انٹرنیشنل میری ٹائم نمائش، کراچی کے شہریوں کیلیے ٹریفک پلان جاری
اشاعت کی تاریخ: 2nd, November 2025 GMT
کراچی: پاکستان انٹرنیشنل میری ٹائم ایکسپو اینڈ کانفرنس کے پیش نظر شہریوں کیلیے متبادل ٹریفک پلان جاری کردیا گیا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ایکسپو سینٹر کراچی میں پاکستان انٹرنیشنل میری ٹائم اینڈ کانفرنس کا انعقاد 3 سے چھ نومبر تک ہوگا، جس میں کئی ممالک کے وفود شرکت کریں گے۔
ٹریفک پولیس نے نمائش کے دوران کراچی شہریوں کے لیے ٹریفک پلان جاری کر دیا اور اپیل کی ہے کہ زحمت و پریشانی سے بچنے کیلیے عوام اس پر عمل کریں۔
ٹریفک پلان کے مطابق شاہراہ فیصل سے نرسری کی جانب آنے والی ہیوی ٹریفک کو اسٹیڈیم جانے کی اجازت نہیں ہوگی جبکہ ایسی تمام گاڑیوں ڈرگ روڈ سے راشد منہاس روڈ، ملینیئم اور نیپا کا راستہ اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے،
اس کے علاوہ ملینیئم مال - ڈالمیا روڈ اسٹیڈیم جانے والی ہیوی ٹریفک پر پابندی ہوگی جبکہ نیپا سے حسن اسکوائر جانے والا روڈ ہیوی ٹریفک کے لیے بند رہے گا۔
اپیل کی گئی ہے کہ ہیوی ٹریفک والے حضرات نیپا سے گلشن چورنگی، صفورا یا سہراب گوٹھ کا راستہ اختیار کریں، اس کے علاوہ نیو ٹاؤن سے یونیورسٹی روڈ اور اسٹیڈیم جانے والی ہیوی ٹریفک کو اجازت نہیں ہوگی جبکہ نیو ٹاؤن آنے والی ہیوی ٹریفک کو بلوچ پل کی جانب موڑ دیا جائے گا۔
اسی طرح لیاقت آباد نمبر 10 سے حسن اسکوائر کی سڑک ہیوی ٹریفک کے لیے بند رہے گی، ہیوی گاڑیوں کو لیاقت آباد نمبر 10 سے بائیں جانب شاہراہ پاکستان، کریم آباد سے سہراب گوٹھ کی طرف جانے کی اجازت ہوگی۔
اس کے علاوہ سر شاہ سلیمان روڈ پر اسٹیڈیم جانے والی ہیوی ٹریفک کے داخلے پر پابندی ہوگی جبکہ حسن اسکوائر سے نیشنل اسٹیڈیم اور واپسی کا راستہ صرف چھوٹی گاڑیوں کے لیے کھلا رہے گا۔
محکمہ ٹریفک پولیس نے ہدایت کی ہے کہ شہری اپنی گاڑیاں یا موٹر سائیکلیں سروس روڈ یا مین روڈ پر پارک نہ کریں۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: والی ہیوی ٹریفک اسٹیڈیم جانے ٹریفک پلان ہوگی جبکہ کے لیے
پڑھیں:
آئی جی سندھ کی بغیر نمبر پلیٹ چلنے والی گاڑیوں کیخلاف سخت کارروائی کی ہدایت
کراچی:آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے کراچی سمیت صوبے بھر میں بغیر نمبر پلیٹ چلنے والی گاڑیوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا حکم دے دیا۔
آئی جی سندھ غلام نبی میمن کی زیر صدارت ’’فیس لیس ای ٹکٹنک سسٹم‘‘ کی کارکردگی سے متعلق پہلا جائزہ اجلاس ہوا۔
سینٹرل پولیس آفس کراچی میں منعقدہ اجلاس میں ایڈیشنل آئی جیز، ویلفیئر، ٹریننگ، ڈی جی سیف سٹی، ڈی آئی جیز کرائم اینڈ انویسٹی گیشنز، اسٹیبلشمنٹ، ہیڈکواٹرز، ٹریفک کراچی، آئی ٹی، ایڈمن کراچی، ڈرائیونگ لائسنس، فائنانس اور دیگر اے آئی جیز نے شرکت کی۔
اجلاس کے شرکاء کو ڈی آئی جی ٹریفک کراچی نے شہر میں فیس لیس ای ٹکٹنگ سہولت اور اس کے مختلف امور و اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 27 اکتوبر سے کراچی میں فیس لیس ای ٹکٹنگ سہولت کا باقاعدہ نفاذ کیا جا چکا ہے اور ٹریفک کے نئے قانون کے باقاعدہ نفاذ کو مختلف عوامی حلقوں میں پذیرائی و حوصلہ افزائی کا سلسلہ جاری ہے۔
ڈی آئی جی نے بتایا کہ عوام کی جانب سے اس نظام کی حوصلہ افزائی کے ساتھ ساتھ سوالات، مثبت تجاویز و سفارشات بھی موصول ہو رہی ہیں۔ روڈ سیفٹی انفرا اسٹرکچر کو یقینی بنانے کے لیے کراچی ٹریفک منجمنٹ بورڈ کا قیام ناگزیر ہے۔
اجلاس میں سندھ کے دیگر اضلاع میں بھی فیس لیس ای چالان کی سہولت کو متعارف کروانے کے لیے مخلتف آپشنز پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں تجویز پیش کی گئی کہ دیگر اضلاع میں سیف سٹی کے نفاذ تک مصروف شاہراہوں و مقامات پر نصب سرکاری کیمروں اور خصوصی انتظامات کے ذریعے فیس لیس ای ٹکٹنک سہولت متعارف کروائی جا سکتی ہے۔
اس موقع پر آئی جی سندھ نے ڈی آئی جی ٹریفک کراچی کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ آپ نے فیس لیس ای ٹکٹنگ سہولت کے سلسلے میں جو محنت کی وہ قابل تعریف و ستائش ہے۔ ہمارا اصل مقصد ٹریفک حادثات کی روک تھام اور ٹریفک نظم و ضبط یقینی بنانا ہے۔
آئی جی سندھ غلام نبی میمن کا کہنا تھا کہ حادثات کی بنیادی وجہ تیز رفتاری ہے، اس خلاف ورزی پر سخت کارروائی کی جائے، فیس لیس ای ٹکٹنگ سہولت کو دیگر اضلاع تک لے جانا ہے، صوبے کے دیگر اضلاع کی مصروف شاہراہوں پر سی سی ٹی وی کیمراز کی تنصیب سے متعلق تجاویز دی جائیں۔
آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ ٹریفک سہولت مراکز کا قیام صوبے کے ہر ضلع میں یقینی بنایا جائے۔ ٹریفک پولیس کی ہیلپ لائن 1915 کو سندھ کے دیگر اضلاع تک وسعت دی جائے۔ گاڑیوں کی مقررہ حد رفتار سے متعلق عوامی سطح پر آگاہی کو یقینی بنایا جائے۔