ریاض:

سعودی عرب کی انٹیلی جینس ایجنسی کے سابق ڈائریکٹر جنرل ترکی الفیصل نے ڈونلڈ ٹرمپ کو غزہ سے فلسطینیوں کی بے دخلی کے بیان پر خط لکھ کر آئینہ دکھا دیا۔

عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سعودی انٹیلی جینس کے سابق سربراہ نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو خط میں لکھا کہ فلسطینی شہری غیرقانونی مہاجرین نہیں ہیں جنہیں دوسرے ملک ڈی پورٹ کردیا جائے۔

غزہ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ یہ علاقہ ان کا ہے اور اسرائیل نے جو گھر تباہ کردیے ہیں وہ بھی ان کے گھر ہیں اور وہ ان گھروں کی تعمیر ایسے ہی کریں گے جیسے اس سے قبل اسرائیلی وحشیانہ کارروائیوں کے بعد کیا تھا۔

ترکی الفیصل نے کہا کہ غزہ کے اکثر شہری مہاجرین ہیں جنہیں اسرائیل نے ظالمانہ کارروائیوں کے ذریعے اپنے گھروں سے بے گھر کر دیا ہے، اسرائیل کی 1948 اور 1967 کی نسل کشی کی گزشتہ کارروائیوں کے دوران انہیں نشانہ بنایا تھا اور وہ اس وقت اسرائیل اور مغربی کنارےمیں موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر انہیں غزہ سے منتقل کرنا ہے تو ان لوگوں کو جنہیں اسرائیل نے جبری طور پر اپنے گھروں کو چھوڑنے اور دوسری جگہ منتقل ہونے پر مجبور کیا تھا انہیں اپنے گھروں میں واپسی کی اجازت دینی چاہیے اور انہیں حیفا، یافا اور دیگر قصبوں اور گاؤں میں  میں اپنے سنگترے اور زیتون کے پودوں کا مالک بننے کی اجازت ہونی چاہیے۔

امریکی صدر کو اپنے خط میں سعودی شہزادے نے فلسطینی علاقے میں یہودی آباد کاری کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جنگ عظیم دوم کے بعد یورپ اور دنیا کے دیگر ممالک سے فلسطین آنے والے مہاجرین نے فلسطینیوں سے ان کے گھر اور ان کی زمین چھین لی ہے، یہ غیرقانونی مہاجرین مقامی لوگوں کو انتہاپسندانہ طریقوں سے ہراساں کر رہے ہیں اور نسل کشی کی مہم میں مصروف ہیں۔

ترکی الفیصل نے کہا کہ امریکا اور برطانیہ اس جنگ کے فاتح تھے اور وہ ان لوگوں کے ساتھ کھڑے رہے اور یہاں تک کہ فلسطینیوں کو ان کے گھروں اور زمین سے بے دخل کرنے کے لیے خون ریز کارروائیوں کے لیے ان کو سہولت دی۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خطے میں امن قائم کرنے کے اعلان کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ فلسطین میں امن قائم کرنے کا آپ کا اعلان قابل تعریف ہے اور میں تجویز دیتا ہوں کہ فلسطینیوں کو ان کے حق خود ارادیت اور ایسی ریاست کا حق دیا جائے جس کا داراحکومت مشرقی یروشلم ہو، جو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی قراردادوں 181 اور 194 اور سلامتی کونسل کی قرار دادوں 242 اور 338 اور عرب امن اقدامات کے تحت تسلیم کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ سعودی شہزادے ترکی الفیصل کی جانب سے ڈونلڈ ٹرمپ کو یہ خط امریکی صدر کی جانب سے دو روز دیے گئے اس بیان کے بعد سامنے آیا ہے، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ امریکا چاہتا ہے کہ غزہ کا کنٹرول حاصل کرے اور وہاں کے شہریوں کو دیگر ممالک منتقل کردیا جائے گا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ غزہ کے لوگ مصر اور اردن منتقل ہوسکتے ہیں جبکہ مذکورہ دونوں ممالک نے سختی سے اس بیان اور منصوبے کو مسترد کردیا تھا۔

.

