پی ٹی آئی کا یوم سیاہ مہنگائی میں کمی یا سٹاک مارکیٹ کی بہتری کیخلاف تھا؟ وزیر اطلاعات
اشاعت کی تاریخ: 10th, February 2025 GMT
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا یوم سیاہ بری طرح ناکام ہوگیا اور ایک آدمی بھی باہر نہیں نکل سکا۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں عطاء اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ خیبرپی کے میں یوم سیاہ کس کے خلاف تھا، مہنگائی میں کمی کے خلاف یا پھر سٹاک مارکیٹ بہتر ہوئی ہے، اس لیے یوم سیاہ منایا۔ انہوں نے پی ٹی آئی سے سوال کیا کہ کیا خیبر پی کے میں یوم سیاہ خیبر پی کے حکومت کی پالیسی کے مطابق تھا، پی ٹی آئی کے یوم سیاہ پر ایک آدمی باہر نہیں نکل سکا اور میں نے ایک یونین کونسل میں جلسہ کیا جتنی کرسیاں اس جلسہ میں تھیں اتنے لوگ پوری پی ٹی آئی یوم سیاہ پر نہ لا سکی۔ بعد ازاں، مسلم لیگ (ن) کے مرکزی آفس میں وفات پانے والے کارکنان کی دعائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عطاء اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ اگر کارکنان ہماری قوت نہ بنتے تو ہماری پہچان نہ بنتی، آج ہمارے لئے غم کی گھڑی ہے، عشروں تک پارٹی کی خدمت کرنے والے کارکنان چلے گئے۔ انہوں نے کہا کہ کارکنوں کا جذبہ اور کاوش سے ہی پارٹیاں زندہ رہتی ہیں، اگر کارکنان آواز نہ اٹھاتے تو خزاں کے بعد بہار نہ آتی۔ وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ کارکنان سے کہتا ہوں ایسی کمیٹی بنائی جائے جس میں نہ کوئی ایم این اے ہو نہ کوئی ایم پی اے ہو اور وہ کارکنان کی خدمت پر ڈیٹا اکٹھا کرے۔ دعائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتوں کو اپنے کارکنوں کو نہیں بھولنا چاہیے، جنہوں نے اپنی زندگیاں پارٹی کے نام کر دیں۔
.ذریعہ: Nawaiwaqt
کلیدی لفظ: پی ٹی ا ئی یوم سیاہ
پڑھیں:
وزیر اعظم کا پاکستان ٹی وی ڈیجیٹل کا دورہ، انگریزی چینل کا افتتاح کردیا
وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان ٹیلی ویژن میں قائم کردہ پاکستان ٹی وی ڈیجیٹل کے قیام کی تختی کی نقاب کشائی کی اور بعد ازاں ڈیجیٹل چینل کی باقاعدہ نشریات کے آغاز کا افتتاح بھی کیا۔اس موقع پر وزیر اطلاعات و نشریات عطاللہ تارڑ اور سیکرٹری اطلاعات عنبرین جان اور دیگر اعلی حکام موجود تھے۔وزیر اعظم نے نئے چینل کے مختلف سیکشن کا دورہ بھی کیا، وہاں کام کرنے والے نوجوانوں سے بات چیت کی۔وزیر اعظم نے نوجوانوں کے جذبے کی تعریف کی اور کہا کہ بیرونی بیانیہ کی جنگ میں انکا کردار انتہائی اہم ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ اس ڈیجیٹل چینل کے آغاز کا بنیادی مقصد مسلسل حقیقی خبریں فراہم کرتے ہوئے پاکستان کے بارے میں ہونے والی غلط بیانی اور پروپیگنڈے کا مؤثر جواب دینا ہے۔وزیر اعظم نے پاکستان ٹی وی ڈیجیٹل کی نشریات کے لیے اپنا پہلا انٹرویو بھی ریکارڈ کروایا۔افتتاح کے موقع پر وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ نے وزیر اعظم کو پاکستان ٹی وی ڈیجیٹل کے اغراض و مقاصد سے آگاہ کیا۔انھوں نے بتایا کہ پاکستان ٹی وی ڈیجیٹل عالمی سامعین کو پاکستان کے لیے ایک فعال اور مستند آواز فراہم کرنے، معلومات کے فرق کو ختم کرنے اور عوامی سفارت کاری کے لیے انگریزی زبان کے ایک پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے گا۔پلیٹ فارم کا اسٹریٹجک مقصد پاکستان کی جانب سے دنیا سے بات کرنا اور سب سے پہلے اپنی خبر پہنچانا ہے۔یہ تمام خبریں اور معلومات پاکستان کے حوالے سے اہم امور کا احاطہ کریں گی جیسے کہ بین الاقوامی امور، ثقافتی بصیرت، اور اقتصادی پیش رفت اور تجزیے، یہ سب ایک منفرد پاکستانی تناظر کے ساتھ پیش کیے جائیں گے۔ایک مستعد پروڈکشن ورک فلو کا فائدہ اٹھاتے ہوئے یہ اندرون ملک رپورٹنگ کو مربوط کرے گا جبکہ فری لانسرز کا ایک عالمی نیٹ ورک اور Reuters اور Associated Press (AP) جیسی معروف وائر سروسز کے ساتھ شراکت داری، پاکستان ٹی وی ڈیجیٹل کی ریئیل ٹائم، تصدیق شدہ اور اعلیٰ معیار کی کوریج کو یقینی بنائے گا۔مغربی و بھارتی اثر زدہ علاقائی میڈیا میں جاری یک طرفہ بیانیے کا توڑ کرے گا۔
وزیر اطلاعات نے کہا کی پاکستان ڈیجیٹل ٹی وی بڑی خبروں کا مرکز ہے۔ جیسا کہ وہ ایک پاکستانی زاویے سے دیکھی جاتی ہیں۔