ملک کے میدانی علاقوں میں دھندراج،حد نگاہ صفر ،موٹرویز مختلف مقامات پر بند
اشاعت کی تاریخ: 13th, January 2025 GMT
ملک کے میدانی علاقوں میں شدید دھند اور حد نگاہ صفر ہونے کے باعث موٹرویز کے مختلف سیکشنز کو بند کر دیا گیا ہے تاکہ شہریوں کی محفوظ سفری سہولیات کو یقینی بنایا جا سکے۔ترجمان موٹروے پولیس کے ترجمان کے مطابق دھند کے باعث موٹروے ایم2-(لاہور سے ہرن مینار تک)، موٹروے ایم-3 (لاہور سے درخانہ تک)، موٹروے ایم-4 (پنڈی بھٹیاں سے ملتان تک)، موٹروے ایم-5(ملتان سے روہڑی تک)اور لاہور-سیالکوٹ موٹروے ایم 11- کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا۔حد نگاہ صفر ہونے کے باعث قومی شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ۔ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق، شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ، ترجمان نے کہا کہ دھند میں لین کی خلاف ورزی سے اجتناب کریں، کیونکہ یہ حادثات کا سبب بن سکتی ہے، روڈ یوزرز لین ڈسپلن کو یقینی بنائیں۔شہری زیادہ سے زیادہ دن کے اوقات میں سفر کو ترجیح دیں اور صبح 10 بجے سے شام 6 بجے تک دھند کے موسم میں بہترین سفری اوقات ہیں۔ڈرائیور حضرات اپنی گاڑیوں کے آگے اور پیچھے دھند والی فوگ لائٹس کا استعمال کریں، اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ترجمان کے مطابق شہری مزید معلومات اور مدد کے لئے موٹروے پولیس ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
پڑھیں:
ریلوے پولیس نے سیکیورٹی پیکیج تیار کرلیا، حنیف عباسی
وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا ہے کہ انسپکٹر جنرل (آئی جی) ریلوے پولیس نے سیکیورٹی پیکیج تیار کرلیا ہے۔
اسلام آباد سے جاری بیان میں حنیف عباسی نے کہا کہ آئندہ پی ایس ڈی پی میں پونے 3 ارب روپے کے سیکیورٹی پیکیج کو شامل کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پیکیج میں سی سی ٹی وی، اسکینرز، میٹل ڈیٹیکٹر اور ریلوے پولیس اسٹیشنز کی بحالی شامل ہے۔
وفاقی وزیر ریلوے نے مزید کہا کہ تجاوزات کے خلاف مہم کا آغاز کر رہے ہیں، سب سے پہلے اسٹیشنز اور یارڈز کی تجاوزات کےخلاف آپریشن کریں گے۔
اُن کا کہنا تھا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کو ریلوے اسٹیشن پر کارروائی کی رسائی دی ہے، چاہتے ہیں مسافروں کو ریلوے اسٹیشن پر معیاری کھانا ملے۔
حنیف عباسی نے یہ بھی کہا کہ آن لائن ٹکٹ سسٹم کی خامیاں دور کرنے کے لیے ٹیم بنائی ہے، جسے آئی ٹی ڈائریکٹر لیڈ کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ریلوے کی بند کی جانے والی تینوں کمپنیوں کے ملازمین کے واجبات ادا کریں گے، افغانستان اور ازبکستان ٹرین ٹریک کے حوالے سے بات چیت چل رہی ہے۔