Express News:
2025-11-05@01:38:50 GMT

دہشت گردی کا ناسور

اشاعت کی تاریخ: 17th, February 2025 GMT

سیکیورٹی فورسز نے صوبہ خیبر پختونخوا میں 2 آپریشنز کے دوران 15خوارج کو جہنم واصل کردیا۔ ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے ہتھالہ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا، جس کے نتیجے میں 9 خوارج کو ہلاک کردیا گیا جب کہ شمالی وزیرستان کے ضلع میران شاہ میں کیے گئے ایک اور آپریشن میں فورسز نے چھے خوارج کو ہلاک کیا، تاہم شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران اکیس سالہ لیفٹیننٹ محمد حسن اشرف اپنے دستوں کی فرنٹ سے قیادت کرتے ہوئے انتہائی بہادری سے لڑے اور اپنے تین جوانوں کے ساتھ شہادت کو گلے لگا لیا۔

 درحقیقت آرمی اور قانون نافذ کرنے والے ادارے خیبر پختون خوا کی گورننس میں موجود خامیوں کو روزانہ کی بنیاد پر اپنے شہیدوں کی قربانی سے پورا کر رہے ہیں۔ دہشت گردی کے واقعات میں زیادہ تر وہی شدت پسند ملوث ہیں جو صوبائی حکومت اور ٹی ٹی پی کے درمیان مذاکرات کے نتیجے میں واپس آئے ہیں۔

صوبے میں گزشتہ دو برس کے دوران کالعدم ٹی ٹی پی کی جانب سے پولیس اہلکاروں سمیت سیکیورٹی اداروں پر حملوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ جب کہ کچھ حملوں میں داعش کی افغانستان اور پاکستان شاخ ’داعش خراسان‘ کے ساتھ ساتھ حافظ گل بہادر کا شدت پسند گروہ بھی ملوث ہے۔ تین برس قبل تک ٹی ٹی پی اپنے اندرونی اختلافات اور دھڑے بندیوں کی وجہ سے کافی کمزور ہوگئی تھی اور وہ نئے شدت پسند بھرتی کرنے میں کافی حد تک ناکام رہی تھی، لیکن افغانستان میں طالبان حکومت کے آنے کے بعد سے ٹی ٹی پی ایک مضبوط قوت بن کر سامنے آئی ہے۔

پاکستان میں گزشتہ دو دہائیوں میں ٹی ٹی پی اور دیگر شدت پسند تنظیموں کی جانب سے دہشت گردی کی کارروائیوں میں ریموٹ کنٹرول دھماکے، آئی ای ڈیز، خود کش جیکٹس، کلاشنکوف سے فائرنگ اور بعض واقعات میں راکٹس کا استعمال کیا جاتا رہا ہے، مگر خیبر پختونخوا کے پولیس افسران کا کہنا ہے کہ ٹی ٹی پی کی جانب سے رات کے وقت پولیس اہلکاروں پر حملوں میں جدید اسلحہ استعمال کیا جا رہا ہے جن میں تھرمل امیجنگ اسکوپز کے ساتھ ساتھ نائٹ ویژن کے آلات شامل ہیں۔

جن کی مدد سے رات کے اندھیرے کے باوجود دور سے ہدف کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔ ٹی ٹی پی کے شدت پسندوں کے ہاتھوں یہ جدید ہتھیار افغانستان سے امریکی افواج کے انخلا کے بعد لگے ہیں۔ گو صوبے کے کچھ جنوبی اضلاع میں پولیس کو بھی تھرمل اسکوپز جیسا جدید اسلحہ فراہم کردیا گیا ہے مگر یہ تعداد کافی کم ہے۔ 2014میں ٹی ٹی پی کے خلاف آپریشن میں پاکستان کو امریکا اور دیگر مغربی ممالک کی مدد حاصل تھی جو پاکستانی اداروں کے ساتھ انٹیلی جنس اور ٹیکنالوجی شیئرنگ بھی کرتے رہے تھے۔ ٹی ٹی پی کے بانی بیت اللہ محسود سے لے کر آخری سربراہ ملا فضل اللہ تک گروہ کے تمام سربراہوں کو ہلاک کرنے میں امریکی ڈرونزکا کلیدی کردار تھا جس سے شدت پسند گروہ کو کمزور کرنے میں کافی مدد ملی تھی مگر دہشت گردی کی اس نئی جنگ میں پاکستان اکیلا کھڑا ہے۔

