حکومتی خرخراہٹ سے آنے والی خبر نے ہڑ بڑا کر رکھ دیا کہ پی ڈی ایم کی حکومت نے گلا گھوٹنے والا متنازع پیکا ایکٹ ترمیمی بل 2025ء کثرت رائے سے قومی اسمبلی سے پاس کرالیا۔ جس کے تحت جھوٹی خبر پھیلانے پر تین سال قید اور 20 لاکھ روپے جرمانہ ہوگا۔ ترمیمی ایکٹ کا دائرہ کار ڈیجیٹل میڈیا تک محدود رکھا گیا ہے۔ اس ایکٹ کے تحت سوشل میڈیا پروٹیکشن ٹریبونل قائم کیا جائے گا۔ وفاقی حکومت تین سال کے لیے ٹریبونل ارکان تعینات کرے یہ 90 روز میں کیس نمٹانے کے پابند ہوں گے۔ صحافیوں نے اس کی مذمت کرتے ہوئے اس کو پاکستان کے آئین کا آرٹیکل 19 جو ہر شہری کو آزادی اظہار کا حق دیتا ہے کے خلاف قرار دیا۔ انسانی حقوق کمیشن پاکستان نے اس ترمیمی بل کی منظوری پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بل کے سیکشن اے 26 میں جعلی یا جھوٹی خبروں پر زور دینا تشویشناک ہے، بل کا متن جعلی خبروں کی مناسب وضاحت فراہم نہیں کرتا ہے، مبہم نتائج کی طرف اشارہ کرتا ہے، ڈیجیٹل مواد کو کنٹرول کرنے کے لیے 4 نئی اتھارٹیز کے قیام سے غیر ضروری، غیر متناسب پابندیاں عائد ہوں گی۔ سوشل میڈیا پروٹیکشن ٹریبونل میں اپیلوں کو براہ راست عدالت عظمیٰ میں لے جانے اور ٹریبونل کے حکومتی نامزد ارکان پر مشتمل ہونا باعث تشویش ہے یہ عدالتی نگرانی کو کم اور انتظامی کنٹرول کو بڑھانے کی طرف اشارہ دیتی ہے۔ پہلے ہی بہت کچھ ریگولیٹ کیا جاچکا ہے۔ حیران کن بات یہ ہے کہ اس کی
منظوری سے قبل قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں اس بل کی مخالفت کرنے والی پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم نے تائب ہو کر قومی اسمبلی میں اس کے حق میں ووٹ دیا۔
جھوٹ، جو قرآن و سنت کی روشنی میں کبیرہ گناہ ہے، قرآن میں جھوٹے پر اللہ نے لعنت کی ہے، یہ زنا سے بھی بڑھ کر گناہ ہے جس کے فعل پر اتنی شدید وعید نہیں آئی ہے۔ سورہ البقر میں آیا ہے کہ ’’اور جو جھوٹ بولتے ہیں اس کی پاداش میں اُن کے لیے درد ناک سزا ہے‘‘ قرآن میں تو یہاں تک کہا گیا کہ لگی لپٹی بات مت کہو اور سچائی سے پہلو مت بچائو، جھوٹ جس کی بدبو سے فرشتہ دور چلے جاتے ہیں۔ جھوٹ ہے کیا جو انتہائی قابل مذمت ہے لغت اس کی تشریح یوں کرتی ہے ’’کسی شخص یا گروہ کا دوسرے شخص یا گروہ کے متعلق قصداً کسی بات کو حقیقت کے خلاف بیان کرنا‘‘۔ جھوٹ منافق کی علامت ہے، جھوٹ اور ایمان ایک جگہ جمع نہیں ہوسکتے، حکومت کا ترمیمی بل جھوٹ کے خلاف اس قدر ہے کہ ڈیجیٹل میڈیا پر جھوٹ مت بولو، بس اللہ اللہ خیر سلا، اسمبلی میں جھوٹ بولو، جھوٹے وعدہ کرو، جھوٹا دلاسہ دو، جھوٹے دعوے کرو، جھوٹے من گھڑت اعداد وشمار دکھائو، سب میدان کھلے ٹھلے ہیں، تمہارے لیے سب راہیں کشادہ ہیں۔ یہ جھوٹ ہی کا خمیازہ تھا کہ ملک ٹوٹ گیا اور مشرقی پاکستان الگ ہوگیا، جھوٹ راگ الاپتا رہ گیا۔ سنی سنائی بات کو نمک مرچ لگانا یا ویسے ہی آگے پھیلانے کی شریعت میں ممانعت ہے کہ بغیر تصدیق کیے بات آگے مت بڑھائو‘‘۔ جس طرح سب سے قولاً سدید ہے، جب تصدیق کرنے کی شریعت بات کرتی ہے تو یہ تقاضا بھی حکمرانوں سے کرتی ہے کہ وہ بھی ’’مصدقہ‘‘ بات کرے اور جھوٹ سے دھوکا نہ دے مگر یہ ہورہا ہے کہ جب عوام الناس محسوس کرتے ہیں کہ حکمران سچ کو چھپا رہے ہیں اس پر قدغن لگارہے ہیں اور خود جھوٹ پھیلا رہے ہیں تو وہ جھوٹ کے ماہرین کے دلدل میں جا پھنستے ہیں۔
میڈیا پرسنز شپ کی پابندی کا کوڑا کل کلاں کی بات ہے، سچ گوئی کی سزا رسائل، جرائد، اخبارات کی کانٹی، چھانٹی، بندش، مدیر حضرات کو قید و بند کی سزائیں کیا جھوٹ کو پروان چڑھانے کے حکومتی اقدامات نہ تھے؟ تو کیا تھے اب جھوٹ بے قابو ہو چلا ہے اس کا راج ہو چلا ہے یہ تخت کے تلوے چاٹنے لگا ہے تو اس ترمیم کے جال میں پھانسنے کی تیاریاں ہیں۔ یہ بات سو فی صد درست ہے کہ اغیار، ملک دشمن عناصر، جھوٹوں کے بادشاہ، سامراجی پٹھو، مال کے فتنہ کے شکار جھوٹ کا طوفان اٹھائے ہوئے ہیں اور وہ ذہنوں کو مسخر کررہے ہیں تو اس کی ایک وجہ سب سے بڑی سچ کو چھپانا ہے۔ آپ سچ کو کھلا کر دیں تو پھر قرآن کے فرمان کے مطابق جب حق آتا ہے تو باطل بھاگ کھڑا ہوتا ہے۔ اور باطل ہے ہی بھاگ جانے والا۔ اس میں کوئی دو رائے ہرگز نہیں ہوسکتی یہ فرمان خداوندی ہے، جھوٹ کوئی بھی بولے وہ ہر سطح پر گرفت اور قانوناً قابل تعزیر ہے۔ تو پھر اللہ کی لعنت (پھٹکار) جو اوپر سے لے کر نیچے تک برس رہی ہے جھوٹ ہر سو سکہ جما رہا ہے۔ یہ کلچر بن رہا ہے، معاشرے کو جکڑ کر حالت یہ ہوچکی کہ عدالتوں میں جھوٹ کا راج ہو چلا ہے۔ حلفیہ فریقین جھوٹ بولتے ہیں کوئی روک ٹوک نہیں۔ بھلا جب فیصلہ میں ایک فریق جھوٹ سے آلودہ ثابت ہوتا ہے تو جھوٹ کی سزا الگ سے ہوتی ہے۔ اب تو جھوٹ کی قسمیں بھی یار لوگوں نے بنا ڈالی ہیں۔ ایک سفید جھوٹ، اپنا نقصان کرکے کسی کو فائدہ پہنچایا۔ سرمئی جھوٹ، دونوں کا فائدہ بولنے اور سننے والے کا۔ سیاہ جھوٹ، دوسروں کا نقصان اپنا فائدہ۔ لال جھوٹ، میرا بھی نقصان دوسرے کا بھی نقصان۔ یعنی بے وقوفانہ، مصنوعی، خود غرضانہ، اور بدلہ، جھوٹ ہیں۔ حکومت کا فیصلہ کس جھوٹ پر سزاوار ٹھیراتا ہے۔ فیصلہ صاحب نظر کرلیں۔ کچھ لوگ یوں بھی نصیحت کرتے ہیں سچ کا بول بالا ہے جھوٹ کا منہ کالا، کہ ملک میں بے برکتی جھوٹ کی ہی بدولت ہے اور سندھی کہاوت ہے ’’سچ تہ بٹھو نچ، جھوٹ تو ہر رنگ میں حقدار لعنت ہے۔
