صدر سپریم کورٹ بار کی چیف جسٹس سے ملاقات، عدلیہ کی کارکردگی پر گفتگو
اشاعت کی تاریخ: 8th, February 2025 GMT
اسلام آباد:
سپریم کورٹ بار کے میاں رؤف عطا نے چیف جسٹس آف پاکستان یحییٰ آفریدی اور چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق سے اہم ملاقات کی اور اس دوران عدلیہ کی مجموعی کارکردگی پر تبادلہ خیال کیا گیا اور ججوں کی تقرری کے حوالے سے حالیہ اقدامات کو سراہا گیا۔
سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق سپریم کورٹ بار کے صدر میاں رؤف عطا کے ہمراہ صدر بلوچستان ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن میر عطا اللہ لانگو بھی ملاقات میں موجود تھے اور دونوں ملاقاتوں میں عدلیہ کی مجموعی کارکردگی سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ صدر سپریم کورٹ بار نے چیف جسٹس پاکستان کی عدلیہ کے مؤثر کام کے لیے کیے گئے اقدامات کو سراہا۔
میاں رؤف عطا نے چیف جسٹس آف پاکستان کے بطور چیئرمین جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کے کردار کو بھی سراہا اور کہا جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کی جانب سے حالیہ تقرریاں وقت کی اہم ضرورت ہیں۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق سے ملاقات میں صدر سپریم کورٹ بار نے حالیہ تقرریوں کو سراہا اور اسلام آباد ہائی کورٹ میں ججوں کی تعیناتی کی تعریف کی۔
انہوں نے کہا کہ نئے ججز انصاف کی بروقت اور مؤثر فراہمی میں معاون ثابت ہوں گے، ججز عام شہریوں کو درپیش مشکلات میں کمی لائیں گے۔
.ذریعہ: Express News
کلیدی لفظ: سپریم کورٹ بار اسلام آباد آف پاکستان ہائی کورٹ چیف جسٹس
پڑھیں:
جنرل ساحر شمشاد سے تاجک چیف آف جنرل سٹاف کی ملاقات، تعاون بڑھانے پر گفتگو
اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا سے چیف آف جنرل سٹاف، فرسٹ ڈپٹی وزیر دفاع جمہوریہ تاجکستان میجر جنرل سیدزودا بوبوجان عبدالقادر نے جوائنٹ سٹاف ہیڈکوارٹرز راولپنڈی میں ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران خطے کی بدلتی ہوئی سکیورٹی صورتحال اور باہمی سٹرٹیجک مفادات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں عسکری رہنمائوں نے پاکستان اور تاجکستان کے مابین گہرے برادرانہ تعلقات پر زور دیا اور دوطرفہ دفاعی تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر بات چیت کی۔ میجر جنرل سیدزودا بوبوجان عبدالقادر نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ان کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ قبل ازیں جوائنٹ سٹاف ہیڈکوارٹرز آمد پر مہمان شخصیت کو تینوں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