Express News:
2025-04-25@11:39:53 GMT

دو پیسوں کی افیون

اشاعت کی تاریخ: 24th, January 2025 GMT

کبھی آپ نے سوچا ہے… توبہ توبہ ہم بھی کیا اناب شناب پوچھنے لگے ہیں آپ سے اس’’کام‘‘ کے بارے میں پوچھ رہے ہیں جو کبھی آپ سے سرزد نہیں ہوا اور سرزد ہو بھی تو کیسے؟کہ اسے آپ نے سیکھا ہی نہیں اور دنیا کے سارے ڈاکٹروں نے آپ کو مکمل پرہیز لکھا ہوا ہے، اگر آپ کو سوچنا آتا اگر آپ نے سوچنا سیکھا ہوتا اگر آپ سوچنے کی تکلیف گوارا کرتے تو آج آپ کا یہ حال ہوتا ؟راہبر تو دور کی بات ہے آپ راہزن کو پہچانتے نہیں جو آپ کے سامنے ہے اور سو بار اپنے فن کا مظاہرہ آپ پر کر چکا ہے بلکہ بار بار آتا ہے اور اعلان کرتا ہے کہ میں پھر تجھے لوٹنے آیا ہوں تیار ہوجاؤ۔اور آپ پھر لوٹنے کے لیے تیار ہوجاتے ہیں ۔

لیکن کیا کریں ہم بھی بندہ بشر اور آپ کے قدوبت کو دیکھ کر دھوکا کھا جاتے ہیں کہ شاید بھول چوک ہی میں سے آپ سے سوچنے کی بدپرہیزی ہوجائے کوشش کرلینے میں کیا حرج ہے۔ وہ کسی جنگل صحرا میں دو آدمیوں کا ملن ہوا، ایک کے پاس نہایت شاندار گھوڑا تھا۔ساتھ ہی اس پر زین اور دوسرے قیمتی لوازمات جب کہ دوسرے کے پاس ایک لاغر اور زخمی اور لڑکھڑاتا ہوا گدھا تھا۔

باتوں باتوں میں گدھے والے نے گھوڑے والے سے پوچھا سواری بدلنے کے بارے میں کیا خیال ہے اگر راضی ہو تو میں اپنا گدھا تمہارے گھوڑے سے بدلنے کو تیار ہوں۔اس پر گھوڑے والا حیران ہوکر بولا، یہ کیا کہہ رہے رہو کیا میں تجھے احمق نظر آتا ہوں۔ گدھے والے نے کہا کیا پتہ تم ہو کوشش کرنے میں کیا حرج ہے۔آپ بھی ہیں یہ ہمیں معلوم ہے لیکن پھر بھی کوشش کرلینے میں کیا برائی ہے۔ٹھیک ہے آپ’’سوچنے‘‘پر ناراض ہوتے ہیں تو یہ پوچھ لیتے ہیں کہ آپ نے کبھی دیکھا ہے؟کیونکہ کھوپڑی خالی سہی یہ اتنی بڑی اُلو جیسی آنکھیں تو ہیں نا آپ کے چہرے پر، تہمت کی طرح لگی ہوئیں۔

مطلب یہ کہ یہ اردگرد جو ہورہا ہے آپ کو نہیں لگتا کہ دنیا میں عموماً اور پاکستان میں خصوصاً نفرتوں کا گراف انتہائی حدوں کو پہنچ رہا ہے، ایسا لگتا ہے جیسے لوگ باقی سب کچھ بھول چکے ہوں، محبت، رشتے ناطے، انسانیت، رحم، کرم اور بھائی چارہ ، عفوو درگزر، برداشت، افہام وتفہیم۔دنیا سے مکمل طور پر اٹھ چکے ہوں۔اور انسان نفرتوں، کدورتوں اور دشمنیوں کا مجسمہ ہوکر رہ گیا ہو۔اس سوکھے خس وخاشاک کی طرح جس پر تیل بھی چھڑکا گیا ہو اور جو ایک چھوٹی سی چنگاری سے بھڑک اٹھتا ہو۔

اب تک تو یہ آگ ذرا دور رہتی تھی کشمیر، فلسطین، یمن یہاں وہاں نہ جانے کہاں کہاں۔لیکن اس کرم ایجنسی کو ہم کیا کہیں گے؟اس پاکستانی سیاست میں نفرتوں کی انتہا کو کیا سمجھیں گے بلکہ شہر شہر، گاؤں گاؤں، مسجد مسجد اور فرقہ فرقہ، برادری برادری اور پیشے پیشے میں یہ جو زہر ہلاہل بہنے لگا ہے اسے کیا سوچیں کیا سمجھیں اور کیا کہیں۔