گلا تو گھونٹ دیا ’’حکومت‘‘ نے ترا
کہاں سے آئے صدا لا الہ الا اللہ
ذریعہ: Jasarat News
کلیدی لفظ: میڈیا پر
پڑھیں:
16 سال سے کم عمر بچوں نے سوشل میڈیا اکاؤنٹ بنایا تو کتنی سزا ہوگی؟
سینیٹ میں ’سوشل میڈیا (ایج رجسٹریشن فار یوزرس ) بل 2025‘ پیش کیا گیا ہے، جس کے تحت 16 سال سے کم عمر بچوں پر سوشل میڈیا اکاؤنٹ بنانے کی پابندی عائد کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
اس بل کا مقصد بچوں کو سائبر بُلئنگ، ہراسانی، ذہنی دباؤ اور فحش مواد جیسے خطرات سے بچانا ہے۔
بل میں واضح کیا گیا ہے کہ اگر کوئی سوشل میڈیا پلیٹ فارم اس پابندی کی خلاف ورزی کرے گا تو اس پر کم از کم 50 ہزار روپے جبکہ زیادہ سے زیادہ 50 لاکھ روپے تک جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ، اگر کوئی فرد نابالغ کو اکاؤنٹ بنانے میں مدد فراہم کرے گا تو اسے 6 ماہ قید کی سزا دی جا سکے گی۔
اس قانون کے نفاذ کے لیے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (PTA) کو ذمہ داری سونپی گئی ہے، جو نابالغ صارفین کے اکاؤنٹس بند کرنے اور پلیٹ فارمز کے لیے ضوابط بنانے کی مجاز ہوگی۔
یہ بھی پڑھیے کم عمر صارفین کی سوشل میڈیا تک رسائی پر پابندی، سینیٹ میں بل پیش
بل پیش کرنے والوں کے مطابق دنیا کے دیگر ممالک، خصوصاً آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں بھی اس نوعیت کی قانون سازی کی جا چکی ہے، جہاں نابالغوں کی سوشل میڈیا تک رسائی محدود کی جا رہی ہے۔
اس حوالے سے آئینی ماہرین کا کہنا ہے کہ اس قانون پر عمل درآمد ایک بڑا چیلنج ہوگا، کیونکہ بچوں کی درست عمر کی تصدیق کے لیے کوئی مؤثر نظام موجود نہیں، اور کئی بچے جعلی تاریخ پیدائش دے کر پابندی کو بائی پاس کر سکتے ہیں۔ مزید برآں، اس قانون کے اطلاق سے آزادی اظہار اور پرائیویسی کے حوالے سے بھی سوالات پیدا ہو رہے ہیں۔
ماضی میں کمسن بچوں کے تحفظ کے حوالے سے قوانین بنانے میں معاونت کرنے والے وکیل شرافت علی کا کہنا تھا کہ بچوں کی حفاظت کے نام پر ایسا قانون لانا جس کا نفاذ عملی طور پر ممکن نہ ہو، صرف کاغذی کارروائی بن کر رہ جائے گا۔ اگر حکومت واقعی سنجیدہ ہے تو اسے پہلے عمر کی تصدیق کے موثر اور محفوظ نظام، والدین کی تربیت اور ڈیجیٹل لٹریسی جیسے اقدامات کو بنیاد بنانا چاہیے۔ بصورت دیگر، یہ قانون صرف نمائشی حیثیت رکھے گا اور بچے باآسانی عمر چھپا کر پلیٹ فارمز تک رسائی حاصل کر سکیں گے۔
