شام میں مسافروں سے بھرے ٹرک کو دھماکے سے اُڑا دیا گیا؛ 14 خواتین سمیت 15 افراد جاں بحق
اشاعت کی تاریخ: 3rd, February 2025 GMT
شام میں ایک ٹرک کو اُس وقت زور دار دھماکے میں تباہ کردیا گیا جب وہ 30 کسانوں کو لے کر گاؤں جا رہا تھا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق شام کے شہر منبج سے کھلے ٹرک میں درجنوں کسانوں کو کھیت میں کام مکمل کرنے کے بعد گاؤں لے جایا جا رہا تھا۔
اس دوران ایک کار نے ٹرک کا پیچھا کیا اور عین نزدیک پہنچ کر دھماکا ہوگیا۔ دھماکے میں ٹرک اور کار مکمل طور پر تباہ ہوگئے۔
امدادی کاموں کے دوران شدید زخمی حالت میں 30 سے زائد افراد کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں 15 کسانوں کی موت تصدیق کردی گئی جن میں 14 خواتین شامل ہیں۔
دھماکے میں واحد مارا گیا مرد، ٹرک ڈرائیور تھا جب کہ زخمی ہونے والی بھی تمام خواتین ہی ہیں۔ زخمیوں میں سے 4 کی حالت نازک کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
تا حال کسی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے تاہم یہ واقعہ ترک سرحد کے قریب ہوا ہے اور کرد باغیوں کے ملوث ہونے کا امکان ہوسکتا ہے۔
.
ذریعہ: Express News
پڑھیں:
کراچی، رواں سال ٹریفک حادثات میں ہلاکتوں کا سیلاب، ریسکیو ادارے نے اعدادوشمار جاری کر دیے
کراچی:رواں سال 2025 میں کراچی کے مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات کے باعث 731 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں، جب کہ 10,628 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
چھیپا ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں مرد، خواتین اور بچے شامل ہیں جن میں مردوں کی تعداد 567، خواتین کی 72 اور بچوں کی 92 ہے۔
سب سے زیادہ حادثات ہیوی گاڑیوں کی ٹکر سے ہوئے ہیں جن میں ڈمپر، ٹریلر اور واٹر ٹینکر کے حادثات شامل ہیں۔
308 دنوں میں 217 افراد ہیوی گاڑیوں کی ٹکر سے جاں بحق ہوئے ہیں جن میں ڈمپر کی ٹکر سے 40، ٹریلر کی ٹکر سے 81 اور واٹر ٹینکر کی ٹکر سے 49 افراد کی موت ہوئی۔
چھیپا ذرائع کے مطابق ان حادثات میں زخمی ہونے والوں میں مردوں کی تعداد 8,308، خواتین کی 1,661 اور بچوں کی 505 ہے جنہیں مختلف اسپتالوں میں علاج فراہم کیا جا رہا ہے۔