اسمگلنگ سے بچائے گئے اڑیال کے تین بچوں کی مصنوعی خوراک پر کامیاب پرورش
اشاعت کی تاریخ: 9th, November 2025 GMT
لاہور:
پنجاب کے نایاب اور قومی جنگلی جانور اڑیال کی بقا کی ایک امید بھری کہانی لاہور سفاری پارک کے وائلڈ لائف اسپتال سے سامنے آئی ہے، جہاں تین ننھے اڑیال بچوں کی زندگی نہ صرف محفوظ بنائی گئی بلکہ انہیں ماں کے دودھ کے بغیر بھی کامیابی سے پروان چڑھایا گیا۔
یہ تینوں بچے چند ماہ قبل جہلم میں اس وقت بازیاب کیے گئے تھے جب ایک شخص انہیں غیر قانونی طور پر اسمگل کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔ بروقت کارروائی کے دوران ملزم کو گرفتار کر لیا گیا اور ننھے اڑیال لاہور منتقل کر دیے گئے، جہاں ان کی نگہداشت، علاج اور خوراک کے خصوصی انتظامات کیے گئے۔
سفاری پارک کے وائلڈ لائف اسپتال میں جب یہ تینوں اڑیال لائے گئے تو وہ کمزور اور خوف زدہ تھے۔ ان کے لیے زندگی ایک نیا تجربہ تھی، ماں کے دودھ کی جگہ انسانوں کے ہاتھوں سے دی جانے والی مصنوعی خوراک، اور جنگل کی آزادی کے بجائے ایک محفوظ مگر محدود ماحول۔ مگر وائلڈ لائف کے ماہرین نے ان کے لیے وہ سب کیا جو فطرت شاید نہ کر پاتی۔ چوبیس گھنٹے نگرانی، ہر چند گھنٹے بعد خوراک، باقاعدہ وزن چیک کرنا، اور ان کی طبی حالت پر مسلسل نظر رکھنا—یہ سب اس داستان کے اہم کردار بن گئے۔
ڈائریکٹر وائلڈ لائف اسپتال، ڈاکٹر محمد رضوان خان کے مطابق پنجاب کی سالٹ رینج اڑیال کا قدرتی مسکن ہے، مگر بریڈنگ سیزن میں شکاری اکثر ان کے بچوں کو پکڑ کر فروخت یا اسمگل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
ان کے بقول، ماضی میں ماں سے جدا ہونے والے اڑیال بچوں کو جب ہاتھ سے دودھ پلا کر پالنے کی کوشش کی گئی تو اکثر ان میں ہاضمے کے مسائل اور اموات کی شرح زیادہ تھی۔ اس بار ہم نے سائنسی طریقہ اپنایا۔ ان کی خوراک میں جدید تبدیلیاں کیں، حفاظتی ادویات کا شیڈول بنایا، اور روزانہ ان کے وزن کی نگرانی کی۔ نتیجہ حیران کن تھا، تینوں بچے تیزی سے صحت یاب ہوئے، ان کا وزن بڑھا، اور وہ بیماریوں سے محفوظ رہے۔
ویٹرنری ماہر ڈاکٹر عبدالرحمٰن نے بتایا کہ ان کے لیے خصوصی خوراک تیار کی گئی جس میں دودھ کے ساتھ ساتھ ٹوٹل مکسڈ ریشن (ٹی ایم آر) شامل تھی تاکہ انہیں تمام غذائی اجزاء متوازن طور پر مل سکیں۔ ان کے خون اور فضلے کے نمونوں کی جانچ باقاعدگی سے کی جاتی رہی تاکہ پرجیوی یا دیگر امراض کی بروقت شناخت ممکن ہو۔
سفاری زو کے کیئر ٹیکر کے مطابق جب یہ اڑیال کے بچے پہلی بار اسپتال لائے گئے تو عملہ ان سے اس طرح مانوس تھا جیسے اپنے بچوں سے۔ جب ان میں سے کوئی ایک خوراک کم کھاتا یا وزن میں کمی محسوس ہوتی، تو پورا عملہ فکر میں پڑ جاتا۔ ان کے لیے ہر لمحہ ایک ذمہ داری تھی، اور اب جب وہ دوڑتے ہیں، اچھلتے ہیں، تو یوں لگتا ہے جیسے قدرت نے مسکرا کر اس محنت کو قبول کر لیا ہو۔
وائلڈ لائف ماہرین کے مطابق یہ پہلا موقع ہے جب پنجاب اڑیال کے بچوں کو سائنسی بنیادوں پر مصنوعی خوراک کے ذریعے کامیابی سے پروان چڑھایا گیا ہے۔ ان کی صحت مند حالت اب نہ صرف ایک سائنسی کامیابی ہے بلکہ جنگلی حیات کے تحفظ کے سفر میں ایک اہم سنگ میل بھی ہے، ایک ایسی کہانی جس میں انسان اور فطرت کے درمیان ہمدردی کا وہ رشتہ جھلکتا ہے جو دونوں کو زندہ رکھتا ہے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: وائلڈ لائف ان کے لیے
پڑھیں:
اینٹی نارکوٹکس فورس نے مختلف کارروائیوں میں 32 لاکھ روپے سے زائد منشیات اسمگلنگ ناکام بنا دی
کراچی:اینٹی نارکوٹکس فورس نےکراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں کارروائیوں کےدوران 32لاکھ روپے سے زائد مالیت کی منشیات تحویل میں لے لی۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے،کراچی میں تین مختلف کارروائیاں کی گئیں جس میں کوریئر آفس میں لندن بجھوائے جانے والے پارسل سے بچوں کے 4 کمبلوں میں جذب 3.8کلوگرام آئس برآمد کرلی گئی۔
شاہراہ فیصل پر ایک اور کوریئر آفس میں جاپان جانیوالے پارسل سے چاولوں میں شامل 110گرام آئس برآمد کی گئی، جناح ٹرمینل ائیرپورٹ کے کارگو شیڈ میں نیوزی لینڈ روانہ ہونے والے پارسل میں موجود لیڈیز بیگ سے 3.6کلوگرام آئس برآمد کی گئی۔
دیگر کارروائیوں کے دوران کاک پل اسلام آباد کے قریب خاتون کے قبضے سے 1.95 کلوگرام آئس، لاہور میں موٹرسائیکل سوار 2ملزمان کے قبضے سے 2 کلوگرام آئس جبکہ چائنا چوک حاجی شاہ روڈ اٹک میں موٹرسائیکل سے 3.6 کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔
مذکورہ کارروائیوں میں خاتون سمیت 3 ملزمان کی گرفتاری عمل میں آئی، اس حوالے سے انسداد منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کرکے تحقیقات کاآغاز کر دیا گیا۔