سمندر کے راستے شہریوں کو یورپ بھجوانے میں ملوث منظم گینگ بے نقاب
اشاعت کی تاریخ: 17th, February 2025 GMT
فیڈرل انویسٹیگیشن ایجنسی ( ایف آئی اے ) نے کراچی ائیرپورٹ پرکارروائی کرتے ہوئے بیرون ملک سے آنے والے 5 مسافروں کو تحویل میں لے لیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق موریطانیہ سے کراچی پہنچنے والے 5 مسافروں کی شناخت سمیع اللہ داؤد اقبال ، مرتضیٰ خان، شاہ ولی اور ارشد کے نام سے ہوئی۔ مسافروں کا تعلق حافظ آباد، گجرانوالہ اور سوات سے ہے۔
ایجنٹوں نے مسافروں سے بالترتیب 25 اور 35 لاکھ روپے فی کس کے عوض یورپ پہنچانے کے معاملات طے کیے تھے۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق مسافر دبئی، سعودی عرب اور قطر کے راستے موریطانیہ پہنچے تھے۔ موریطانیہ پہنچنے پر ایجنٹوں نے مسافروں کو غیر قانونی طور یورپ بھجوانے کی کوشش کی۔ مسافروں نے سمندر کے راستے غیر قانونی طور پر سفر کرنے سے انکار کردیا اور واپس آگئے۔ ایجنٹوں کا تعلق پنجاب کے مختلف علاقوں سے ہے۔ مسافروں سے مزید پوچھ گچھ جاری ہے۔ ایجنٹوں کی نشان دہی کے لیے مسافروں کو انسداد انسانی اسمگلنگ سرکل کراچی منتقل کردیا گیا۔
ڈائریکٹر ایف آئی اے کراچی زون کے مطابق غیر قانونی سفری دستاویزات کی سخت جانچ پڑتال جاری ہے۔ ایجنٹوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری ہیں۔ انسانی اسمگلنگ میں ملوث نیٹ ورکس کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن جاری ہے۔ ایجنٹوں کے جھانسے میں نہ آئیں اور بیرون ملک سفر کے لیے قانونی راستے اختیار کریں۔ ذاتی دستاویزات کسی غیر متعلقہ شخص کے حوالے نہ کریں۔
.ذریعہ: Express News
پڑھیں:
کراچی میں ٹریفک پولیس کی آگاہی مہم، یکم اکتوبر سے ای چالان کیے جائیں گے
کراچی ٹریفک پولیس اور لوک سہائتہ کے اشتراک سے روڈ سیفٹی اور فیس لیس ای ٹکٹنگ کے حوالے سے ایک جامع آگاہی مہم کا آغاز کیا گیا ہے۔ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق اس مہم کا مقصد شہریوں کو ٹریفک قوانین کی اہمیت اور ایک جدید، خودکار چالان نظام سے متعلق مکمل آگاہی فراہم کرنا ہے۔یکم اکتوبر 2025 سے فیس لیس ای چالان سسٹم باضابطہ طور پر فعال کیا جا رہا ہے، جس کے تحت ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر چالان جدید کیمروں کی مدد سے کیا جائے گا اور بغیر کسی مداخلت یا سفارش، ثبوت کے ساتھ شہریوں کے گھروں پر ارسال کیا جائے گا۔اس جدید نظام کے تحت شہر بھر میں نصب جدید سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے ٹریفک قوانین کی خودکار نگرانی کی جائے گی، خلاف ورزی کی صورت میں تصویری یا ویڈیو ثبوت کے ساتھ چالان جاری ہوگا۔شہریوں کو شفاف، منصفانہ اور مؤثر قانون نافذ کرنے کا ایک نیا تجربہ فراہم کیا جائے گا۔ آگاہی مہم کے دوران شہر کے مختلف اہم مقامات، بالخصوص ٹریفک سگنلز پر شہریوں میں آگاہی پمفلٹس تقسیم کیے جا رہے ہیں۔رضاکار، لیڈی کانسٹیبلز اور تعلیمی اداروں کے طلباء ٹریفک پولیس کے ساتھ مل کر شہریوں کو آگاہ کر رہے ہیں۔ ٹریفک قوانین کی پابندی، روڈ سیفٹی اور نظام میں شفافیت کی اہمیت کو اجاگر کیا جا رہا ہے۔ یہ اقدام کراچی شہر کو زیادہ محفوظ، منظم اور قانون پسند بنانے کی جانب ایک انقلابی قدم ہے۔ترجمان کا کہنا ہے کہ آپ کے سفر میں ہمسفر، کراچی ٹریفک پولیس۔