انہوں نے زور دیا کہ ایسے قوانین بنانے سے پہلے پارلیمانی مشاورت، تکنیکی ماہرین کی رائے، اور انسانی حقوق کمیشن کی شمولیت ضروری ہے تاکہ قانون سازی متوازن ہو، مؤثر بھی رہے اور آئینی حدود سے متجاوز بھی نہ ہو۔
’میری ذاتی رائے میں پاکستان میں سوشل میڈیا کا استعمال جہاں بچوں کے لیے سیکھنے، اظہارِ خیال اور کمانے کے نئے مواقع پیدا کر رہا ہے، وہیں اس کے ساتھ جڑے خطرات کہیں زیادہ اور سنگین ہیں۔ اس پلیٹ فارم کے بے لگام استعمال سے معاشرے میں کئی نئے سماجی، نفسیاتی اور اخلاقی مسائل جنم لے رہے ہیں۔ ایسے میں اگر کوئی قانون بچوں کو ان نقصانات سے محفوظ رکھنے کے لیے متعارف کروایا جاتا ہے تو ممکن ہے کہ یہ ایک مثبت سماجی رجحان قائم کرنے میں مددگار ثابت ہو۔‘
واضح رہے کہ بل کو اب سینیٹ کی متعلقہ کمیٹی کو بھیج دیا گیا ہے جہاں اس پر مزید غور کیا جائے گا، اور منظوری کے بعد یہ قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیے برازیل کی سپریم کورٹ کا اہم فیصلہ، سوشل میڈیا کمپنیوں کو صارفین کے مواد پر جوابدہ ٹھہرایا جا سکتا ہے
قرۃ العین راولپنڈی میں ایک نجی بینک میں ملازم ہیں۔ اور 3 بچوں کی ماں ہیں۔ جنہوں نے اس حوالے سے بتایا ’ماں ہونے کے ناتے میں روز یہ دیکھتی ہوں کہ ہمارے بچے کس حد تک سوشل میڈیا کے زیرِ اثر آ چکے ہیں۔ ان کے خیالات، عادتیں اور یہاں تک کہ نیند کا شیڈول بھی سوشل میڈیا سے متاثر ہو رہا ہے۔ ہمیں سمجھنا ہوگا کہ 12 یا 14 سال کا بچہ ابھی جذباتی اور ذہنی طور پر اتنا پختہ نہیں ہوتا کہ وہ آن لائن ہراسانی، فحش مواد یا غلط معلومات کا سامنا کر سکے۔‘
کپتی ہیں کہ ان کے نزدیک اگر حکومت سوشل میڈیا پر عمر کی حد مقرر کر رہی ہے تو یہ قدم بچوں کی فلاح کے لیے ہے، نہ کہ ان کی آزادی سلب کرنے کے لیے۔ ہاں، اس پر عمل درآمد ایک چیلنج ہو سکتا ہے، مگر بحیثیت والدین ہمیں بھی اپنی ذمے داری ادا کرنی ہوگی۔ صرف قانون پر انحصار نہیں کیا جا سکتا۔ ہمیں چاہیے کہ ہم خود اپنے بچوں کے ساتھ بیٹھ کر ان کو سوشل میڈیا کے فائدے اور نقصانات سمجھائیں، ان کی آن لائن سرگرمیوں پر نرمی سے نظر رکھیں، اور وقتاً فوقتاً ان سے بات کریں۔
’ کیونکہ آج کل سوشل میڈیا کی وجہ سے جو حالات ہو چکے ہیں۔ اگر اس طرح کے اقدامات نہ کیے گئے تو نسلوں کی نسلیں تباہ ہو جائیں گی۔‘
کون سے ممالک میں اس قسم کے قوانین موجود ہیں؟امریکا
