پاکستانی پاسپورٹ دنیا میں چوتھا کمزور ترین پاسپورٹ قرار
اشاعت کی تاریخ: 9th, January 2025 GMT
بین الاقوامی ادارے نے 2025ء کی پاسپورٹ کی رینکنگ جاری کر دی۔
رینکنگ کے مطابق پاکستانی پاسپورٹ کو دنیا میں چوتھا کمزور ترین پاسپورٹ قرار دیا گیا ہے۔
پاسپورٹ انڈیکس کی رپورٹ کے مطابق پاکستانی پاسپورٹ 106 نمبرز میں سے 103 ویں نمبر پر ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یمن بھی پاکستان کے ساتھ گلوبل پاسپورٹ رینکنگ میں 103 نمبر پر ہے۔
رینکنگ میں پہلے نمبر پر سنگاپور کا پاسپورٹ ہے جو دنیا کا بہترین پاسپورٹ قرار دیا گیا ہے۔
پاسپورٹ انڈیکس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جاپان کا پاسپورٹ دنیا کا دوسرا بہترین پاسپورٹ ہے۔
افغانستان کا پاسپورٹ دنیا کا بدترین پاسپورٹ قرار دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستانی پاسپورٹ 2024ء میں بھی دنیا کا چوتھا کمزور ترین پاسپورٹ قرار پایا تھا
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: پاسپورٹ قرار دنیا کا
پڑھیں:
سفر سے پہلے پاسپورٹ کی ایسی 7 غلطیاں جوآپ کے لیے بڑی مشکلات کا باعث بن سکتی ہیں ،جانیں
اس سال یعنی 2025 میں عالمی سیاحت کی بحالی اور نئے مقامات کی دستیابی کے ساتھ، بیرون ملک سفر کا رجحان ایک بار پھر زور پکڑ رہا ہے۔ لیکن ایک چھوٹی سی غلطی، جیسے پاسپورٹ سے متعلق معمولی کوتاہی، آپ کے مہینوں کی منصوبہ بندی کو لمحوں میں خاک میں ملا سکتی ہے۔ افسوسناک امر یہ ہے کہ اکثر مسافر بنیادی چیزوں کو نظر انداز کر جاتے ہیں، جس کا نتیجہ ایئرپورٹ پر پریشانی، پرواز سے محرومی یا امیگریشن پر واپسی کی صورت میں نکلتا ہے۔
آئیے ان عام غلطیوں پر نظر ڈالتے ہیں جن سے بچ کر آپ اپنا سفر باآسانی اور بغیر کسی تناؤ کے مکمل کر سکتے ہیں۔
میعاد ختم ہونے کی تاریخ چیک نہ کرنا
بہت سے ممالک کے قوانین کے مطابق، آپ کا پاسپورٹ آپ کی متوقع واپسی کی تاریخ سے کم از کم چھ ماہ تک کارآمد ہونا چاہیے۔ ورنہ آپ کو داخلے سے انکار ہو سکتا ہے، چاہے آپ کے پاس ویزا بھی ہو۔ سفر سے کم از کم چھ ماہ پہلے پاسپورٹ کی معیاد چیک کریں۔ اگر معیاد ختم ہونے کے قریب ہے تو فوراً تجدید کروائیں۔ کچھ ممالک تین خالی صفحات کا بھی تقاضا کرتے ہیں، اس پر بھی نظر رکھیں۔
پاسپورٹ بنوانے یا تجدید کی مدت کو نظر انداز کرنا
2025 میں ممکنہ طور پر درخواستوں کا دباؤ زیادہ ہوگا، جس سے پاسپورٹ پراسیسنگ میں تاخیر متوقع ہے۔ لہٰذا نئے یا تجدید شدہ پاسپورٹ کے لیے کم از کم 10 سے 12 ہفتے پہلے درخواست دیں۔ ہنگامی صورت میں ایکسپریس سروس استعمال کریں، لیکن تمام کاغذات مکمل اور درست ہونے چاہییں۔
خراب یا پھٹے ہوئے پاسپورٹ کا استعمال
پاسپورٹ پر پانی کے دھبے، پھٹے ہوئے اندرونی صفحات کی خرابی، امیگریشن افسران کے لیے مشتبہ ہو سکتی ہے۔ ہمیشہ اہم ترین کاغذات اور پاسپورٹ کو کور میں رکھیں اور اگر یہ شدید خراب ہو چکا ہو تو تجدید (رینیول) ضرور کروائیں، چاہے اس کی میعاد باقی ہو۔
ذاتی معلومات بروقت اپڈیٹ نہ کروانا
شادی، طلاق یا کسی قانونی تبدیلی کے بعد اگر نام یا جنس تبدیل ہوئی ہو تو پاسپورٹ میں بھی فوری تبدیلی لازم ہے۔ لہٰذا کسی بھی تبدیلی کی صورت میں پاسپورٹ کو جلد از جلد اپڈیٹ کریں۔ جیسے شوہر کا نام یا والد کا نام اپڈیٹد ہونا لازمی ہے۔ آپ کی فلائٹ بکنگ اور ویزا کی معلومات پاسپورٹ سے مطابقت رکھتی ہوں۔
ویزے کی ضروریات کو نظر انداز کرنا
صرف پاسپورٹ ہونے سے ہر ملک کا دروازہ نہیں کھلتا، کچھ ممالک ویزا لازمی قرار دیتے ہیں۔ ہر اس ملک کے ویزا قوانین کی تحقیق کریں جہاں آپ جا رہے ہیں۔ اگر ای۔ویزا کی سہولت موجود ہے تو اس میں بھی درست پاسپورٹ تفصیلات درج ہونا ضروری ہے۔
پاسپورٹ کی کاپی ساتھ نہ رکھنا
سفر کے دوران پاسپورٹ گم ہو جانا ایک خوفناک تجربہ ہو سکتا ہے۔ ایک فوٹو کاپی اپنے سامان میں رکھیں اور ایک اسکین شدہ کاپی ای میل یا کلاؤڈ اسٹوریج میں محفوظ رکھیں۔ یہ فوری مدد حاصل کرنے میں آسانی پیدا کرے گی۔
درست پاسپورٹ کے انتخاب میں غلطی
دوہری شہریت والے افراد کے لیے اکثر یہ مسئلہ ہوتا ہے کہ وہ غلط پاسپورٹ استعمال کر لیتے ہیں۔ فلائٹ بکنگ، ویزا اور سفر کے تمام مراحل میں ایک ہی پاسپورٹ استعمال کریں۔ الجھن کی صورت میں کسی ٹریول ایجنٹ یا ایئرلائن سے رہنمائی لیں۔
پاسپورٹ صرف ایک شناختی دستاویز نہیں بلکہ آپ کا عالمی سفر کا گیٹ وے ہے۔ چھوٹی سی غفلت مہنگی پڑ سکتی ہے۔ اگر آپ چاہتے ہیں کہ آپ کا 2025 کا سفر یادگار اور بے فکری سے بھرپور ہو، تو ابھی سے ان تمام پہلوؤں پر توجہ دیں۔ منظم رہیں، پہلے سے تیاری رکھیں اور بے فکر اور مطمئن سفر سے لطف اندوز ہوں۔