اور یہ جو ساری دنیا کو مار مار کر پیٹ پیٹ کر، توڑ پھوڑ کر مسلمان بنانے کا رجحان ہے اسے ہم کیا سمجھیں گے کیا مساجد میں بلاسٹ کرکے،اسکولوں میں خون کی ہولیاں کھیل کر، بازاروں میں دھماکے کرنے سے، پولیس والوں کو اڑانے سے’’اسلام‘‘ نافذ ہوجائے گا ۔ تحقیق کا ایک سیدھا سادا اصول ہے۔جب کوئی جرم ہوتا ہے فرض کرلیجیے قتل ہوجاتا ہے۔تو سب سے پہلے موٹیو ڈھونڈا جاتا ہے کہ آخر اس قتل کا محرک کیا تھا۔اگر موٹیو صاف اور سامنے ہو یعنی دشمنی انتقام یا اتفاقی جھگڑا یا پرانی دشمنی ہو تو ٹھیک ہے لیکن اگر وجہ نامعلوم ہو تو پھر دیکھا جاتا ہے کہ اس قتل سے ’’فائدہ‘‘کس کو پہنچ رہا ہے یا پہنچا ہے۔

کیا کشمیر، فلسطین اور ایسے دوسرے معاملات سے برسرمیدان لڑنے والوں کو کوئی فائدہ پہنچ رہا ہے۔؟تو پتہ چلتا ہے کہ ہندوستان اور پاکستان دونوں کو نقصان ہی نقصان ہورہاہے دونوں ہی اپنے عوام کا پیٹ کاٹ کاٹ کر ہتھیار جمع کرنے پر مجبور ہیں تو فائدہ کس کو ہوا؟۔چلیے دور دور جانے کے بجائے اپنے قریب ترین اور تازہ ترین کرم ایجنسی کے تازہ ترین واقعے پر سوچتے ہیں اس میں فائدہ کس کو پہنچا بلکہ یہ پہلا واقعہ نہیں اس سے پہلے بھی یہاں تصادم ہوتے رہے۔

ان سب میں کسی کو کوئی معمولی فائدہ پہنچا ہے نقصان ہی نقصان تباہی ہی تباہی بربادی ہی بربادی ہوتی رہی ہے کسی بھی فریق کو کوئی بھی فائدہ نہیں پہنچا ہے۔ تو پھر کیوں یہ بے فیض خونریزیاں ہورہی ہیں اور اگر اس پر ’’موٹو‘‘کی روشنی میں غور کیا جائے تو صاف صاٖف مجرم کا پتہ چل جاتا ہے کہ وہی ہے جس کو اس سے فائدہ ہورہا ہے وہی جس کا اسلحہ مارکیٹ ہورہا ہے کوئی بھی مرے جیئے تباہ ہوجائے اسلحہ تو ان کا بک جاتا ہے اور تب تک بکتا رہے گا جب تک دنیا میں جذباتی بے وقوف موجود ہیں۔

وہ کسی بزرگ نے کہا ہے کہ اگر دنیا میں احمق نہ ہوتے تو عقل مند بھوکوں مرجاتے۔اور احمق جذباتی ہوتا ہے چاہے جذبات کسی بھی شکل میں ہوں۔کیوں کہ جب جذبات کسی سر میں موجود ہوں یا آجاتے ہیں تو عقل رخصت ہوجاتی ہے۔وہ عام سی بات تو آپ نے سنی ہوگی کہ کسی نے غصے سے کہا کہ تم کہاں رہتے ہو بولا ’’سر‘‘میں۔مگر وہاں تو عقل رہتی ہے۔بولا جب میں آجاتی ہوں وہ بھاگ جاتا ہے اور آخر میں ایسا ہی ایک دوسرا قصہ۔کہ افیونی نے دکاندار سے دو پیسے کی افیون مانگی۔ دکاندار نے کہا کہ دو پیسے کی افیون سے کیا نشہ ہوگا۔ افیونی نے کہا نشہ، میرے سر میں بہت ہے بس تھوڑے سے دھکے کی ضرورت ہے۔ اور وہ تھوڑا سا دھکا اسلحہ فروش کسی نہ کسی طرح دے ہی دیتے ہیں۔ اب اس’’سر‘‘ کا پتہ لگانا تو اتنا مشکل نہیں ہے نا۔

.

ذریعہ: Express News

کلیدی لفظ: جاتا ہے میں کیا نے کہا ہے اور

پڑھیں:

رشتہ ایک سرد مہری کا

وہ کڑیل جوان اچانک پسینے سے شرابور، دل کی دھڑکن قابو سے باہر، گھر میں کہرام، بھاگم بھاگ اسپتال پہنچے۔ دوا دی گئی، کوئی اثر نہیں ہوا، دوسری دوا دی گئی۔ دھڑکن کچھ تھمی اور رگوں پر خون کا پریشر کچھ کم ہوا۔ لیکن یہ کیا، تھوڑی دیر بعد الٹیاں شروع ہوگئیں، تازہ تازہ خون سنبھالے نہیں سنبھلتا۔ اور دواؤں کے پے در پے ادوار شاید زندگی پر چلنے والے کلہاڑے کے وار ثابت ہوئے۔