اس مشکل صورتِ حال میں پولیس فورس کا مورال بلند کرنے کی ضرورت ہے۔ اگست 2021 میں افغانستان میں طالبان کے حکومت سنبھالنے کے بعد پاکستان میں دہشت گردی کی ایک نئی لہر دیکھی گئی، جس میں حالیہ عرصے میں خاصی تیزی آئی ہے۔ پاکستان کی جانب سے افغانستان کے ساتھ یہ مسئلہ مستقل بنیادوں پر اٹھایا جا رہا ہے مگر افغان عبوری حکومت اس سلسلے میں اپنی ذمے داریاں ادا کرنے میں ناکام ثابت ہوئی ہے۔ دہشت گردانہ کارروائیوں میں افغان سرزمین کا استعمال ایک ناقابلِ تردید حقیقت ہے۔ طالبان کا یہ اقدام دوحہ معاہدے کی بھی خلاف ورزی ہے جس میں ان کی جانب سے یقین دلایا گیا تھا کہ وہ افغانستان کو دہشت گردوں کی آماجگاہ نہیں بننے دیں گے۔

اس تشویشناک مسئلے کو مغربی ہمسایہ ملک کے ساتھ دوبارہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔ پاکستان میں امن و امان کی خرابی کی بہت سی وجوہات ہیں جن میں پہلی وجہ دہشت گردوں کی سرحد سے باہر کارروائیوں کی صلاحیت میں اضافہ، دوسری کالعدم ٹی ٹی پی کی سرحدی نقل و حمل میں آسانی، تیسری ٹی ٹی پی کی دوسرے دہشت گرد گروپوں سے گٹھ جوڑ میں اضافہ اور مشترکہ کارروائیاں کرنا ہے۔ اس کے علاوہ اہم وجہ افغانستان سے امریکی انخلا کے بعد امریکا کا چھوڑا گیا خطرناک اسلحہ ہے۔ اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ پاکستان میں حملے کرنے والے دہشت گرد گروپوں کو غیر ملکی خفیہ اداروں کی مالی اور عسکری مدد حاصل ہے اور اس کا ثبوت بھارتی وزیر کا پاکستان میں کارروائیوں میں مدد کا اعتراف ہے۔

بھارت چین کے ون بیلٹ ون روڈ انشیٹیو منصوبے میں شمولیت سے انکار کے علاوہ عالمی سطح پر سی پیک منصوبے کی مخالفت بھی کر رہا ہے۔ بھارت کیونکہ کسی طور پر سی پیک منصوبے کی تکمیل نہیں چاہتا، اس لیے بلوچستان میں سی پیک منصوبوں اور چینی ماہرین پر حملے کرنے والوں کو لاجسٹک سپورٹ فراہم کر رہا ہے۔ بھارت سی پیک پر حملے ہی نہیں کروا رہا بلکہ دہشت گردی کے واقعات میں اضافے کے ذریعے پاکستان اور پاکستان کے باہر کے سرمایہ کاروں میں خوف و ہراس پیدا کرنا چاہتا ہے تاکہ پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری اور پاکستان کو معاشی طور پر مستحکم ہونے سے روکا جا سکے۔ پاکستان گزشتہ دو دہائیوں بالخصوص افغانستان سے امریکی انخلا کے بعد تنہا اپنے وسائل کے ساتھ دہشت گردوں سے برسر پیکار ہے۔

المیہ یہ ہے کہ ہمارے ہاں اس مخصوص سوچ سے نمٹنے کی سعی نہیں کی گئی، اس سوچ کے مقابل متبادل بیانیہ پیش نہیںکیا گیا اور جس نے بھی اس نوع کی کاوش کی اسے راستے سے ہٹا دیا گیا، کیونکہ ان کے نظریے کو عوام و خواص میں قبولیت کی نگاہ سے دیکھا گیا اور یوں طالبان کو ان سے خطرہ لگا کہ ان کی وجہ سے لوگوں کے سامنے ان کا چہرہ بے نقاب ہوا، اور حکومت کا المیہ یہ رہا کہ وہ اس طرح کے جرات مندانہ اقدام کرنے والوں کی حفاظت نہ کرسکی۔

اس پس منظر میں ریاست کو اپنی ذمے داریوں سے واقفیت رکھنا اور ان سے عہدہ برآ ہونا بہت ضروری ہے اگر ریاست اپنی ذمے داریاں صحیح معنوں میں انجام دے تو بہتری یقینی ہے البتہ اگر حکومت اپنے فرائض میں کوتاہی کا شکار ہے تو یہ کہنا درست نہیں کہ ہماری ریاست ہی سرے سے غیر اسلامی ہے۔ دہشت گردوں کا صفایا کرنے کے علاوہ ان اسباب کا خاتمہ بھی ضروری ہے جو اس کے فروغ میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔ غربت، بے روزگاری اور جہالت کو جڑ سے اکھاڑے بغیر دہشتگردی کے عفریت سے پوری طرح نہیں نمٹا جا سکتا۔

