خوبصورت سڑکیں دیکھنے لاہور ضرور آئیں‘ ٹریفک حادثات پر سندھ اور پنجاب حکومت آمنے سامنے
اشاعت کی تاریخ: 18th, February 2025 GMT
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) سندھ اورکراچی میں ہونے والے ٹریفک حادثات پر سندھ اور پنجاب حکومت آمنے سامنے آگئے۔ سیہون میں ہونے والے حادثے پر پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کے بیان پر ردعمل میں سینئر صوبائی وزیر شرجیل میمن نے کہا کہ عظمیٰ بخاری نے سیہون حادثے پر سیاست کرنے کی کوشش کی، پنجاب کی وزیر اطلاعات صاحبہ کو حقائق کا پتا نہیں، جس روڈ کی بات کی جارہی ہے وہ نیشنل ہائی وے ہے، یہ ن لیگ کی وفاقی حکومت کی نااہلی ہے جو یہ روڈ مکمل نہ کرسکی، پنجاب کی وزیر صاحبہ جب بیان دیتی ہیں تو سوچ لیں کہ جواب آئے گا۔ دوسری جانب عظمیٰ بخاری نے شرجیل میمن کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ آئینہ ان کو دکھایا تو برا مان گئے، صوبائیت کارڈ کھیلنا آپ کی پرانی عادت ہے، سندھ میں تمام بڑے پروجیکٹ وفاق کی مدد سے چل رہے ہیں، مسلسل شعلہ انگیزیاں آپ اور آپ کے لوگ کررہے ہیں۔ عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ سندھ میں جانور بندھے اسکولوں اور ٹرانسپورٹ کا رونا سالوں سے لوگ رو رہے ہیں، اپنی حکومت کی 16 سال کی کارکردگی اور مریم نواز کی ایک سال کی کارکردگی کا جب دل چاہے معائنہ کرلیں، جو جماعت 16 سال سے کراچی کا کچرا نہیں اٹھا سکی وہ ہمیں لیکچر نہ دے، اگر آپ کو کبھی صفائی اور خوبصورت سڑکیں دیکھنے کا شوق ہو تو لاہور لازمی چکر لگائیں۔
.ذریعہ: Jasarat News
پڑھیں:
پنجاب حکومت کو گندم کی قیمتیں مقرر کرنے سے متعلق بنائے گئے قانون پر عملدرآمد کا حکم
لاہور ہائی کورٹ نے گندم کی قیمت مقرر نہ کیے جانے کے خلاف دائر درخواست پر فیصلہ سنادیا۔
عدالت نے پنجاب حکومت کو قیمتوں کےتعین سے متعلق بنائے گئے قانون پر عمل درآمد کا حکم دے دیا۔
عدالتی فیصلے میں محکمہ زراعت کی گندم کے فی من اخراجات کی رپورٹ کو شامل کیا گیا ہے جس کے مطابق فی من گندم کی لاگت 3 ہزار 533 روپے ہے۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ سرکاری اداروں نے سیزن کے دوران آئین کے تحت اپنا کردار ادا نہیں کیا اور نہ ہی اخراجات کو مدنظر رکھ کر فی من قیمت کا تعین کیاگیا۔
عدالت نے نشاندہی کی کہ سرکاری وکیل کے مطابق قیمتوں کے تعین کے لیے قانون بنا دیا گیا ہے تاہم کم زمین والے اور ٹھیکے پر کاشتکاری کرنے والوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
لاہور ہائیکورٹ نے فیصلے میں یہ بھی کہا کہ سرکاری اداروں نے تسلیم کیا ہے کہ گندم خوراک کا ایک بنیادی جزو ہے۔
یاد رہے کہ یہ درخواست صدر کسان بورڈ کی جانب سے 8 اپریل 2025 کو دائر کی گئی تھی جس میں وفاقی اور پنجاب حکومت سمیت دیگر اداروں کو فریق بنایا گیا تھا۔