ذریعہ: Express News

کلیدی لفظ: کارروائیوں کے ترکی الفیصل ڈونلڈ ٹرمپ امریکی صدر نے کہا کہ انہوں نے ٹرمپ کو اور وہ

پڑھیں:

اپنا گھر

مناسب اور معیاری گھروں کی عدم دستیابی عالمی سطح پر ایک بحران کی شکل اختیار کرگئی ہے۔ سستی، مہذب رہائش کی کمی کی وجہ سے دنیا بھر میں لاکھوں افراد متاثر ہوتے ہیں۔ ترقی پذیر ممالک میں رہائش کی قلت بڑھتی جارہی ہے۔ لوگوں کےلیے محفوظ رہائش کا متحمل نہ ہونا سماجی اور صحت کے مسائل کا باعث بن رہا ہے۔ بے گھری کی وجہ سے بیماریاں، روزگار، تعلیم، سماجی مرتبہ اور سماجی میل جول متاثر ہوتا ہے۔ یہ تمام مسائل غربت میں اضافے کا باعث بھی بن رہے ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق دنیا کی 7 ارب آبادی میں سے 1.7 ارب انسانوں کے پاس رہائش کی بنیادی سہولت دستیاب نہیں۔ 15 کروڑ انسان مستقل بے گھرہیں۔ دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی گھروں کی قلت ایک بحران کی شکل اختیار کررہی ہے۔

پاکستان کو اس وقت ملک میں کم از کم ایک کروڑ سے زائد گھروں کی قلت کا سامنا ہے اور ہر گزرتے دن یہ قلت بڑھتی چلی جارہی ہے۔ زمینوں کی تسلسل سے بڑھتی ہوئی قیمت اور گھروں کی تعمیراتی لاگت کی وجہ سے اپنا گھر کا خواب اب متوسط طبقے کےلیے نسلوں کا خواب بن گیا ہے۔ اگر باپ زمین خریدے تو اولاد اس پر گھر تعمیر کرنے کے قابل ہوتی ہے۔

اس حوالے سے ماہرین کا کہنا ہے کہ حکومت کو گھروں کی تعمیر، ملکیت کے حوالے سے سستے قرضوں کی اسکیم متعارف کرانا وقت کی اہم ضرورت بن گیا ہے۔ حکومت کی بڑے گھروں کے بجائے کم قیمت گھروں کےلیے یہ اسکیم متعارف کرانا ہوگی۔

گھروں کی تعمیر سے ملک میں معاشی سرگرمیوں میں نہ صرف اضافہ ہوگا بلکہ عوام کو معیاری رہائش بھی دستیاب ہوسکے گی۔ پاکستان میں گھروں کی قلت کوئی نئی بات نہیں۔ جب سے سرکاری سطح پر رہائشی اسکیموں کی بندش ہوئی ہے، ملک میں رہائشی یونٹس کی قلت دن بہ دن بڑھتی جارہی ہے۔ گھروں کی قلت کے حوالے سے حکومتی سطح پر بھی سوچ پائی جاتی ہے۔ اس حوالے سے میرا گھر اسکیم، پانچ مرلہ اسکیم اور متعدد اسکیموں کو متعارف کرایا گیا۔ مگر سیاسی حکومتوں کے عدم تسلسل کی وجہ سے ان اسکیموں سے عوام کو جو فائدہ پہنچنا چاہیے تھا وہ حاصل نہ ہوسکا۔

پاکستان میں گھروں کی قلت اور کم قیمت گھروں کی تعمیر کے حوالے سے نہ صرف ملکی سطح پر معاشی سرگرمیاں بہتر ہوسکتی ہیں بلکہ یہ ملک میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کو بھی لانے کا سبب بن سکتی ہے۔ جس سے حکومت اپنے غیر ملکی زرمبادلہ کی کمی کے مسائل کو بھی حل کرنے کے قابل ہوجائے گی۔ اس کے علاوہ ملک میں ہنرمند اور غیر ہنرمند افراد کو روز گار فراہم کرنے کا بھی ذریعہ بن سکتی ہے۔

اسٹیٹ بینک نے چند سال قبل کمرشل بینکوں کے اشتراک سے مناسب لاگت کے گھروں کےلیے مالیاتی اسکیم ’’میرا پاکستان میرا گھر اسکیم‘‘ متعارف کرائی تھی۔ جس میں ابتدائی دس سال میں قرض پر شرح منافع 3 سے 9 فیصد کے درمیان تھا۔ جس کا عوامی سطح پر بہت خیرمقدم کیا گیا۔ اور بینکوں کو ایک قلیل عرصے میں 473 ارب روپے قرض کی ردخواستیں موصول ہوئیں اور عوام کو گھروں کےلیے 212ارب روپے تقسیم بھی کیے گئے۔ مگر جون 2022 میں اس اسکیم کو اچانک بند کردیا گیا اور اس وقت گھروں کی ملکیت کی خواہش رکھنے والوں کےلیے کوئی مالیاتی اسکیم دستیاب نہیں ہے۔

