پاک بھارت ٹاکرا: کوہلی کی سنچری، بھارت نے پاکستان کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی
اشاعت کی تاریخ: 23rd, February 2025 GMT
دبئی(سپورٹس ڈیسک)چیمپئنز ٹرافی کے ہائی وولٹیج میچ میں ویرات کوہلی کی شاندار سنچری کی بدولت بھارت نے پاکستان کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔
242 رنز کا ہدف بھارت نے 43 اوور میں 4 وکٹ کے نقصان پر پورا کرلیا۔
بھارت کے پہلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی کپتان روہت شرما تھے جنہیں شاہین آفریدی نے بولڈ کیا، روہت شرما 20 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ان کے بعد شبمن گل 46 رنز بنا کر ابرار کے ہاتھوں بولڈ ہوگئے۔
شریاس ایئر 56 رنز بناکر کیچ آؤٹ ہوئے، انہیں خوشدل شاہ نے آؤٹ کیا۔ ہاردیک پانڈیا 8 رنز بناکر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
اس سے قبل دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں قومی ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
پاکستان کی پوری ٹیم 49 اعشاریہ 4 اوورز میں 241 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
پاکستان کو پہلا نقصان 41 رنز پر بابر اعظم کی صورت میں اٹھانا پڑا جو 23 رنز بناکر ہاردک پانڈیا کی گیند کا شکار بنے، اس کے بعد امام الحق 10 رنز بناکر رن آؤٹ ہوگئے۔
محمد رضوان 46 رنزبناکرآؤٹ ہوئے جبکہ سعود شکیل 62 رنزبناکر پویلین لوٹے، طیب طاہر 4 اور سلمان آغا 19 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
ان کے بعد آنے والے شاہین آفریدی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے، نسیم شاہ نے 14 رنز کی اننگز کھیلی، خوشدل شاہ نے 38 اور حارث رؤف نے 8 رنز بنائے۔
ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان محمد رضوان کا کہنا تھا کہ ہماری ٹیم آج کے میچ میں اچھی کارکردگی دکھائے گی، ٹیم میں ایک تبدیلی ہے ، فخرزمان کی جگہ امام الحق کو شامل کیا گیا ہے، محمد رضوان نے کہا کہ اسکور بورڈ پر اچھا ٹوٹل سجائیں گے۔
پاکستان کی پلیئنگ الیون میں بابراعظم ، امام الحق ، سعود شکیل ، محمد رضوان، سلمان آغا، طیب طاہر، خوشدل شاہ، ابرار احمد ، نسیم شاہ ، شاہین آفریدی اور حارث رؤف شامل تھے۔
پاکستان کی امیدیں اگر مگر سے جڑ گئیں
خیال رہے کہ اس سے قبل پاکستان نیوزی لینڈ کے خلاف اپنا افتتاحی میچ ہار چکا ہے جب کہ بھارتی ٹیم کو افغانستان کے خلاف کامیابی ملی تھی۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے اگلے راؤنڈ تک جانے کا سفر مشکل ہوچکا ہے، لیکن یہ اب بھی ناممکن نہیں۔ نیوزی لینڈ اور بھارت کے خلاف دو لگاتار شکستوں کے بعد پاکستان کی سیمی فائنل تک رسائی کے امیدیں اب صرف اگر مگر کے تکنیکی امکان پر ٹکی ہوئی ہیں۔ تاہم اس کے لیے باقی میچز کے نتائج پر انحصار کرنا پڑے گا۔
پاکستان کو اب اپنا اگلا میچ 27 فروری کو بنگلا دیش کے خلاف راولپنڈی میں بڑے مارجن سے جیتنا ہوگا۔ اس کے ساتھ ساتھ نیوزی لینڈ کو اپنے دونوں میچز میں بھاری مارجن سے ہارنا ہوگا، تب ہی پاکستان کی ٹیم ٹورنامنٹ میں آگے بڑھنے کا موقع حاصل کر سکتی ہے۔
پیر کو نیوزی لینڈ اور بنگلا دیش کے درمیان راولپنڈی میں ہونیوالا مقابلہ پاکستانی فینز کےلیے اہم ہوگا۔ اگر نیوزی لینڈ یہ میچ جیت جاتا ہے یا میچ بارش کی وجہ سے واش آؤٹ ہو جاتا ہے تو پاکستان کی ٹیم آفیشلی ٹورنامنٹ سے باہر ہو جائے گی لیکن اگر بنگلا دیش یہ میچ جیت جاتا ہے تو پاکستان کی امیدیں برقرار رہیں گی۔
پاکستان اور بنگلا دیش کا میچ 27 فروری کو راولپنڈی میں کھیلا جائےگا جب کہ بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ 2 مارچ کو شیڈول ہے۔ پاکستان کی سیمی فائنل تک رسائی کے امیدیں بظاہر کم ہیں لیکن کرکٹ کے کھیل میں کچھ بھی اس وقت ناممکن نہیں جب تک اس کے ہونے کا امکان مکمل طور پر رد نہیں ہوجاتا اور پاکستانی ٹیم کے لیے امکان اب بھی موجود ہے۔
مزیدپڑھیں:ایبٹ آباد: معمولی تنازع خونی واقعہ میں بدل گیا، 2 افراد قتل، متعدد گھر نذرآتش
ذریعہ: Daily Ausaf
کلیدی لفظ: پاکستان کو محمد رضوان نیوزی لینڈ پاکستان کی بنگلا دیش رنز بناکر ا ؤٹ ہوئے کے خلاف ٹیم کے کے بعد
پڑھیں:
ساف انڈر 17 فٹبال چیمپئن شپ: پاکستان نے بھوٹان 0-4 سے شکست دیدی
ساف انڈر17چیمپئن شپ میں پاکستان نے فاتحانہ آغاز کر دیا۔محمد عبداللہ نے شاندار ہیٹرک کر کے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق سری لنکا کے شہر کولمبو میں شروع ہونے والی ساف انڈر 17 فٹبال چیمپئن شپ کے افتتاحی میچ میں پاکستان نے بھوٹان کو 4 گول سے شکست دے دی۔
گروپ بی کے میچ میں پاکستان کو پہلے ہاف کے اختتام تک 0-2 کی سبقت حاصل تھی۔ یہ دونوں گول محمد عبداللہ کے نام رہے۔ محمد عبداللہ نےکھیل کے 15ویں منٹ میں گول کرکے پاکستان کو ایک گول کی برتری دلوائی، 25ویں منٹ میں محمد عبداللہ نے گول داغتے ہوئے اسے 0-2 کی سبقت میں تبدیل کردیا۔
کھیل کے دوسرے ہاف میں بھی پاکستان حریف ٹیم پر حاوی رہا۔
حمزہ یاسر نے 67ویں منٹ میں گول کر کے پاکستان کو مزید سبقت دلوا کر مقابلہ 0-3 کردیا۔محمد عبداللہ نے3 منٹ بعد 70ویں منٹ میں گیند کو جال میں ڈال کر ہیٹ ٹرک مکمل کرتے ہوئے پاکستان کو 0-4 کی واضح برتری دلائی جو فیصلہ کن ثابت ہوئی۔
پاکستان اپنے دوسرے گروپ میچ میں جمعہ کو مالدیپ سے مقابلہ کرے گا۔گروپ مرحلے کے تیسرے اور آخری میچ میں پاکستان کا ٹکراؤ روایتی حریف بھارت سے ہوگا۔