اسرائیل کی پالیسی مذاکرات پر بلا کر اپنے مخالفین کو قتل کرنا ہے، شیخ تمیم بن حمد الثانی
اشاعت کی تاریخ: 23rd, September 2025 GMT
یو این او جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب میں قطر کے امیر نے اسرائیل پر عالمی قوانین کی پاسداری پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی اصول و قوانین سبھی ممالک کے لیے یکساں ہونے چاہئیں، ورنہ عالمی امن و استحکام کو شدید نقصان پہنچے گا۔ اسلام ٹائمز۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب میں قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی نے دوحہ حملے اور "گریٹر اسرائیل" منصوبے کی مذمت کی۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امیر قطر نے اسرائیل پر سخت تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ 9 ستمبر کو دوحہ میں ہونے والا فضائی حملہ نہ صرف امن عمل کو سبوتاژ کرنے کی کوشش تھی بلکہ یہ "سیاسی قتل و غارت پر مبنی سفارتکاری" کا کھلا ثبوت ہے۔ شیخ تمیم نے کہا کہ اسرائیل کے حملے میں ایک قطری شہری بھی جاں بحق ہوا اور یہ واقعہ ثابت کرتا ہے کہ اسرائیل مذاکرات کی آڑ میں صرف اپنے سیاسی مخالفین کو ختم کرنے کی منصوبہ بندی کرتا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ وہ (اسرائیلی وفد) ہمارے ملک آتے ہیں اور سازشیں کرتے ہیں۔ دوسرے فریق سے مذاکرات کرتے ہیں اور انہی مذاکراتی ٹیموں کے اراکین کو قتل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ امیر قطر نے کہا کہ اسرائیل اپنے عوام کو یہ تاثر دے رہا ہے کہ وہ غزہ میں قیدیوں کی رہائی کے لیے مذاکرات چاہتا ہے، حالانکہ حقیقت یہ ہے کہ وہ غزہ کو ناقابلِ رہائش بنانے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔
انھوں نے مزید کہا کہ اسرائیلی قیادت دراصل جنگ کو طول دینا چاہتی ہے، تاکہ "گریٹر اسرائیل" کے تصور کو عملی جامہ پہنایا جاسکے، نئی بستیاں بسائی جا سکیں اور مقدس مقامات کی موجودہ حیثیت کو تبدیل کیا جا سکے۔ امیرِ قطر شیخ تمیم نے واضح کیا کہ تمام تر مشکلات اور اسرائیلی اشتعال انگیزی کے باوجود قطر اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھے گا۔ امریکا اور مصر کے ساتھ مل کر غزہ میں فوری جنگ بندی کے لیے کام کرتا رہے گا۔ اسرائیل پر عالمی قوانین کی پاسداری پر زور دیتے ہوئے امیرِ قطر کہا کہ بین الاقوامی اصول و قوانین سبھی ممالک کے لیے یکساں ہونے چاہئیں، ورنہ عالمی امن و استحکام کو شدید نقصان پہنچے گا۔
ذریعہ: Islam Times
کلیدی لفظ: کہ اسرائیل کے لیے کہا کہ
پڑھیں:
امن کے لیے اسرائیل اور فلسطین کے درمیان مذاکرات لازمی ہیں، برطانوی نائب وزیر اعظم
لندن: برطانیہ کے نائب وزیراعظم ڈیوڈ لیمی نے کہا ہے کہ فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کرنے کا فیصلہ فوری طور پر آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کا باعث نہیں بنے گا بلکہ یہ اقدام امن مذاکرات کو آگے بڑھانے کی ایک کوشش ہے۔
ڈیوڈ لیمی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین کو ریاست کے طور پر تسلیم کرنا ایک اہم سفارتی پیش رفت ہے، لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ اگلے دن ہی فلسطینی ریاست وجود میں آ جائے گی۔ ان کے مطابق یہ قدم ایک طویل المدتی امن معاہدے کی جانب پیش رفت ہے۔
یاد رہے کہ برطانیہ نے حال ہی میں اعلان کیا تھا کہ وہ فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کرنے کا ارادہ رکھتا ہے تاکہ اسرائیل اور فلسطین کے تنازع کے حل کے لیے عالمی دباؤ بڑھایا جا سکے۔ تاہم نائب وزیراعظم نے واضح کیا کہ اس فیصلے سے فوری طور پر سرحدوں یا حکومتی و عسکری ڈھانچے کا قیام عمل میں نہیں آئے گا۔
ڈیوڈ لیمی نے کہا کہ یہ اقدام فلسطینی عوام کے حقِ خود ارادیت کی حمایت ہے، لیکن امن کے لیے اسرائیل اور فلسطین کے درمیان مذاکرات لازمی ہیں۔ برطانیہ تمام فریقوں کے ساتھ مل کر مذاکرات کے عمل کو آگے بڑھانے کی کوشش کرے گا۔
فلسطینی حکام نے اس فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے، جبکہ اسرائیلی حکومت نے اسے "غیر مفید" قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ امن کا واحد راستہ براہِ راست مذاکرات ہیں۔ ماہرین کے مطابق فلسطین کو عالمی سطح پر تسلیم کرنے کے اقدامات سفارتی دباؤ تو بڑھا سکتے ہیں، لیکن اصل تبدیلی کے لیے عملی معاہدوں اور اقدامات کی ضرورت ہے۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں ہوئی ہے جب یورپی یونین کے کئی ممالک بھی فلسطین کو مکمل ریاست کا درجہ دینے پر غور کر رہے ہیں۔