جس ملک میں غریب لوگ اپنے جسمانی اعضا اور بچوں کو فروخت کرنے پر مجبور ہو جائیں، بیوی بچوں کو ہلاک کرکے خودکشی جیسے حرام فعل کے مرتکب ہوں اور جہاں اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوان بھی رشوت اور بھاری بھر کم سفارش کے بغیر ملازمت حاصل کرنے سے محروم ہیں وہاں دہشت گردی تیزی سے فروغ پاتی ہے۔

یہی غریب لوگ اور بے روزگار نوجوان دہشت گردوں کے لیے نرم چارہ ثابت ہوتے ہیں۔ جہالت صرف یہی نہیں ہے کہ کسی کے پاس کتابی علم یا تعلیمی اسناد نہ ہوں، بلکہ اصل جہالت یہ ہے کہ ان سب کے ہوتے ہوئے بھی کوئی شخص تربیت اور شعور سے محروم ہو۔ پاکستان میں دینی و دنیاوی تعلیم کے اداروں کی کوئی کمی نہیں ہے۔ جہاں تعلیم کے حصول کا واحد مقصد اچھا روزگار اور اعلیٰ عہدے حاصل کرنا ہے۔ نوجوانوں میں اسلام اور انسانیت کی تعلیم عام کی جائے تو وہ موجودہ صورتحال سے مایوس ہو کر دہشت گردی اور خودکش حملوں کو اپنی نجات اور جنت کا شارٹ کٹ دکھانے والوں کے جھانسے میں کبھی نہیں آئیں گے۔

اس سلسلے میں حکومت اور علماء کی دوطرفہ ذمے داری ہے کہ وہ تمام مصلحتوں کو ایک طرف رکھ کر نوجوانوں کو صحیح تعلیم و تربیت سے آراستہ کریں اور ان کے خاندان کی گزر بسر کے لیے مناسب وسیلہ روزگار بھی فراہم کریں۔ ان دو امور کی طرف ضروری توجہ دیے بغیر ملک سے دہشت گردی کا قلع قمع نہیں کیا جا سکتا۔ یہ بات بار بار کہی جاتی ہے کہ پاکستان میں دہشت گردی کے فروغ میں امریکا، بھارت اور اسرائیل کا ہاتھ ہے جو غلط بھی نہیں لیکن اس پر غور کرنے کی پہلی بات تو یہ ہے کہ سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات اور دعوؤں کے تناظر میں ان ملکوں کے ایجنٹ اور ہتھیار پاکستان میں کیسے آجاتے ہیں؟ اسباب دور کر دیے جائیں تو خطرناک نتائج برآمد نہیں ہونگے۔ وفاقی حکومت کا یہ فیصلہ بالکل درست ہے کہ وہ اچھے برے طالبان کے چکر میں پڑے بغیر آخری دہشت گرد کی موجودگی تک ان کے خلاف کارروائی جاری رکھے گی۔

اس وقت ہماری فوج ہماری پولیس ہمارے ادارے یہاں تک کہ ہمارے بچے تک دہشت گردوں کے نشانے پر ہیں، جس طرح دہشت گردوں کا ایک ہی ایجنڈا ہلاکت و غارت گری ہے اور اس کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتے اسی طرح ہمیں بھی چاہیے کہ ہماری پوری قوم متحد و متفق اور ایک آواز ہو کر ان دہشت گردوں کا مقابلہ کریں ہم ان کو اپنے معاشرے میں اپنے گلی محلوں، ہوٹلوں، سرائے اور قیام گاہوں میں کہیں بھی ان سے تعاون و ہمدردی کا مظاہرہ نہ کریں اور ہمیں اس کا عملی مظاہرہ کرنا ہوگا۔

.

ذریعہ: Express News

کلیدی لفظ: پاکستان میں ٹی ٹی پی کی ٹی ٹی پی کے کی جانب سے کو ہلاک کے ساتھ گردی کے سی پیک

پڑھیں:

افغان دراندازی ناکام، 3 فتنہ الخوارج دہشگرد ہلاک،ترجمان پاک فوج

سیکیورٹی فورسز نے 2 علیحدہ علیحدہ کارروائیوں میں تین خوارج کو ہلاک کیا، ٹانک میں بھی افغان خوارج ہلاک ہوا

سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں افغان سرحد سے دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے بھارتی حمایت یافتہ گروہ فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، ہلاک ہونے والوں میں افغان سرحدی فورس کا اہلکار بھی شامل ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے 2 نومبر 2025 کو دو علیحدہ علیحدہ کارروائیاں کرتے ہوئے مؤثر اور کامیاب آپریشن کیے۔

