سندھ کے مفاد پر سمجھوتا نہیں کرینگے،ناصر حسین شاہ
اشاعت کی تاریخ: 19th, January 2025 GMT
سکھر (نمائندہ جسارت) صوبائی وزیر توانائی، منصوبہ بندی سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ نہروں کا مسئلہ بہت اہم ہے، سندھ کے مفاد پر کوئی سمجھوتا نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سب سے اہم پاکستان ہے، پاکستان ہے تو ہم ہیں، ایسے حساس مسائل صوبوں اور عوام میں اختلاف پیدا کرتے ہیں۔ ڈی ای پی ڈی سکھر ریجن اور ہوپ فار مین کائنڈ آرگنائزیشن کے تعاون سے گنگھوٹی گراؤنڈ روہڑی میں خصوصی بچوں کے لیے اسپورٹس فیسٹیول کی افتتاحی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بجلی بلنگ چیک کرنے کے لیے محکمہ توانائی میں کمیٹی بنائی گئی ہے۔ حیرت ہے کہ سرکاری اداروں میں بہت زیادہ بلنگ کی جا رہی ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ بیراج روڈ پر ایک اسکول کو ہر بار 20 گنا زیادہ بل بھیجا گیا ہے، بل زیادہ بھیجنے کے باوجود عوام لوڈشیڈنگ سے نجات حاصل نہ کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ میں توانائی کا وزیر ہوں، روہڑی میں میرا گھر ہے اور وہاں دن میں 8 بار لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے۔ شہری کہتے ہیں کہ اس سے بہتر تھا کہ آپ توانائی کے وزیر نہ ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ عوام لوڈشیڈنگ اور اوور بلنگ سے نجات حاصل نہیں کر سکے، یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ اس مسئلے پر کام کریں تاکہ کسی کے ساتھ نا انصافی نہ ہو، انہوں نے سکھر سمیت پورے صوبے کے تمام اسپیشل ایجوکیشن سینٹرز کو سولر سسٹم فراہم کرنے کا اعلان کیا۔ اسپورٹس فیسٹیول کے موقع پر خصوصی بچوں نے سائن لینگویج میں قومی ترانہ پیش کیا اور سکھر ریجن کے 8 اسپیشل ایجوکیشن سینٹرز کے بچوں نے مارچ پاس بھی پیش کیا۔
.
ذریعہ
ذریعہ: Jasarat News
کلیدی لفظ: انہوں نے کہا کہ
پڑھیں:
جامعہ کراچی میں سالانہ یومِ حسینؑ، شیعہ سنی علماء کا خطاب، اساتذہ و طلباء کی شرکت
تقریب سے جامعہ کراچی کے وائس چانسلر ڈاکٹر خالد محمود عراقی، معروف عالمِ دین مولانا سید شہنشاہ حسین نقوی، معروف اہلِ سنت عالمِ دین مفتی فضل ہمدرد، مولانا سید عروج زیدی اور مولانا سید فرخ عباس سمیت دیگر نے خطاب کیا۔ اس موقع پر شرکاء کے لیے سبیلِ حسینی اور تبرکات کا خصوصی اہتمام کیا گیا، جبکہ ماحولیاتی آلودگی سے آگاہی کے فروغ کے لیے مفت پودے بھی تقسیم کیے گئے۔ اس موقع پر میناب اسکول کے شہداء کو خراج تحسین بھی پیش کیا گیا۔ متعلقہ فائیلیںرپورٹ: میثم عابدی
جامعہ کراچی میں آئی ایس او ڈسٹرکٹ پروفیشنل اور دفترِ مشیر امورِ طلبہ کے زیر اہتمام سالانہ یومِ حسینؑ نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا، جس میں جامعہ کے اساتذہ، طلبہ، علمائے کرام اور مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جامعہ کراچی کے وائس چانسلر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کہا کہ حضرت امام حسینؑ کی عظیم قربانی رہتی دنیا تک حق و باطل کے درمیان امتیاز کی علامت بنی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ شہدائے کربلا کی قربانی کا مقصد انسانیت کو گمراہی کے اندھیروں سے نکال کر ہدایت کی روشنی سے آشنا کرنا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ آج جمہوری اسلامی ایران امریکا اور اسرائیل کے خلاف جس استقامت اور ثابت قدمی کا مظاہرہ کر رہا ہے، وہ تعلیماتِ حسینی کا عملی مظہر ہے۔ تقریب کے مقررین میں معروف عالمِ دین مولانا سید شہنشاہ حسین نقوی نے کہا کہ کربلا شعور، بصیرت اور حق شناسی کا راستہ ہے، حضرت امام حسینؑ نے اپنی لازوال قربانی سے دینِ اسلام کو نئی حیات عطا کی جبکہ سیدالشہداءؑ سے محبت درحقیقت رسولِ اکرم ﷺ سے محبت کا اظہار ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہدائے کربلا کی قربانی تاریخِ انسانیت کی عظیم ترین قربانی ہے۔
معروف اہلِ سنت عالمِ دین مفتی فضل ہمدرد نے اپنے خطاب میں کہا کہ حضرت امام حسینؑ نے دینِ اسلام کی سربلندی اور حق کی بقا کے لیے عظیم قربانی پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ حسینیت کا راستہ ہی پاکستان میں امن، اتحاد اور باہمی ہم آہنگی کو فروغ دے سکتا ہے۔ اسی موقع پر مولانا سید عروج زیدی نے کہا کہ واقعۂ کربلا پوری انسانیت کے لیے ایک ہمہ گیر نمونۂ عمل ہے، جو انسان کو بیداری، حق شناسی اور ظلم کے خلاف ڈٹ جانے کا درس دیتا ہے۔ تقریب کے درمیان شیعہ اور سنی شرکاء نے مولانا سید فرخ عباس کی اقتدا میں باجماعت نمازِ ظہرین ادا کی۔ شرکاء کے لیے سبیلِ حسینی اور تبرکات کا خصوصی اہتمام کیا گیا، جبکہ ماحولیاتی آلودگی سے آگاہی کے فروغ کے لیے مفت پودے بھی تقسیم کیے گئے۔ اس موقع پر میناب اسکول کے شہداء کو خراج تحسین بھی پیش کیا گیا۔ یوم حسینؑ میں مختلف طلبہ تنظیموں کے رہنما بھی شریک تھے۔