امریکا میں 13 سال سے کم عمر بچوں کے لیے سوشل میڈیا پر اکاؤنٹ بنانا قانونی طور پر ممنوع ہے۔ یہ پابندی ’چلڈرنز آن لائن پرائیویسی پروٹیکشن ایکٹ‘ (COPPA) کے تحت نافذ ہے، جو سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو پابند کرتا ہے کہ وہ نابالغ صارفین کی معلومات والدین کی اجازت کے بغیر جمع نہ کریں۔ اسی قانون کی وجہ سے پلیٹ فارمز جیسے فیس بک، انسٹاگرام، اور یوٹیوب پر 13 سال سے کم عمر افراد کے اکاؤنٹس بنانے کی اجازت نہیں دی جاتی۔
برطانیہ
برطانیہ نے ’ایج اپروپریئیٹ ڈیزائن کوڈ‘ کے نام سے بچوں کے آن لائن تحفظ کے لیے ایک جامع ضابطہ اخلاق متعارف کروایا ہے، جو بچوں کے لیے استعمال ہونے والے تمام پلیٹ فارمز کو اس بات کا پابند بناتا ہے کہ وہ صارف کی عمر کا درست اندازہ لگائیں اور پرائیویسی کو ترجیح دیں۔ یہاں بھی کم از کم عمر کی حد 13 سال ہے۔
یورپی یونین
یورپی یونین میں جنرل ڈیٹا پروٹیکشن ریگولیشن (GDPR) کے تحت بچوں کے لیے ڈیجیٹل خدمات تک رسائی 16 سال کی عمر سے مشروط ہے، تاہم رکن ممالک اس حد کو کم کر کے 13 سال بھی مقرر کر سکتے ہیں۔ اس قانون کے مطابق سوشل میڈیا پلیٹ فارمز بچوں کی معلومات والدین کی اجازت کے بغیر جمع نہیں کر سکتے۔
آسٹریلیا
آسٹریلیا نے حال ہی میں 16 سال سے کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ بنانے پر مکمل پابندی کا فیصلہ کیا ہے، جس کا نفاذ 2025 کے اختتام تک متوقع ہے۔ اس پابندی کے ساتھ حکومت عمر کی تصدیق کے سخت نظام بھی متعارف کروانے جا رہی ہے تاکہ بچے جعلی تاریخ پیدائش کے ذریعے پلیٹ فارمز تک رسائی حاصل نہ کر سکیں۔
یہ بھی پڑھیے کم عمری میں اسمارٹ فون کا استعمال ذہنی صحت کے لیے نقصان دہ، تحقیق
نیوزی لینڈ
نیوزی لینڈ میں فی الحال 13 سال کی عمر کی حد نافذ ہے، تاہم حکومتی سطح پر یہ تجویز زیر غور ہے کہ بچوں کے لیے سوشل میڈیا اکاؤنٹس بنانے کی عمر 16 سال تک بڑھا دی جائے۔ اس کے ساتھ ہی بچوں کے آن لائن ڈیٹا اور پرائیویسی کے تحفظ کے لیے اضافی قوانین پر بھی کام جاری ہے۔
چین
چین میں بچوں کی آن لائن سرگرمیوں پر سخت ترین کنٹرول موجود ہے۔ 18 سال سے کم عمر بچوں کو رات 10 بجے کے بعد سوشل میڈیا اور گیمنگ پلیٹ فارمز استعمال کرنے کی اجازت نہیں۔ علاوہ ازیں، چین میں ’ریئل نیم رجسٹریشن‘ اور چہرے کی شناخت جیسے نظام بھی رائج کیے گئے ہیں تاکہ بچوں کی رسائی کو محدود کیا جا سکے۔
سنگاپور
سنگاپور میں 13 سال سے کم عمر بچوں کے لیے سوشل میڈیا پر اکاؤنٹ بنانا منع ہے، اور پلیٹ فارمز پر لازم ہے کہ وہ بچوں کے ڈیٹا کو اکٹھا کرنے سے قبل والدین کی رضامندی حاصل کریں۔ پرسنل ڈیٹا پروٹیکشن ایکٹ کے تحت عمر کی تصدیق کے اقدامات بھی متعارف کروائے گئے ہیں۔
آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں
سوشل میڈیا بل 2025