جج ہمایوں دلاور کیخلاف سوشل میڈیا مہم کیس؛ جسٹس انعام امین کی سماعت سے معذرت
اشاعت کی تاریخ: 3rd, November 2025 GMT
اسلام آباد:جج ہمایوں دلاور کے خلاف سوشل میڈیا مہم کیس میں جسٹس انعام امین نے سماعت سے معذرت کرلی۔
بانی پی ٹی آئی کے خلاف فیصلہ سنانے والے جج ہمایوں دلاور کے خلاف سوشل میڈیا مہم کے کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔ ڈائریکٹر اینٹی کرپشن خیبرپختونخوا صدیق انجم کی عبوری ضمانت کی درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات کے ساتھ سماعت ہوئی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس راجا انعام امین منہاس نے کیس سننے سے معذرت کرلی اور ریمارکس دیے کہ وہ اس معاملے میں پہلے ہی اخراجِ مقدمہ کا فیصلہ دے چکے ہیں، اس لیے مزید سماعت نہیں کر سکتے۔ جسٹس انعام امین نے کیس کو دوسری عدالت منتقل کرنے کے لیے فائل چیف جسٹس کو بھجوانے کی ہدایت کر دی۔
عدالت نے کیس کی آئندہ سماعت کے لیے نیا بینچ تشکیل دینے کے حوالے سے فائل چیف جسٹس کو ارسال کر دی ہے۔
یاد رہے کہ صدیق انجم کی عبوری ضمانت کی درخواست اس سے قبل سیشن عدالت نے خارج کر دی تھی، جس کے بعد انہوں نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کیا۔
.ذریعہ: Daily Mumtaz
پڑھیں:
آڈیو لیک کیس میں اہم پیشرفت، مقدمہ جسٹس اعظم خان کی عدالت کو منتقل
اسلام آباد ( نیوزڈیسک) اسلام آباد ہائی کورٹ میں زیرِ سماعت آڈیو لیک کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔
آڈیو لیک کیس کو جسٹس بابر ستار کی عدالت سے منتقل کر کے جسٹس اعظم خان کی عدالت میں مقرر کر دیا گیا ہے، مقدمے کی یہ منتقلی جسٹس بابر ستار کا سنگل بنچ ختم ہونے کے باعث عمل میں آئی ہے۔
کیس میں سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے بیٹے نجم ثاقب اور سابق خاتونِ اول بشریٰ بی بی کی آڈیو لیکس کے خلاف دائر درخواستوں پر سماعت کل 4 نومبر کو جسٹس اعظم خان کریں گے۔
یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے اس آڈیو لیک کیس کے خلاف حکمِ امتناع جاری کرتے ہوئے اسلام آباد ہائیکورٹ کو مزید کارروائی سے روک دیا تھا، یہ درخواستیں بشریٰ بی بی اور نجم ثاقب کی جانب سے دائر کی گئی تھیں۔