بھاری گاڑیوں کے اوقات کار،ٹرانسپورٹرز کی سینئر وزیر اور وزیرداخلہ سے ملاقات
اشاعت کی تاریخ: 15th, February 2025 GMT
کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی میں ٹرانسپورٹرز کے مختلف ایسوسی ایشنز پر مشتمل وفد نے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی قیادت میں وزیر داخلہ ضیا الحسن لنجار اور وزیر ایکسائز مکیش کمار چاولہ سے ملاقات کی۔ وفد نے شہر میں ٹرانسپورٹ کے مسائل سے آگاہ کیا۔ ملاقات میں سیکرٹری ایکسائز محمد سلیم راجپوت، سیکرٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، کمشنر کراچی حسن نقوی، سی سی پی او جاوید عالم اڈھو، ڈی آئی جی ٹریفک اور دیگر حکام شریک تھے ٹرانسپورٹرز نے شہر میں داخلے کی مخصوص اوقات کار پر عائد پابندیوں پر اپنی مشکلات بیان کیں۔ سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے بتایا کہ حکومت نے بھاری گاڑیوں کے داخلے کے اوقات میں ایک گھنٹہ اضافے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت اب گاڑیاں رات 10 بجے سے صبح 6 بجے تک شہر میں داخل ہو سکیں گی۔ انہوں نے کہا کہ تمام بھاری گاڑیوں کی رجسٹریشن اور فٹنس سرٹیفکیٹ لازمی قرار دیا گیا ہے۔ وزیر داخلہ ضیا الحسن لنجار نے ٹرانسپورٹرز سے کہا کہ وہ ٹریفک میں خلل ڈالنے والے اقدامات سے گریز کریں اور عوام کو پریشانی سے بچائیں۔ ٹرانسپورٹرز نے حکومتی اقدامات کی تعریف کی اور یقین دلایا کہ وہ اپنی گاڑیوں کی رجسٹریشن اور فٹنس سرٹیفکیٹ کے حوالے سے حکومتی پالیسی پر عمل کریں گے۔ وفد میں لیاقت محسود، حاجی مقصود محسود، حاجی یوسف، حاجی خیر الزمان محسود، طارق گجر، حاجی بادشاہ خان محسود، ملک یاسین نیازی، جان عالم محسود، حاجی عمر دراز باجوڑی، عبدالحمد بنگش، حاجی طور خان، سردار سلامت، کفیل خان اور دیگر شامل تھے۔
.ذریعہ: Jasarat News
پڑھیں:
اسحٰاق ڈار واشنگٹن پہنچ گئے
دفتر خارجہ کے مطابق اسحٰاق ڈار دورہ امریکا کے دوران امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے ملاقات کریں گے جو آج محکمہ خارجہ میں ہو گی۔ اسلام ٹائمز۔ ڈپٹی وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار واشنگٹن ڈی سی پہنچ گئے، جہاں پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ اور سفارتخانے کے سینئر حکام نے ان کا استقبال کیا۔ دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار دورہ امریکا کے دوران امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے ملاقات کریں گے جو آج محکمہ خارجہ میں ہو گی۔ ملاقات میں پاک امریکہ تعلقات کے مختلف پہلوؤں پر گفتگو کی جائے گی، خصوصاً تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کو فروغ دینے پر توجہ مرکوز رکھی جائے گی۔ اس موقع پر دونوں رہنما باہمی دلچسپی کے علاقائی و عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔ اسحاق ڈار اپنے دورہ واشنگٹن کے دوران معروف امریکی تھنک ٹینک دی اٹلانٹک کونسل میں بھی خطاب کریں گے، جہاں وہ پاکستان کا مؤقف، خطے کی صورتحال اور پاک امریکہ تعلقات کے مستقبل پر روشنی ڈالیں گے۔