ ہو جاتے ہیں اور پھر چلتی گاڑی میں سوار ہونا پڑتا ہے۔
ایکسپریس نیوز کو ملنے والے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ ایک دو ماہ سے پاکستان ریلوے سے سفر کرنے والے ہزاروں مسافروں کو ریلوے اسٹیشن پہنچ کر معلوم ہوتا ہے کہ انہیں پاک بزنس ایکسپریس، شاہ حسین ایکسپریس اور قراقرم ایکسپریس کی جگہ دوسری ٹرینوں میں سفر کرنا پڑے گا۔
پشاور اور راولپنڈی سے لاہور آکر کراچی یا کوئٹہ جانے والی اکثر ٹرینوں کے مسافروں کو ایک دوسری ٹرینوں میں ایڈجسٹ کر کے چلانے پر ریلوے انتظامیہ مجبور ہو چکی ہے جبکہ رہی سہی کسر حالیہ سلاب نے پوری کر دی۔
ریلوے ذرائع کے مطابق پاکستان ریلوے کے پاس صرف لاہور ڈویژن میں 100 سے زائد بوگیوں کی کمی ہے جس کی وجہ سے آئے روز مختلف ٹرینوں کے مسافروں کو ایک دوسری ٹرینوں میں ایڈجسٹ کر کے روانہ کیا جا رہا ہے۔
پاک بزنس ایکسپریس، شالیمار ایکسپریس، شاہ حسین، کراچی ایکسپریس اور خیبر میل کی روانگی اور آمد میں کئی کئی گھنٹوں کی تاخیر معمول بن چکی ہے جس کی وجہ سے مسافر رل گئے۔
مسافر عدیل اکبر، کامران ارشاد اور وسیم نے ایکسپریس نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پہلے تو اس بات نے پریشان کیے رکھا کہ پاک بزنس کی جگہ گرین لائن میں جانا ہے جبکہ ٹکٹ پاک بزنس کی تھی، اسی طرح قراقرم کے بجائے پاک بزنس میں سفر کروایا، دوسری ٹرین دو سے تین گھنٹے تاخیر سے روانہ ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ کوئی مسافر اسٹیشن پر بیوی بچوں سمیت کتنی دیر انتظار کر سکتا ہے، خاص طور پر بچوں کے ساتھ جو ہر تھوڑی دیر بعد کھانے پینے کی اشیاء مانگ لیتے ہیں جن کی قیمتیں ویسے ہی اسٹیشن پر آسمان سے باتیں کر رہی ہوتی ہیں، فیملی ہالز اچھے ہیں مگر کئی کئی گھنٹے انتظار نہیں ہوتا۔
اس حوالے سے جب ریلوے انتظامیہ سے بات کی تو ان کا کہنا تھا کہ سیلاب کی صورتحال کے باعث کچھ ٹرینیں تاخیر کا شکار ہوئیں جبکہ جن ٹرینوں کو منسوخ کیا گیا ان ٹرینوں کے مسافروں کو بروقت دوسری ٹرینوں میں ایڈجسٹ کیا گیا، کوشش کر رہے ہیں کہ ٹرینیں بروقت روانہ ہوں۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: دوسری ٹرینوں میں ایڈجسٹ مسافروں کو پاک بزنس
پڑھیں:
فیفا ورلڈ کپ دیکھنے کیلیے کینیڈا جانیوالے 175 غیر ملکیوں نے سیاسی پناہ مانگ لی
فیفا ورلڈ کپ دیکھنے کے لیے وزٹ ویزہ پر کینیڈا پہنچنے والے درجنوں افراد نے اسائلم کی درخواستیں دائر کر دیں۔
کینیڈا میں ورلڈ کپ کے 13 میچ منعقد ہوئے جن کے لیے حکام نے مجموعی طور پر 26 ہزار سیاحتی ویزے جاری کیے تھے۔ ہزاروں درخواستوں میں سے 50 فیصد سے زائد مسترد کر دی گئی تھیں۔
کینیڈین حکام کے مطابق اب تک 175 افراد سیاسی پناہ کی درخواستیں جمع کرا چکے ہیں جن کا جائزہ امیگریشن اور مہاجرین سے متعلق قوانین کے تحت لیا جائے گا۔
حکام نے یہ واضح نہیں کیا کہ درخواست گزاروں میں کتنے کھلاڑی شامل ہیں، تاہم دستیاب اعداد و شمار کے مطابق گھانا کے 25 جبکہ مصر اور کولمبیا کے 15، 15 شہریوں نے اسائلم کی درخواستیں دی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس تعداد میں مزید اضافہ بھی ہو سکتا ہے۔
اس سے قبل کینیڈین حکومت خبردار کر چکی تھی کہ فیفا ورلڈ کپ کے لیے جاری کیے گئے سیاحتی ویزے کینیڈا میں مستقل قیام یا سیاسی پناہ حاصل کرنے کا ذریعہ نہیں ہیں اور ہر درخواست کا فیصلہ صرف ملکی قوانین کے مطابق کیا جائے گا۔