سیکیورٹی فورسز نے کارروائیوں میں بھارتی پراکسی تنظیم فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے تین دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔ پہلی کارروائی میں شمالی وزیرستان کے علاقے عیشام کے بالمقابل پاک افغان سرحد کے قریب ایک گروہ کی مشکوک نقل و حرکت دیکھی جو سرحد عبور کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کو نشانہ بنایا، مؤثر اور درست نشانے پر مبنی فائرنگ کے نتیجے میں دو دہشت گرد ہلاک ہوئے، جن کا تعلق بھارتی پراکسی گروہ فتنہ الخوارج سے تھا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق مارے جانے والے ایک دہشت گرد کی شناخت “خارجی قاسم” کے نام سے ہوئی جو افغان نژاد اور افغان بارڈر پولیس کا اہلکار تھا۔

ایک اور انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران ضلع ٹانک میں سیکیورٹی فورسز نے فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے ایک اور دہشت گرد خارجی اکرام الدین عرف ابو دجانہ کو ہلاک کیا، جو افغان شہری تھا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ یہ واقعات پاکستان کے اندر دہشت گردی کی کارروائیوں میں افغان شہریوں کی مسلسل شمولیت کو ظاہر کرتے ہیں، پاکستان کئی بار عبوری افغان حکومت سے مطالبہ کر چکا ہے کہ وہ سرحدی نظم و نسق کو مؤثر بنائے اور اپنی سرزمین کو خوارج یا دہشت گرد عناصر کے استعمال سے روکے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں آپریشن کلین اپ کا آغاز کر دیا ہے تاکہ کسی بھی بھارتی سرپرستی یافتہ خوارج کو تلاش کر کے ختم کیا جا سکے۔

سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے “عزمِ استحکام” کے ویژن کے تحت دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک اپنی انسدادِ دہشت گردی کی مہم پوری قوت سے جاری رکھیں گے اور ملک کے دفاع اور سرحدوں کی حفاظت کے لیے پرعزم ہیں۔

صدر مملکت اور وزیراعظم کا سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے خیبر پختونخوا میں دہشت گردوں کی دراندازی ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی پشت پناہی یافتہ فتنہ الخوارج کو شکست دینا پاکستان کے امن و استحکام کے لیے ضروری ہے۔

آصف زرداری نے کہا کہ دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے پر قوم کو اپنی افواج پر فخر ہے۔ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک “عزمِ استحکام” کے تحت کارروائیاں جاری رہیں گی۔

انہوں نے کہا ہک پاکستان اپنے دفاع، خودمختاری اور سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا، دعا ہے کہ الّلہ وطنِ عزیز کو دہشت گردی اور ہر فتنے سے محفوظ رکھے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان اور ضلع ٹانک میں فتنتہ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف الگ الگ کامیاب کاروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین کی۔

وزیراعظم نے آپریشنز میں فتنتہ الخوارج کے 3 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی پزیرائی، دہشت گردی کے خلاف عزم استحکام میں پوری قوم سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے پر عزم ہیں۔

متعلقہ مضامین

  • خدیجہ شاہ سمیت 4 ملزمان کیخلاف اشتہاری قرار دینے کی کارروائی کا حکم
  • وال چاکنگ پر اب دہشت گردی کے مقدمات درج ہوں گے
  • قلات میں سیکورٹی فورسز کا آپریشن:بھارتی حمایت یافتہ فتنۃ الہندوستان کے 4 دہشت گرد ہلاک
  • فوج سیاست میں نہیں الجھنا چاہتی‘غزہ میں امن فوج بھیجنے کا فیصلہ پارلیمنٹ کرے گی‘تر جمان پاک فوج
  • افغان دراندازی ناکام، 3 فتنہ الخوارج دہشگرد ہلاک،ترجمان پاک فوج
  • انسدادِ دہشت گردی عدالت نے علیمہ خان کے ساتویں مرتبہ وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے
  • انسداد دہشت گردی عدالت سے علیمہ خان کے ساتویں مرتبہ وارنٹ گرفتاری جاری
  • سرحد پار دہشت گردی ، فیصلہ کن اقدامات جاری رکھیں گے، وزیر دفاع
  • سرحد پار دہشت گردی کیخلاف فیصلہ کن اقدامات جاری رہیں گے، وزیر دفاع
  •  بدقسمتی سے اسمبلی فورمز کو احتجاج کا گڑھ بنا دیا گیا : ملک محمد احمد خان