پاک بحریہ کے زیر اہتمام امن مشق 2025ء اختتام پذیر
اشاعت کی تاریخ: 11th, February 2025 GMT
امن مشق 2025ء میں تقریبا 60 ممالک نے اپنے بحری جنگی جہازوں، ایئر کرافٹ، میرینز، اسپیشل آپریشن فورسز اور بڑی تعداد میں مبصرین کے ساتھ حصہ لیا۔ اسلام ٹائمز۔ پاک بحریہ کے زیر اہتمام کثیرالقوامی مشق امن 2025ء شمالی بحیرہ عرب میں انٹرنیشنل فلیٹ ریویو کے شاندار انعقاد کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق امن مشق 2025ء میں تقریبا 60 ممالک نے اپنے بحری جنگی جہازوں، ایئر کرافٹ، میرینز، اسپیشل آپریشن فورسز اور بڑی تعداد میں مبصرین کے ساتھ حصہ لیا۔ انٹرنیشنل فلیٹ ریویو میں پاک بحریہ اور غیر ملکی بحری جنگی جہازوں کی جانب سے امن فارمیشن کا شاندار مظاہرہ کیا گیا۔ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔ پاک بحریہ کے جہاز معاون آمد پر چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے مہمان خصوصی کا استقبال کیا، اس موقع پر گورنر سندھ کامران ٹیسوری، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور وفاقی وزیر برائے سمندری امور بھی موجود تھے۔
علاوہ ازیں، شریک ممالک کے سفیروں، ہائی کمشنرز، غیر ملکی بحری افواج کے سربراہان، سینئر ملٹری آفیسرز، دفاعی اور نیول اتاشی بھی اس تقریب میں شریک تھے۔ مہمان خصوصی نے انٹرنیشنل فلیٹ ریویو کے دوران مختلف آپریشنل مشقوں کا مظاہرہ دیکھا۔ فلیٹ ریویو میں پاکستان نیوی، پاکستان ایئر فورس اور شریک غیر ملکی طیاروں کا شاندار فلائی پاسٹ بھی پیش کیا گیا۔ فلائی پاسٹ کے بعد مشق میں حصہ لینے والے بحری جہازوں کی جانب سے مین اینڈ چیئر شپ کا مظاہرہ کیا گیا۔ مشق کا اختتام روایتی امن فارمیشن کی تشکیل کے ساتھ ہوا جو بحری تحفظ کیلئے اجتماعی عزم کی علامت ہے۔
مہمان خصوصی نے امن 2025ء کی کامیاب میزبانی پر پاک بحریہ کو مبارکباد دی اور امن کے فروغ کیلئے پاکستان کے عزم کو سراہا۔ آرمی چیف نے میری ٹائم سیکیورٹی میں تعاون کے عزم کا اظہار کرنے پر شریک علاقائی و عالمی بحری افواج کا شکریہ ادا کیا اور اس بات پر زور دیا کہ امن 2025ء ایک ایسا فورم بن کر سامنے آیا ہے، جس نے تمام عالمی جغرافیائی طاقتوں کو “محفوظ سمندر ،خوشحال مستقبل“ کے مشترکہ مقصد کے تحت جمع کیا۔ علاوہ ازیں مشق کے ساتھ منعقد ہونے والے پہلے امن ڈائیلاگ نے دنیا بھر سے آئی بحری قیادت کو بحری مسائل پر باہمی بات چیت کا موقع فراہم کیا۔
ذریعہ: Islam Times
پڑھیں:
چیف آف دی نیول اسٹاف اسکواش چیمپئن شپ کامیابی سے اختتام کو پہنچی
ٹاپ سیڈ ناصر اقبال نے تیسری چیف آف دی نیول اسٹاف آل پاکستان اسکواش چیمپئن شپ جیت کر اپنے اعزاز کا کامیاب دفاع کیا۔ پی این روشن خان جہانگیر خان اسکواش کمپلیکس میں منعقدہ چیمپئن شپ کے فائنل میں ناصر اقبال نے سیکنڈ سیڈ طیب اسلم کو 1-3 سے شکست دی۔ ویمنز ایونٹ کے فائنل میں پشاور کی ماہ نور علی نے اپنی بڑی بہن سحرش علی کو 0-3 سے شکست دی۔ چیمپئن شپ کے اختتام پر کھلاڑیوں میں 20 لاکھ روپے کی مجموعی انعامی رقم تقیسم کی گئی۔ اختتامی تقریب میں مہمان خصوصی پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف نے انعامات تقسیم کیے۔ کموڈور مدثر خورشید نے استقبالیہ کلمات ادا کیے۔ تقریب میں کمانڈر کراچی فیصل عباسی، اسکواش لیجنڈ جہانگیر خان، اولمپیئن سمیع اللہ خان و دیگر بھی موجود تھے۔