کراچی: PIMEC-2025 کا آج سے آغاز، ٹریفک پلان جاری
اشاعت کی تاریخ: 3rd, November 2025 GMT
پاکستان انٹرنیشنل میری ٹائم ایکسپو اینڈ کانفرنس (PIMEC) 2025 کا آج سے کراچی میں انعقاد کیا جارہا ہے، پولیس نے ٹریفک کی روانی بحال رکھنے کیلئے پلان جاری کردیا۔
PIMEC-2025 کا انعقاد آج سے 6 نومبر تک کراچی ایکسپو سینٹر میں کیا جارہا ہے، ایونٹ کے دوران ٹریفک کی آمدورفت کو یقینی بنانے اور عوام کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹریفک پولیس کی جانب سے پلان ترتیب دیا گیا ہے۔
کراچی ٹریفک پولیس نے ایکسپو سینٹر اور نیشنل اسٹیڈیم کی طرف جانے والے اہم شاہراہوں پر بھاری اور کمرشل گاڑیوں کی نقل و حرکت پر عارضی پابندی عائد کی ہے۔
ٹریفک پولیس کے مطابق شاہراہ فیصل (نرسری سائیڈ) سے آنے والی بھاری اور کمرشل ٹریفک کو اسٹیڈیم کی طرف جانے کی اجازت نہیں ہوگی اور اسی طرح ٹریفک کو حبیب ابراہیم رحمت اللّٰہ روڈ سے سر شاہ سلیمان روڈ کی طرف جانے کی بھی اجازت نہیں ہوگی۔
کارساز اور ڈرگ روڈ سے سفر کرنے والے موٹر سائیکل سوار راشد منہاس روڈ کو ملینیم مال یا نیپا کے ذریعے استعمال کر سکتے ہیں، ایئرپورٹ سے آنے والی گاڑیوں کو ڈرگ روڈ سے دائیں جانب موڑ کر راشد منہاس روڈ اور ملینیم مال کی طرف رواں کیا جائے گا۔
راشد منہاس روڈ اور ملینیم مال سے بھاری اور کمرشل ٹریفک کو اسٹیڈیم یا ڈالمیا کے قریب جانے کی اجازت نہیں ہوگی، ایسی گاڑیوں کو ان کے روٹ کے لحاظ سے شاہراہ فیصل، نیپا، گلشن چورنگی، سہراب گوٹھ یا صفورا گوٹھ کی طرف ری ڈائریکٹ کیا جائے گا۔
کراچی ٹریفک پولیس کے مطابق کسی بھی بھاری یا کمرشل گاڑیوں کو نیپا سے حسن اسکوائر کی طرف جانے یا اندرونی علاقوں سے اسٹیڈیم یا یونیورسٹی روڈ میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی، ان گاڑیوں کو بلوچ پل کے راستے شہید ملت روڈ کی طرف موڑ دیا جائے گا۔
سر شاہ سلیمان روڈ لیاقت آباد نمبر 10 اور حسن اسکوائر کے درمیان بھاری اور تجارتی ٹریفک کے لیے بند رہے گی، جبکہ ہلکی گاڑیاں شاہراہ پاکستان کے ذریعے کریم آباد سے سہراب گوٹھ کی طرف متبادل راستے استعمال کر سکتی ہیں۔
ٹریفک پولیس نے مزید واضح کیا کہ حسن اسکوائر فلائی اوور نیشنل اسٹیڈیم آنے اور جانے والی چھوٹی گاڑیوں کے لیے کھلا رہے گا۔
حکام نے شہریوں کو تاکید کی ہے کہ وہ ٹریفک انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے متبادل راستوں کا استعمال کریں اور ٹریفک اہلکاروں کے ساتھ تعاون کریں تاکہ پورے ایونٹ میں ہموار نقل و حرکت کو یقینی بنایا اور عوام الناس کی ممکنہ مشکلات کو کم سے کم کیا جاسکے۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Jang News
کلیدی لفظ: اجازت نہیں ہوگی ٹریفک پولیس کی طرف جانے بھاری اور گاڑیوں کو
پڑھیں:
پٹرولیم قیمتوں کے روزانہ تعین پر سینیٹ میں توجہ دلاؤ نوٹس جمع
توجہ دلاؤ نوٹس میں جے یو آئی کے سینیٹر نے حکومت سے مجوزہ پالیسی کی وجوہات، اس کے نفاذ کے طریقہ کار اور صارفین کو قیمتوں میں غیر معمولی اتار چڑھاؤ سے تحفظ دینے کے لئے کئے جانے والے اقدامات کی تفصیلات طلب کی ہیں۔ اسلام ٹائمز۔ سینیٹر کامران مرتضیٰ نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے 15 روزہ نظام کے بجائے روزانہ تعین کے مجوزہ فیصلے پر سینیٹ میں توجہ دلاؤ نوٹس جمع کرا دیا۔ توجہ دلاؤ نوٹس میں وفاقی حکومت سے مجوزہ پالیسی پر وضاحت طلب کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ روزانہ قیمتوں کے تعین سے مہنگائی، ٹرانسپورٹ اخراجات اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ نوٹس کے متن کے مطابق مجوزہ نظام کے کاروباری سرگرمیوں اور عوامی زندگی کے اخراجات پر ممکنہ اثرات سے متعلق بھی سوالات اٹھائے گئے ہیں۔
سینیٹر کامران مرتضیٰ نے حکومت سے مجوزہ پالیسی کی وجوہات، اس کے نفاذ کے طریقہ کار اور صارفین کو قیمتوں میں غیر معمولی اتار چڑھاؤ سے تحفظ دینے کے لئے کئے جانے والے اقدامات کی تفصیلات طلب کی ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ عوام کو ممکنہ منفی اثرات سے بچانے کے لیے اختیار کیے جانے والے حفاظتی اقدامات سے بھی سینیٹ کو آگاہ کیا جائے۔