امریکا میں کامیاب کاروبار کرنے والے ڈاکٹر انوش احمد جو کہ شعبہ طب کے علاوہ تعمیراتی صنعت میں سرمایہ کاری کرتے ہیں، کا کہنا ہے کہ پاکستان میں افراط زر میں تیزی سے ہونے والی کمی کے بعد بنیادی شرح سود بھی کم ہورہی ہے اور اب حکومت کے پاس یہ گنجائش موجود ہے کہ وہ کم قیمت گھروں کےلیے مالیاتی اسکیم کو دوبارہ متعارف کرائے کیونکہ تعمیراتی صنعت سے منسلک 60 صنعتی شعبے جیسا کہ سیمنٹ، سریا، الیکٹرک مصنوعات، رنگ و روغن، ماربل، ٹائلز سینٹری ویئر، سمیت متعدد صنعتوں کی طلب بڑھتی ہے اور اس سے پیدا ہونے والی معاشی سرگرمی ملازمت کے نئے مواقع پیدا کرنے کے علاوہ حکومت کی ٹیکس آمدنی میں اضافے کا سبب بھی بن سکتی ہے۔ مگر حکومت کو نہ صرف سستے قرضوں کی اسکیم متعارف کرانے بلکہ اس کے طویل مدت تک جاری رہنے کو بھی یقینی بنانا ہوگا۔ جیسا کہ اسٹیٹ بینک کی ایکسپورٹ ری فنانس اور طویل مدتی فنانسنگ کی سہولت متعارف ہونے سے صنعتی ترقی میں اضافہ ہوا ہے۔ مگر ان اسکیموں سے صرف بڑے تاجروں اور طبقہ اشرافیہ کو فائدہ ہوا ہے۔ اسی طرح گھروں کے سستے قرضوں کی اسکیم بھی عام آدمی کو فائدہ پہنچا سکتی ہے۔

انوش احمد کا کہنا ہے کہ حکومت نے جائیداد کی خرید و فروخت پر سے فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کے خاتمے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ یہ ریئل اسٹیٹ کے شعبے کو بحال کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔ مگر حکومت کو خالی پلاٹوں کی خرید و فروخت اور پراپرٹی فائلوں کے دھندے کے بجائے کوشش کرنا ہوگی کہ سرمایہ گھروں کی تعمیرات پر صرف ہو اور وہ اسی صورت میں ممکن ہے جب حکومت سستے گھروں کی تعمیر کےلیے فنانسنگ اسکیم کو بحال کرے۔ امریکا کی صنعتی ترقی میں اور دنیا کے معاشی پاور ہاوس بننے میں اس کی تعمیراتی صنعت کا بڑا حصہ ہے بلکہ یہ کہنا غلط نہ ہوگا کہ آج بھی امریکی معشیت اپنے تعیراتی صنعت کی بدولت دنیا کی بڑی معیشت میں شمار کی جاتی ہے۔

2007 میں امریکی جی ڈی پی کے مقابلے جائیداد کے عوض قرضوں کا تباسب 74 فیصد تھا۔ جوکہ سب پرائم لون بحران، کورونا وبا اور حالیہ معاشی حالات کی وجہ سے کم ہوکر 15 فیصد تک کم ہوگیا ہے۔ مگر گھریلو اخراجات کےلیے قرضہ اس وقت امریکی جی ڈی پی کا 71 فیصد تک ہے۔ برطانیہ میں گھروں کےلیے قرضوں کا اجرا جی ڈی پی کا 115 فیصد ہے۔ ان ملکوں میں نہ صرف گھروں کی خریداری بلکہ گھروں کی مرمت اور تزئین و آرائش کےلیے بھی قرض دیا جاتا ہے۔ جسے مقامی صنعتوں میں پیداوار کو بڑھانے میں مدد ملتی ہے۔