وہ کل جو اس وقت زندگی کے شور میں ہنس اور دوسروں کو ہنسا رہا تھا، آج سرد پڑا ہے۔ آنکھیں ٹنگی ہیں، ہر طرف خاموشی ہے۔ اس کا مردہ جسم شفا خانے میں رسمی کاروائی کا منتظر ہے۔ انسانی مشاہدات تو درکنار، ڈاکٹر یا نرس کے کہنے پر بھی اسپتال کے کاغذات اس بے جان جسم کو مردہ نہیں کہتے۔ دل کی بند دھڑکنوں کو مشینوں پر چیک کرکے روح کے نکل جانے کا اعلان باقی ہے۔ اس چیکنگ کی فیس اور لاکھوں کے تاوان ادا کرکے احساس کے قید خانے میں ضبط کی ہوئی لاش لے جائی جاسکتی ہے۔

کیا ہوا، کیوں ہوا، کیسے ہوا؟ کیا اس جوان کو بچایا جاسکتا تھا؟ معلومات اور خیالات کی زنجیر میں کیا کیا خلا ہیں۔ علم سے دانشمندی کی کشید میں کہاں کہاں آلودگی ہے، کہاں کہاں ملاوٹ ہے۔ اس سفر میں کہاں کہاں سیاہ دھبے ہیں، راستوں میں کہاں کہاں پر گھپ اندھیرا ہے۔ کہاں کہاں خندقیں بنائی گئی ہیں، کہاں کہاں گڑھے ہیں۔ کہیں ایسا تو نہیں کہ پہلی دوا نے اثر نہیں کیا، کہیں دوا نے مہلک اثر تو نہیں کیا۔ راقم عہد وفا میں خاموش ہے۔

امریکا دنیا کا طاقتور ملک، سائنس کے افق پر حکومت کرنے والا ملک، جہاں سر توڑ کوشش کے باوجود سال 2024 میں 900 سے کم جنیرک ادویات استعمال کےلیے منظور ہوئیں۔ وہاں ادویات کے لیبل پر لکھے گئے وعدوں کی نگہبانی حکومت کے ادارے کرتے ہیں۔ دواؤں سے منسلک دعووں کو پرکھنے کےلیے ہزاروں پیشہ ور افراد مامور ہوتے ہیں۔ میں سوچتا ہوں کہ 2024 میں کسی آزاد وطن میں 15000 سے زائد جنیرک ادویات رجسٹرڈ کی گئیں۔ ان میں سے ایک بھی ترقی یافتہ ملک میں منظور نہیں ہوئیں۔ نہ ہی کسی نے منظوری کی درخواست جمع کرانے کی ہمت کی اور نہ ہی کسی دنیا کے ضامنوں نے اس قابل سمجھا کہ ان تک پہنچے۔

ترتیب پانے والی غیبی آواز سے بے اعتنائی کا حوصلہ نہیں۔ اس دشت کی سیاحی میں زندگی گزر گئی، اپنے مسقبل سے بے نیاز ہمارے خیالات میں جارحانہ پن حاوی رہا اور انصاف کی پیروی میں لوٹ مار کے خلاف ہمارے خواب صف آرا ہی رہے۔ ہر طرف خاموشی ہے، سناٹا ہے، گم صم ہیں۔ میسنے اور گھنے کا ہجوم ہے۔ سچ کہنے پر دشمنی پر اتر آتے ہیں، کردار کشی کرنے کےلیے محاذ بناتے ہیں۔ مجرے کراتے ہیں، پیسے لٹاتے ہیں، کوئی نہیں کہتا کہ ادویات اگر ناقص ہوں تو کسی کی روح ایسے نکلتی ہے جیسے سڑک پر آوارہ کتے کی لاش تڑپ رہی ہو اور گاڑیوں میں موسیقی کی دھن اور اپنی دھن میں مست رواں دواں۔ دواؤں کی اور جنیرک دواؤں کی بھرمار، مگر جان کی قیمت کون پوچھے؟

 

نوٹ: ایکسپریس نیوز اور اس کی پالیسی کا اس بلاگر کے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو قلم اٹھائیے اور 800 سے 1,200 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنے مختصر مگر جامع تعارف کے ساتھ [email protected] پر ای میل کردیجیے۔

متعلقہ مضامین

  • جنگ سے کسی کو کوئی فائدہ نہیں ہو گا: ایمل ولی خان
  • ملک کی حفاظت کے لیے ہم سب سینہ سپر ہیں، علی محمد خان
  • اولاد کی تعلیم و تربیت
  • وہ ڈاکٹر اور یہ ڈاکٹر
  • کوچۂ سخن
  • رشتہ ایک سرد مہری کا
  • کوہ قاف میں چند روز
  • غزہ کے بچوں کے نام
  • تین سنہرے اصول
  • درباروں سے چندہ اکٹھا کرنے کیلئے اے ٹی ایم مشین جیسے پیسوں کے گلے رکھے جائیں گے، چوہدری شافع