لوئر کرم: آپریشن میں مزید 18 مشتبہ افراد زیرِ حراست
اشاعت کی تاریخ: 21st, February 2025 GMT
—فائل فوٹو
ضلع کرم میں لوئر کرم کے علاقوں بگن، مندوری، اوچت سمیت و دیگر میں پولیس اور سیکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران مزید 18 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔
ریجنل پولیس آفیسر کوہاٹ ریجن کے مطابق قافلے پر حملے، اشیائے خور و نوش کی لوٹ مار اور جلاؤ گھیراؤ کرنے والوں کے خلاف آپریشن جاری ہے۔
آپریشن میں اب تک 18 دہشت گردوں اور 12 سہولت کاروں سمیت گرفتار ہونے والوں کی تعداد 48 ہو گئی ہے۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کی نگرانی میں ایک کمیٹی بھی قائم ہے۔
آر پی او کے مطابق صوبائی حکومت نے جن دہشت گردوں کی سر کی قیمت مقرر کی ہے ان کی گرفتاری کے لیے پہاڑی علاقوں میں بھی آپریشن کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ لوئر کرم کے مختلف علاقوں میں گھر گھر تلاشی بھی لی جا رہی ہے۔
آر پی او نے یہ بھی بتایا ہے کہ کوہاٹ پارا چنار روڈ کو محفوظ بنانے کے لیے پولیس اور فورسز اپنی بھر پور کوشش کر رہی ہیں۔
.ذریعہ: Jang News
پڑھیں:
جنوبی وزیرستان میں پولیو ٹیم پرحملہ‘ کانسٹیبل شہید ‘ دہشتگرد ہلاک
اسلام آباد‘ پشاور‘ وارسک ( خبر نگار خصوصی‘ اپنے سٹاف رپورٹر سے‘ نوائے وقت رپورٹ) جنوبی وزیرستان میں انسداد پولیو ٹیم پر حملے میں کانسٹیبل شہید ہو گیا جبکہ جوابی کارروائی میں ایک دہشتگرد ہلاک ہوگیا۔ واقعہ جنوبی وزیرستان کے علاقے اعظم وارسک میں پیش آیا۔ پولیس کے مطابق دہشت گردوں نے انسداد پولیو ٹیم اور اس کی سکیورٹی پر مامور پولیس ٹیم پر بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا جس پر پولیس نے جوابی فائرنگ کی۔ مقابلہ نصف گھنٹے تک جاری رہا۔ ہلاک دہشت گرد کی شناخت افنان کے نام سے ہوئی۔ دو شناختی کارڈز، تین اے ٹی ایم کارڈز اور موبائل فون برآمد ہوا۔ جبکہ فرار ہوئے دہشت گردوں سے ایک ایس ایم جی، راکٹ لانچر اور دو موٹر سائیکلیں برآمد ہوئیں۔ وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے کانسٹیبل کی شہادت پر اظہار افسوس کیا۔