انوش احمد کا کہنا ہے کہ اگر حکومت گھر کےلیے سستا قرضہ فراہم کرے تو سمندر پار پاکستانی اپنے پیاروں کےلیے یہ قرض حاصل کریں گے اور اس سے ترسیلات میں بھی اضافہ ہوگا۔ اس مقصد کےلیے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔ ترسیلات بڑھانے کےلیے حکومت سمندر پار پاکستانیوں کےلیے خصوصی اپنا گھر اسکیم متعارف کرا سکتی ہے۔

تعمیراتی صنعت کی بحالی کے حوالے سے ایسوسی ایشن برائے بلڈرز اینڈ ڈیولپرز (آباد) کے وائس چیئرمین سید افضل احمد کا کہنا ہے کہ تعمیراتی صنعت میں سرمایہ کاری کے بڑے مواقع ہیں۔ یہاں ملکی سرمایہ کاری کے ساتھ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو بھی راغب کیا جاسکتا ہے۔ بڑا چیلنج پالیسی اور گورننس میں مستقل مزاجی کو پیدا کرنا ہے۔ مگر بار بار ریگولیٹری تبدیلیاں یا سیاسی رکاوٹوں کی وجہ سے تعمیراتی صنعت پراعتماد کم ہوتا ہے۔ ان بنیادی مسائل کو حل کرکے ہی پاکستان کو ریئل اسٹیٹ میں ایک علاقائی سرمایہ کاری کے مرکز میں تبدیل کرسکتا ہے۔

آباد کے سینئر وائس چیئرمین سید افضل حمد نے کہا کہ ملکی سطح پر سرمایہ کاری کو فروغ دینے کےلیے ایس آئی ایف سی جہاں زراعت، لائیو اسٹاک، آئی ٹی اور ٹیلی کمیونیکیشن اور کان کنی جیسے اہم شعبوں پر توجہ دے رہی ہے، انہیں تعمیراتی صنعت میں غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کےلیے کاوشیں کرنا ہوں گی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو رئیل اسٹیٹ اور تعمیراتی شعبوں میں خاص طور پر مراعات اور ٹیکس کے حوالے سے حکومتی اعتماد اور مستقل مزاجی کی ضرورت ہوتی ہے۔

پاکستان میں گھروں کی قلت پر قابو پانے کےلیے حکومتی سطح پر جامع پالیسی سازی کی اہمیت اجاگر ہوتی ہے۔ حکومت کو نہ صرف سستے گھروں کی تعمیر یا خریداری کےلیے اسکیم متعارف کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ بصورت دیگر پاکستان میں گھروں کی قلت عوام کو انہی مسائل سے دوچار کردے گی جیساکہ دنیا بھر میں غیر معیاری رہائش کی وجہ سے غربت،افلاس اور بیماری پھیل رہی ہے۔

نوٹ: ایکسپریس نیوز اور اس کی پالیسی کا اس بلاگر کے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو قلم اٹھائیے اور 800 سے 1,200 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنے مختصر مگر جامع تعارف کے ساتھ [email protected] پر ای میل کردیجیے۔

متعلقہ مضامین

  • بھارتی حکومت کا پہلگام حملے میں انٹیلی جنس کی ناکامی کا اعتراف
  • اپنا گھر
  • ٹرمپ سعودی عرب کو 100 بلین ڈالر سے زائد کا اسلحہ پیکج دینے کو تیار
  • امریکہ سب سے بڑا دہشت گرد ہے، حافظ نعیم الرحمان
  • پہلگام حملہ انٹیلی جنس کی ناکامی کا نتیجہ، مودی حکومت ذمہ دار ہے: کانگریس
  • بھارتی اپوزیشن جماعت کانگریس نے پہلگام حملے کو سکیورٹی کی خامی قرار دیدیا،تحقیقات کا مطالبہ
  • جے یو آئی کا اپوزیشن اتحاد بنانے سے انکار، اپنے پلیٹ فارم سے جدوجہد کرنے کا فیصلہ
  • امریکی محکمہ خارجہ کا اپنے 100 سے زائد دفاتر کو بند کرنے کا اعلان
  • کینالز کے معاملے پر وفاق سنجیدگی نہیں دکھا رہا، شرمیلا فاروقی
  • امریکی صدر ٹرمپ اگلے ماہ سعودی عرب، قطر اور متحدہ عرب امارات کا دورہ کریں گے